امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے امن کو تباہ کیا ہے - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-02

امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے امن کو تباہ کیا ہے - نواز شریف

پاکستان میں نئی حکومت بنانے جارہے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما نواز شریف نے پاکستانی علاقہ میں امریکی ڈرون حملوں پر نکتہ چینی کی ہے۔ شریف نے کل ایک بیان جاری کرکے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے حملوں سے نہ صرف پاکستان کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔ دریں اثناء ان کی پارٹی کے ایک لیڈر چودھری نثار علی خان نے میڈیا کو بتایاکہ پارٹی نے امریکی ڈرون حملوں کو لے کر ایک قومی پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے بتایاکہ ڈرون حملوں پر وضع پالیسی کا اعلان کرنے سے قبل تمام فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ خان نے کہاکہ ڈرون حملے امن کے عمل میں خلل ڈالتے ہیں کیونکہ اس سے دہشت گردوں کو پھر سے منظم ہونے کی شہ ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں پر پالیسی کا اعلان کرنے سے قبل تمام فریقوں سے بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان طالبان کی جانب سے نئی حکومت کی امن مذاکرات کی پیشکش کو ٹھکرائے جانے کے بعد یہ بیان سامنے آیا ہے۔ چہارشنبہ کو امریکی ڈرون حملے میں اپنے دوسرے نمبر کے کمانڈر ولی الرحمن کے مارے جانے کے بعد پاکستان طالبان نے مذاکرات کی پیشکش ٹھکرادی تھی۔ میاں نواز شریف کی جماعت پاکستان لیگ کے میڈیا سیل کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "ڈرون حملہ نہ صرف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقدام بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہے"۔ بیان کے مطابق میاں نواز شریف کے ایک قریبی مشیر نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ سے ملاقات کی ہے اور انہیں حالیہ حملے کے بارے میں 5جون کو اقتدار سنبھالنے والے متوقع وزیراعظم کے جذبات سے آگاہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یکطرفہ اقدامات کے بجائے دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے میں قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ "میاں نواز شریف نے ڈرون حملے پر اپنی گہری تشویش اور شدید مایوسی کااظہار کیا ہے اور ان کے مشیر نے امریکی سفارت کار کو باور کرایا ہے کہ صدر بارک اوباما کی ڈرون حملوں سے متعلق تقریر کے بعد یہ حملہ بہت ہی افسوسناک ہے کیونکہ اس تقریر میں انہوں نے ڈرون ٹکنالوجی کو بروئے کار لاتے وقت زیادہ احتیاط کو یقینی بنانے کی بات کی تھی"۔ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد امریکی سی آئی اے کا پاکستانی علاقہ میں یہ پہلا مزائل حملہ تھا اور اس سے میاں نواز شریف اور دوسرے سیاسی قائدین کی جانب سے طالبان سے سلسلہ جنبانی شروع کرنے کیلئے کوششوں کو شدید دھکا پہنچا ہے۔ پاکستان کے سیاسی اور صحافتی حلقوں نے اس حملے پر مایوسی کااظہار کیا ہے۔

US drone strike has damaged peace process: PML-N

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں