17/جون ایودھیا پی۔ٹی۔آئی
چیف منسٹر گجرات نریندر مودی ایک ایسا قدم اٹھانے جارہے ہیں جس کے سیاسی سطح پر دیر پا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ وہ امکان ہے کہ جاریہ ہفتہ ایودھیا کا دورہ کرتے ہوئے متنازعہ مقام پر پوجا کریں گے۔ وی ایچ پی اترپردیش امور کے ترجمان شرد شرما نے کہاکہ اشوک سنگھل، پروین توگڑیا، گورکھپور رکن پارلیمنٹ یوگی ادتیہ ناتھ اور یوگا گرو رام دیو کل ایودھیا پہنچ رہے ہیں تاکہ نریندر مودی کا خیرمقدم کیا جاسکے۔ شرما نے کہاکہ چیف منسٹر گجرات توقع ہے کہ چہارشنبہ یا جمعہ کو ایودھیا کا دورہ کریں گے۔ وہ یہاں واقع عارضی رام مندر بھی جائیں گے۔ وی ایچ پی نے ہندو سنتوں کا ایک اجلاس بھی طلب کیا ہے جنہوں نے 1990ء کے دہے میں رام مندر تحریک کے دوران سرگرم رول ادا کیا تھا۔ وی ایچ پی لیڈر نے بتایاکہ ایودھیا کی سرزمین سے پارٹی کارکنوں اور رائے دہندوں کو مودی کا پیام آئندہ انتخابات میں کافی اہمیت کا حامل ہوگا۔ نریندر مودی ایودھیا میں سرکردہ وی ایچ سنتوں بشمول صدر رام جنم بھومی نیاس ٹرسٹ نرتیہ گوپال داس سے بھی ملاقات کریں گے۔ بابری مسجد کی شہادت کے بعد ایودھیا میں تعمیر کی گئی عارضی مندر کا یہ نریندر مودی کا پہلا دورہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق مودی نے 1998ء میں لال کرشن اڈوانی کے ساتھ ایودھیا کا دورہ کیا تھا لیکن وہ متنازعہ مقام نہیں گئے تھے۔ نریندر مودی کا مجوزہ دورہ ایودھیا اس بات کا اشارہ ہے کہ ہندوتوا طاقتیں انہیں آئندہ عام انتخابات میں وزارت عظمی امیدوار کے طورپر پیش کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہیں۔ وی ایچ پی لیڈر نے کہاکہ مودی کا یہ دورہ واضح اشارہ ہوگا کہ بی جے پی جس نے رام مندر مسئلے کو گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں نظر انداز کردیا تھا اس بار وہ دوبارہ یہ مسئلہ اٹھانے والی ہے۔Narendra Modi likely to visit Ayodhya; to pray at disputed site
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں