بہار میں ٹرین پر نکسلائٹس کا حملہ - 3 ہلاک 5 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

بہار میں ٹرین پر نکسلائٹس کا حملہ - 3 ہلاک 5 زخمی

بہار میں نکسلائٹس سے متاثرہ جموئی ضلع میں ماؤیسٹوں نے ایک دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے پٹنہ جانے والی ایک ٹرین پر حملہ کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ تقریباً150 مسلح ماؤیسٹوں نے یہ کارروائی کی اور ٹرین پر حملہ کرتے ہوئے 3افراد کو ہلاک کردیا جن میں ایک سی آر پی ایف جوان بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 5افراد کو زخمی کردیا اور وہ مسافروں کو لوٹ کر ہتھیاروں کے ساتھ فرار ہوگئے۔ پولیس اور ریلوئے عہدیداروں نے کہاہک آر پی ایف جوان سکھنتھ ڈی سنگھ اور ایک مسافر اس حملہ میں ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بہار پولیس سب انسپکٹر ایک اے سی کوچ میں اس وقت مردہ پایا گیا جب دھنباد۔ پٹنہ انٹرسٹی ایکسپریس کیول اسٹیشن پر پہنچی تھی۔ ریلوئے کے چیف پی آر او نے یہ بات بتائی۔ کہا گیا ہے کہ 5افراد کے پی سنگھ (ٹرین گارڈ) منوج کمار سنگھ (جمال پور کا ریلوے ملازم) دھرمیندر ساہ(لکھی سرائے) پی کے ترپاٹھی(پٹنہ) اور ستیش کمار( مظفر پور) کو اس حملہ میں زخم آئے ہیں جنہیں کیول اسٹیشن پر ابتدائی طبی امداد پہنچائی گئی۔ کہا گیا ہے کہ منوج کمار سنگھ کی حالت تشویشناک ہے۔ تقریباً 150 ماؤیسٹوں نے جموئی اور مانن پور ریلوئے اسٹیشن کے مابین ٹرین کو زبردست رکوایا اور تقریباً نصف گھنٹے تک ٹرین پر بے دریغ فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے مسافرین کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر ایس کے بھرواج نے یہ بات بتائی۔ ماؤیسٹوں نے آر پی اے کے 2اہلکاروں سے ہتھیار بھی چھین لئے اور ٹرین کو وہاں سے جانے کی اجازت دے دی۔ جموئی ضلع مجسٹریٹ ششی کانت تیواری نے بتایاکہ سی آر پی ایف کی2 کمپنیوں کو وہاں روانہ کردیا گیا ہے جو تلاشی مہم شروع کرچکے ہیں۔ یہ نکسلائٹس حملہ کے بعد قریبی جنگلات میں فرار ہوگئے۔ ماؤیسٹوں کے خلاف مہم کی قیادت ڈی ایس پی ایم عبداﷲ کو سونپی گئی ہے جنہوں نے بتایاکہ کئی مقامات پر خون کے نشان پائے گئے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ ماؤیسٹوں کو بھی نقصانات ہوئے ہیں اور ان کے کچھ ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ماؤیسٹوں نے وہاں سے روانہ ہونے سے قبل ڈیٹونیٹرس کا دھماکہ بھی کیا تاکہ سکیورٹی فورسس کو ان کے تعاقب سے روکا جاسکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایاکہ ابتداء میں یہی اندازا ہوتا ہے کہ ماؤیسٹوں نے مسافروں کو لوٹنے اور سی آر پی ایف عملہ سے ہتھیار چھیننے کیلئے ہی یہ حملہ کیا تھا۔ بہار کے ڈی جی پی ابھیا نند نے کہاکہ حملہ کی تفصیلات لکھی سرائے ضلع مجسٹریٹ سے طلب کی گئی ہے۔ منسٹر آف اسٹیٹ ریلوے آدھیر رنجن چودھری نے کہاکہ ماؤیسٹ اب خوف و دہشت پھیلانے آسان نشانوں کاانتخاب کررہے ہیں۔ دہلی میں وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے بتایاکہ سی آر پی ایف کے اضافی دستے وہاں پہونچ گئے ہیں۔ وزیر ریلوے سی پی جوشی نے بتایاکہ زخمی ٹرین گارڈ اور سی آر پی ایف جوان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

Bihar: 3 killed in Naxal attack on Dhanbad-Patna train near Jamui

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں