ممتا بنرجی بارہ سات کی مقتول لڑکی کے گھر پر - عوامی برہمی کا سامنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-18

ممتا بنرجی بارہ سات کی مقتول لڑکی کے گھر پر - عوامی برہمی کا سامنا

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج اس وقت سب کو حیرت میں ڈال دیا جب وہ بارہ سات کی ایک مظلوم و مقتول طالبہ کے گھر موٹر سیکل کے ذریعہ پہنچیں۔ (تقریباً 10 روز قبل ایک کالج طالبہ کو بارہ سات کے علاقہ کمدونی میں عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا گیاتھا)۔ ممتا بنرجی کے ساتھ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے بھی مقتول طالبہ کے والدین اور بھائیوں سے بات چیت کی۔ رائے بھی اس گاؤں میں کو ایک موٹر سیکل کی پچھلی نشست پر بیٹھ کر پہنچے۔ قبل ازیں ریاستی وزیر اغذیہ جیوتی پریا ملئک نے بھی کمدونی کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر مقامی عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ چیف منسٹر نے مظلوم و مقتول لڑکی کے والدین کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ مذکورہ المناک واقعہ پر قبل ازیں ممتا بنرجی کی خاموشی پر مختلف گوشوں بشمول سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔ آج ممتا بنرجی، ریاستی سکریٹریٹ (رائٹرس بلڈنگ) سے اچانک راست طورپر مظلوم لڑکی کے مکان پہنچیں اور اپنی کار، موضع کمدونی سے باہر ہی چھوڑ دی اور اس موضع کو پہنچنے کیلئے موٹر سیکل حاصل کی۔ اگرچہ ممتا بنرجی نے اپنے اس دورہ کمدونی کو راز میں رکھنے کی کوشش کی تھی لیکن میڈیا ارکنا اور مقامی دیہی عوام کی نظروں سے وہ نہیں بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کالج طالبہ کے ساتھ پیش آیا واقعہ یقیناًایک حشیانہ واقعہ ہے۔ ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کمدونی اور کرشنا گنج میں پیش آئے واقعات سے فاسٹ ٹریک کورٹس کے ذریعہ نمٹا جائے گا۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اندرون 2ہفتے چارج شیٹس داخل کردے اور پولیس، خاطیوں کے خلاف سخت ترین سزا کا مطالبہ کرے۔ ایسے خاطیوں کو سزائے موت دی جانی چاہئے۔ بارہ سات میں امن و ضبط کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہاکہ ان کی حکومت نے بارہ سات پولیس اسٹیشنوں کے علاقوں کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا اور پنچایت انتخابات کے فوری بعد اس علاقہ میں کم ازکم 4 پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کاے ہے۔ اپنے دورہ کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ "میں اس متاثرہ خاندان سے ملاقات کرنے ہی والی تھی۔ جو کچھ واقعہ پیش آیا ہے وہ انتہائی ہولناک ہے۔ ہم، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا وعدہ کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے خطایوں کو سزائے موت دئیے جانے کا مطالبہ کیا جائے گا"۔ قائد ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے دعوی کیا کہ "جن خاطیوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں مقامی مارکسی پارٹی کی تائید حاصل تھی۔ متاثرہ خاندان سے بات چیت کے دوران جو تفصیلات سامنے آئی ہیں، میں اس کا اظہار نہیں کروں گی"۔ ممتا بنرجی نے جو مخالفین کی تنقدوں کو اکثر برداشت نہیں کرتیں، آج اس وقت آپے سے باہر ہوگئیں جب ایک مقامی خاتون نے ان سے کوئی سوال کیا۔ ممتا بنرجی نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا "مارکسی پارٹی کی سیاست مت اپنائیے، ہماری وہ واحد حکومت ہے جس نے بالور گھاٹ واقعہ کے 27دنوں کے اندر خاطیوں کیلئے سزائے موت کو یقینی بنایا۔ میں نے ریاستی معتمد داخلہ اور چیف سکریٹری سے بھی خواہش کی ہے کہ وہ بارہ سات کے موضع کمدونی کا دورہ کریں۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ گذشتہ 7/8 جون کو پیش آئے عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کا ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے از خود نوٹ لیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Mamata Banerjee visits Barasat rape victim's home, faces protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں