تلنگانہ پر کانگریس کے موقف کا عنقریب اعلان متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-02

تلنگانہ پر کانگریس کے موقف کا عنقریب اعلان متوقع

کانگریس پارٹی امکان ہے کہ دیرینہ حل طلب حساس ترین مسئلہ تلنگانہ پر اپنے موقف کا بہت جلد اعلان کردے گی۔ پارٹی میں یہ احساس پیدا ہوتا جارہا ہے کہ اس حساس مسئلہ پر مسلسل التوا اور ٹال مٹول کی پالیسی کے نتیجہ میں پارٹی کے مفادات متاثر ہوتے جارہے ہیں اور پارٹی قائدین میں بھی ناراضگیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ کانگریس کے آج منعقدہ کور گروپ کے اجلاس میں علیحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے مطالبہ پر پارٹی نے جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں آندھراپردیش کی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جہاں اس کے 2 ارکان پارلیمنٹ اور ایک سینئر لیڈر کے کیشو راؤ نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی اور انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ ٹی آرایس علیحدہ ریاست کی تحریک چلارہی ہے۔ آندھراپردیش کانگریس امور کے نگران اور پارٹی جنرل سکریٹری مسٹر غلام نبی آزاد نے بھی آج کور گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ آندھراپردیش ان بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں پارٹی اپنے طورپر اقتدار میں ہے اور اس ریاست میں اچھی کارکردگی آئندہ انتخابات میں کانگریس کیلئے بہت معنی رکھتی ہے۔ پارٹی ذرائع نے تاہم کہاکہ ابھی تک پارٹی کی جانب سے اس مسئلہ پر کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ کانگریس نے ابھی اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کوئی قطعی وقت نہیں دیا ہے لیکن ایک سینئر لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اب کانگریس کیلئے وقت آگیا ہے کہ وہ تلنگانہ مسئلہ پر اپنے موقف کااظہارکردے۔ اس مسئلہ کو مزید التوا میں نہیں رکھا جاسکتا۔ ذرائع نے کہاکہ پارٹی کی جانب سے 10 جون سے شروع ہونے والے ریاستی اسمبلی اجلاس کے دوسرے مرحلہ کے اختتام کے بعد اپنے موقف کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ پارٹی کے 2ارکان پارلیمنٹ اور احیک سینئر لیڈر کی ٹی آرایس میں شمولیت سے قطع نظر چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی نے کہاکہ کسی کو بھی کسی بھی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا اختیار ہے لیکن تلنگانہ کے دیرینہ حل طلب مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کوئی وقت مقرر نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ ایک انتہائی حساس نوعیت کا مسئلہ ہے۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے بھی کل اس مسئلہ پر مسٹر کرن کمار ریڈی اور غلام نبی آزاد کے علاوہ اپنے سیاسی مشیر مسٹر احمد پٹیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا۔

Congress to declare Telangana stand soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں