ویمنس ہاکی - ہندوستانی ٹیم نے چلی کو ہرا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-23

ویمنس ہاکی - ہندوستانی ٹیم نے چلی کو ہرا دیا

ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ راونڈ 3 ٹورنمنٹ میں ہفتہ کے روزچلی کو2-1 سے شکست دے کر خود کو آخری مقام پر آنے کی شرمندگی سے بچالیا۔ ہندوستانی ٹیم کو ٹورنمنٹ میں شکست در شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 7-0سے ہرایا تھا جبکہ بلجیم سے اس کا مقابلہ1-1 سے ڈرا رہا تھا۔ جرمنی نے پھر اسے7-1 سے شکست دی اور کوارٹرفائنل میں ہالینڈ نے ہندوستان کو8-1 سے ہرا دیا۔ پانچویں،چھٹے مقام کے لئے ہندوستان کو جاپان سے0-4 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ خاتون کی ٹیم نے خود کو آخری مقام پر رہنے کی شرمندگی سے بچایا اور چلی کو2-1 سے شکست دی۔ نصف وقفہ تک دونوں ٹیموں نے کوئی گول نہیں کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے ایک گول سے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کے ساتھ جیت حاصل کی۔ چلی نے دوسرے ہاف میں 44ویں منٹ میں کیملا کیرم کے پنالٹی کارنر پر کئے گئے گول سے سبقت بنالی تھی۔ ہندوستانی ٹیم نے 47ویں منٹ میں للما منزکے پاس پرریتوشا آریہ کے گول سے برابری حاصل کرلی۔ چن چن دیوی تھوپچانگ نے56ویں منٹ میں گول سے سبقت بنائی جسے ہندوستان نے آخر تک برقرار رکھا۔ چلی نے آخری منٹ میں کچھ پنالٹی کارنر حاصل کئے لیکن ہندوستانی ڈیفنڈرس نے اپنے گول کا شاندار طریقہ سے بچاو کیا ۔ اس درمیان جاپان نے بلجیم کو1-3سے ہراکر پانچواں مقام حاصل کرلیا ہے۔

ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا کا ریکارڈ مساوی کرنے کا موقع
نئی دہلی
(یو این آئی)
ہندستانی کرکٹ ٹیم کے پاس اتوار کو برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے چمپئنس ٹروفی کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کے ریکارڈ کا برابری کرنے کا موقع رہے گا۔ آسٹریلیائی ٹیم نے چمپئنس ٹروفی کو دو بار حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کپتان دھونی کی زیر قیادت ہندستانی کرکٹ ٹیم حالیہ دنوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اگر ٹیم انڈیا فائنل مقابلہ جیت لیتی ہے تو وہ چمپئنس ٹروفی کو دو بار جیتنے کا آسٹریلیا کا ریکارڈ برابر کرلے گی۔ آسٹریلیا2 مرتبہ کا چمپئن تھا لیکن اس بار اسے گروپ مرحلے ہی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم چمپئنس ٹروفی سے باہر ہوگئی۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم خطاب جیتنے کی صورت میں ایک اور ریکارڈ کی برابری کرسکتی ہے۔ آسٹریلیا واحد ایسی ٹیم ہے جس نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد چمپئنس ٹروفی پر بھی قبضہ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے سال2006ء میں کامیاب کپتان رکی پانٹنگ کی قیادت میں چمئپن ٹرافی جیتی تھی اور اس نے اگلے برس سال2007ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ون ڈے عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں چمپئن کا بھی خطاب حاصل کیا تھا۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم نے دھونی کی قیادت میں سال2011ء میں عالمی کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنمنٹ جیتا تھا اور اب دھونی کی ہی کپتانی میں وہ چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔خطاب جیتنے کی شکل میں ہندستان اور دھونی عالمی کپ اور چمپئنس ٹروفی کے بعد ایک کے بعد جیتنے کے آسٹریلیا اور پانٹنگ کے ریکارڈ کی برابری کرلیں گے۔

ایشس جیتنے کیلئے بولر زپر انحصار نہیں کیا جاسکتا، مائیکل کلارک
لندن
(ایجنسیاں)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ ایشس میں کامیابی کے لئے صرف بولنگ اٹیک پر انحصار نہیں کیا جاسکتا،انگلینڈ کو زیر کرنے کیلئے بیاٹنگ لائن کو بھی پوری طرح اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی،انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ خود ایشس سیریز تک فٹ ہوجائیں گے۔ چوٹ کے باعث کلارک نے چمپئنس ٹروفی میں بھی آسٹریلیائی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ جب بیاٹسمن اسکور بورڈ پر بڑا مجموعی آویزاں نہیں کریں گے تو بولرس آخر کس چیز کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کوچ مکی آرتھر کے اس بیان کے جواب میں جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کینگرو بولنگ اٹیک دنیا میں بہترین ہے، کہا کہ جب آپ کے بیاٹسمن رنز اسکور نہ کریں تو دنیا کا سب سے اچھا بولنگ اٹیک بھی ناکام ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ایشس سیریز کی تیاری کے لئے کھیلے جانے والے ورام اپ میاچ میں آسٹریلیائی ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔ ڈاکٹر زخم کے حوالے کافی مثبت ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی وہ اپنی کمر میں کافی آرام محسوس کررہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں تک وہ اس زخم سے چھٹکارہ پا لیں گے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا ور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشس سیریز آئندہ ماہ جولائی میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان 5ٹسٹ میاچ کھیلے جائیں گے۔ اس سیریز سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے چمپنئس ٹروفی میں بھی شرکت کی۔ ایونٹ میں آسٹریلیائی ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہرہوگئی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

کلارک کو فٹ ہوجانے کی امید
سڈنی
(یو این آئی)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایشس سیریز سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میاچ کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر فٹ ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ مائیکل کلارک اپنی کمر میں تکلیف کے سبب حالیہ مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائند گی نہیں کرپائے ہیں ۔ اسی وجہ سے وہ چمپئنس ٹروفی میں اپنی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ کرکٹ حلقو ں میں اس طرح کی قیاس آرائیاں ہیں کہ مائیکل کلارک اپنی تکلیف کے سبب ایشس سیریز میں بھی شرکت نہیں کرپائیں گے۔ تاہم کلارک نے اس کی تردید کی ہے۔ روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشس سریز کا پہلا میاچ ٹرینٹ بریج میں10 جولائی سے کھیلا جائے گا۔ مائیکل کلارک نے ان قیاس آرائیوں سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ان کی کمر کی تکلیف بہت کم ہے اور وہ پہلے سے زیادہ اچھا محسوس کررہے ہیں حالانکہ ایشس سریز سے قبل وارم اپ میاچ میں کافی وقت ہے۔ اگر ان کے تکلیف میں سدھار کی رفتار یہی رہی تو انہیں یقین ہے کہ وہ وارم اپ میاچ بھی کھیلیں گے۔ کلارک نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے فیزیو الیکس کاؤنٹرس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیزیو ان کی فٹنیس سے کافی مطمئن ہیں ۔ فیزیو نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پوری طرح فٹ ہوکر میدان پر واپسی کریں گے۔ واضح رہے کہ دنوں ٹیموں کے درمیان ایشس سریز سے قبل 2 وارم اپ میاچ کھیلے جائیں گے آسٹریلیا کو اپنا دوسرا وارم اپ میاچ ورسٹر شائرسے آئندہ مہینے کھیلنا ہے۔

انگلش کپتان - 2004 کی تاریخ دہرانے کے خواہاں نہیں
برمنگھم
(ایجنسیاں)
انگلش کرکٹ ٹیم جو اپنی بولنگ پر نازاں ہے اس کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آخری یچمپئنس ٹروفی کے فائنل میں اتوار ہندوستانی بیاٹنگ پاور ہاؤس کے چیالنج کا سامنا ہوگا۔ فیصلہ کن ہندوستانی وقت کے مطابق یہ میاچ دوپہر3 بجے شروع ہوگا۔ پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو زیر کیا۔ ٹورنمنٹ کے فائنل تک کے سفر میں ایک میاچ ہارنے والی انگلش ٹیم کے کپتان حتمی کامیابی کے لئے پراعتماد ہیں۔ الیسٹرکک کا کہنا ہے کہ موسم اور کنڈیشنز ہمارے حق میں جائیں گے، اس بار چمپئن بننے کی باری ہماری ہے۔ ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ کا فائنل کھلاڑیوں میں عجیب کا جوش اور ولولہ بھر دیتا ہے، اتوار کو بھی تمام کھلاڑی نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور امید ہے کہ2004ء کے فائنل کی تاریخ نہیں دہرائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا اور انگلینڈ کی ٹیم اس مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم شائقین کو مایوس نہ کریں اور انہیں جیت کا تحفہ دیں۔ دوسری جانب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دیتے ہوئے دوسری مرتبہ ایونٹ کا اعزاز اپنے نام کریں گے۔ ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ دھونی نے کہاکہ ہم جیت کے عزم کے ساتھ انگلینڈ آئے تھے اور ٹروفی لیکرکر واپس جائیں گے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم ایک مرتبہ چمپئنس ٹروفی جیت چکی ہے البتہ فائنل میں اسے شکست ہوئی تو انگلینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرے گی۔آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کا آغاز1998ء میں ہوا تھا جس کے افتتاحی تورنمنٹ میں جنوبی آفریقہ کی ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔ دوسرا ٹورنمنٹ 2000ء میں کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے فتح کا تاج اپنے نام کیا۔ تیسرا ٹورنمنٹ2002ء میں کھیلا گیا جس میں ہندوستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو مشترکہ طور پر ایونٹ کا فاتح قرار دیا گیا۔ چوتھا ٹورنمنٹ2004 ء میں کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔ پانچواں ٹورنمنٹ2006ء میں کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے کامیابی اپنے نام کی جبکہ چھٹا ٹورنمنٹ2009ء میں کھیلا گیا جس میں آسٹریلیائی ٹیم دوسری مرتبہ فاتح قرار پائی۔

ایشانت شرما، خود کو ہندوستانی بولنگ لائن کا قائد کہلانے کے خواہاں نہیں
کارڈف
(ایجنسیاں)
چمپئنس ٹروفی کے دوسرے سیمی فائنل میں عمدہ بولنگ کی بدولت مین آف دی میاچ ایوارڈ حاصل کرنے والے ایشانت شرما فائنل کے لئے پوری طرح تیار ہیں، تاہم اپنی کارکردگی پر مطمئن رائٹ آرم فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں ہندوستانی بولنگ اٹیک کا قائد کہلانا پسند نہیں کروں گا۔ انگلینڈ کے خلاف فتح صرف میری کارکردگی کی مرہون منت نہیں تھی بلکہ یہ ٹیم کی اجتماعی کاوش کا نتیجہ ہے۔ میرے ساتھ بھونیشور کمار اور امیش یادیو بھی عمدہ کارکردگی دکھارہے ہیں، بولنگ کوچ ہمارے ساتھ بہت محنت کررہے ہیں، ہم تینوں ہی مختلف اسٹائل کے بولر ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں جو ٹیم کے کام آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں اب تک ہندوستانی ٹیم نے کوئی دباؤ محسوس نہیں کیا، تمام میاچس جیتے ہیں لہٰذا ہم میں سے کسی کو علم نہیں کہ ٹیم کس شعبہ میں کمزور ہے البتہ ہر کھلاڑی کی فارم بہت اچھی ہے، انگلینڈ کے خلاف فائنل کے لئے کوئی خاص پلان تشکیل نہیں دیا گیا ہے۔ اگر ہم نے فیلڈ کے مطابق بولنگ کی تو انگلش بیاٹسمنوں کو زیادہ رنز بنانے سے روک سکتے ہیں۔

آسٹریلیائی بولنگ اٹیک دنیا میں سب سے بہترین: کوچ مکی آتھر
لندن
(ایجنسیاں)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آتھر نے آسٹریلیائی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشس سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگی۔ کینگروبرطانیہ کی سرزمین پر سیریز اپنے نام کرسکتی ہے۔ ہمارے پاس دنیا کا بہترین آل راؤنڈ بولنگ اٹیک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایشس سیریز میں آسٹریلیائی شائقین کو اپنی ٹیم سے کافی امیدیں وابستہ ہونگی اور ہماری بھی کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں شائقین کو مایوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ایک خاص وقت کے لئے انگلینڈ کی ٹیم پر دباؤ ڈالا تھا جس کے بعد ہم نے انگلش کی ٹیم کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا اور یہ ہی ہمارا چیالنج ہے۔ ہم نے انگلینڈ پر ایشس سیریز میں دباؤ ڈالنا ہے اور اپنے ا ہداف حاصل کرنا ہیں۔

تنڈولکر، انڈین بیاڈمنٹن لیگ میں ممبئی ماسٹرس خریدیں گے
ممبئی
(ایجنسیاں)
ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر انڈین بیاڈمنٹن لیگ کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ لیگ میں ممبئی ماسٹرس ٹیم خریدنے والے گروپ میں شریک ہوں گے۔ وہ ممبئی ماسٹرس کے لئے وہی کردار ادا کریں گے جو آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے لئے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ ادا کرتے ہیں۔ تنڈولکر سے نسبت ممبئی ماسٹرس کے لئے زبردست مقبولیت کا سبب بنے گی۔ لیگ کے لئے 6 شہروں پر مشتمل ٹیموں کی فرنچائز فروخت کے لئے پیش کی گئی ہیں جن میں ممبئی ماسٹرس،راجدھانی اسمیشر(دہلی)، کرناٹکا کنگز (بنگلور)،لکھنو واریئرس، پونے وجیتاس اور حیدرآباد شامل ہیں۔

بنگلہ دیشی بیاٹسمن تمیم اقبال کی شادی
چٹاگانگ
(ایجنسیاں)
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے اوپنربیاٹسمن تمیم اقبال تمیم اقبال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ان کی شادی بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویشن کرنے والی عائشہ صدیقہ سے ہوئی۔ دونوں 8 سال سے ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔ بالآخر محبت رنگ لے آئی اوراس طرح ان کی نئی زندگی کی اننگز کا آغاز ہو گیا۔ ولیمہ27جون کو گالف گارڈن آرمی کلب میں ہو گا۔ اس موقع پر 10 ہزار افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کااعلان
ویلنگٹن۔22جون(ایجنسیاں) نیوزی لینڈ کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میاچس کی سیریز کیلئے 14رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ ہمیش رتھرفورڈ، ٹام لیتھم سمیت رونیل ہیرا کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا، ڈینئل ویٹوری، ٹم ساؤتھی اور گرانٹ ایلیٹ فٹنس مسائل کے باعث ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔نیو زی لینڈ کر کٹ کے مطابق برینڈن مکلم ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے جبکہ اعلان کردہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کوری اینڈرسن، ڈگ بریسویل، این بٹلر، جیمس فرینکلن، مارٹن گپٹل، رونیل ہیرا، ٹام لیتھم، مچل میکلینا گہان، کائل ملز، کولن منرو، ہمیش رتھرفورڈ اور روز ٹیلر شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میاچ25 جون کو اوول جبکہ دوسرا اور آخری میاچ27 جون کو اوول میں کھیلا جائے گا۔

البی مورکل کا انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر سے معاہدہ
لندن
(ایجنسیاں)
جنوبی آفریقی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر البی مورکل نے انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر میں شمولیت اختیار کر لی۔ وہ فرینڈس لائف ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ میں بطور دوسرے غیر ملکی کھلاڑی کلب کی نمائندگی کریں گے۔32 سالہ مورکل کا شمار جنوبی آفریقہ کے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے اور وہ ایونٹ کے 9 میاچس کیلئے کلب کو دستیاب ہوں گے۔

یوسین بولٹ نے 100میٹر دوڑ جیت لی
کنگسٹن
(رائٹر)
عالمی ریکارڈ یافتہ اور اولمپک چمپئن یوسین بولٹ نے ورلڈ چمپئن شپ کے لئے جمائیکائی ٹرائلس میں 100 میٹر کی دوڑ جیت لی۔ بولٹ ابتداء میں اپنی دھیمی شروعات پر قابو پانے میں کامیاب رہے اور 50 میٹر کے بعد نکّل اشمیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 9.94 سیکنڈس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے کیرئر میں یہ 35واں موقع تھا جس میں انہوں نے 10 سیکنڈ سے کم وقت میں 100 میٹر کی مسافت طئے کی۔ بولٹ نے خبررساں ادارہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی جیت ہے۔ وقت کے بارے میں مجھے کوئی فکر نہیں۔ روس کے لئے تیاری کی خاطر میرے پاس پورا ایک مہینہ باقی ہے۔ شروعات ٹھیک نہیں تھی لیکن رفتار بہتر تھی۔2009ء کے ورلڈ چمپئن نے کہا کہ کوچ گلین ملس نے انہیں مشورہ دیا کہ کامیابی پر توجہ رکھیں۔ کیمر بیلی کول نے 9.98 سیکنڈس کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ اشمیڈ جو 2011ء ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچے تھے 9.99 سیکنڈس کے ساتھ تیسرا مقام پایا۔ ٹرائلس میں حیرت انگیز پہلو یہ دیکھنے میں آیا کہ سابق عالمی ریکارڈ یافتہ اسفاپاویل 2 راتوں میں لگاتار 3 ریسوں میں حصہ لے کر نمایاں مظاہرہ نہیں کرسکے، انہیں 10.22 سیکنڈس کے ساتھ 7واں مقام ملا۔ اولمپک ڈبل اسپرنٹ سلور میڈلسٹ یوہان بلیک مردوں کی 100 میٹر کی دوڑ میں دفاعی ورلڈ چمپئن ہونے کے ناطے روس کو کوالیفائی کرنے والے چوتھے جمائیکائی ہیں۔ 2 مرتبہ کی اولمپک چمپئن شیلی این فریزر پرائس کی غیر موجودگی میں خواتین کا ٹائٹل 2008ء بیجنگ اولمپک میڈلسٹ کیرون اسٹیوارٹ کو حاصل ہوا جس نے 10.94 سیکنڈس میں مسافت طئے کی۔ مقابلہ کے بعد اسٹیوارٹ نے کہا میں جانتی تھی مجھے بس اچھا دوڑنا ہے اور میں جیتوں گی۔کامیابی کے لئے میں خدا کی شکرگذار ہوں جب ہر کسی نے مجھے شمار میں نہیں رکھا تھا اس نے مجھے کامیابی دی۔ شیرون سمسن جس نے بیجنگ اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا تھا 11.02سیکنڈس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہیں۔ شیلیونی کالورٹ کو 11.07 سیکنڈس کے ساتھ تیسرا مقام ملا۔ اب وہ 10 تا 18 اگست وائلڈ کارڈ کے ساتھ داخلہ پانے والی فریزر پرائس کے ساتھ ماسکو ورلڈ چمپئن شپ میں مقابلہ کرے گی۔

ٹائسن گے نے عالمی چمپئن شپ کا امریکی ٹرائیل جیت لیا
واشنگٹن
(یو این آئی)
ٹائسن گے نے اولمپک کانسہ تمغہ فاتح جسٹن گیٹلن کے چیالنج کو زیرکرتے ہوئے یہاں سیزن کے سب سے بہترین وقت کے ساتھ عالمی چمپئن شپ کا امریکی ٹرائیل جیت لیا۔ گے نے 9.75 سیکنڈ کا وقت نکالا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے100 میٹر دوڑ کی تاریخ میں دسویں سب سے بہترین وقت کی برابری کرلی۔ گیٹلن 9.89سیکنڈ کا وقت نکال کر دوسرے اور چارلس سلمن 9.972 سیکنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ گے کئی سال بعد پوری طرح فٹ نظر آرہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال پہلے میں امریکی چمپئن بنا تھا اور اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے۔گے نے سال2007ء میں100 اور 200میٹر میں خطاب جیتا تھا۔ سال 2004ء ایتھنس اولمپک میں چمپئن گیٹلن نے اس مہینے کی شروعات میں روم میں عالمی ریکارڈ یافتہ اور اولمپک چمپئن جمائیکا کے یوسین بولٹ کو شکست دے کر سنسنی مچا دی تھی۔گیٹلن نے لندن اولمپک میں گے کو قریبی فرق سے ہراکر کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ عالمی چمپئن دس سے 18اگست تک ماسکو میں منعقد کی جائے گی۔

میونخ( جرمنی)
(یو این آئی)
ہندوستان کے اسٹار گولفر شیو کپور جمعہ کو دوسرے راونڈ میں چار انڈر 68 کا شاندار کارڈ کھیل کر بی ایم ڈبلیو انٹرنیشنل اوپن گولف ٹورنمنٹ میں مشترکہ 18ویں مقام پر پہنچ گئے لیکن جیو ملکھا سنگھ کٹ پار کرنے میں ناکام رہے۔ کپور کا دو روانڈ کا اسکور سات انڈر137ہے۔ انہوں نے پہلے راونڈ میں تین انڈر69 کا کارڈ کھیلا تھا۔ کپور کے ساتھ11دیگر کھلاڑی اس اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر 18ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے ایک دیگر گولفر جیو ملکھا سنگھ دوسرے راونڈ میں دو اوور74کا مایوس کن کارڈ کھیلنے کے بعد کٹ پار کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے پہلے راونڈ میں ایک اوور73 کا کارڈ کھیلا تھا اور ان کا اسکور تین اوور147رہا۔ کٹ تین انڈر141پر لگایا گیا تھا۔ جنوبی آفریقہ کے اینی ایلس12 انڈر132 کے اسکور کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں جبکہ فرانس کے ایلکزینڈر لیوی اور برطانیہ کے میتھیو بالڈون11انڈر133کے اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایسٹرن برن
(یو این آئی)
فرانس کے دوسریسیڈ جائلس سیمون اور اسپین کے فیلیسیانو لوپیز کے مابین ومبلڈن کے آخری وارم اپ ٹورنمنٹ ایسٹ برن اوپن کے مردوں کے سنگلز کا خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ سیمون نے سیمی فائنل میں ساتویں سیڈ اٹلی کے آندرس سیپی کو 6-4, 6-3 سے شکست دی جبکہ لوپیز نے کروشیا کے ایوان دوڈگ کے چیالنج پر 7-6, 6-1 سے قابو پایا۔ ومبلڈن کے اہم ڈرا کے مقابلے 24جون سے شروع ہوں گے۔

نئی دہلی
(یو این آئی)
آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن(اے آئی ایف ایف) نے آئندہ سیزن میں آئی لیگ اور فیڈریشن کپ کے سلسلے میں غورو خوص کرنے کے لئے 28 جون کو تمام کلبوں کی یہاں اپنے ہیڈکوارٹر دوارکا ہاؤس میں میٹنگ بلائی ہے۔ اے آئی ایف ایف نے ایک بیان میں بتایاکہ اس میٹنگ میں تمام کلب اور افسران حصہ لیں گے۔ میٹنگ میں آئی لیگ اور فیڈریشن کپ سے متعلق تمام امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آئی لیگ کے چیف اگزیکیٹو افسر س نندو دھر نے کہا مجھے امید ہے کہ یہ میٹنگ کامیاب رہے گی۔ آئی لیگ میں 2 نئے کلب ممبئی ٹائگرس اور جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دو کلب محمڈن اسپورٹنگ اور رنگازید ایف سی کو پرموٹ کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ 4 نئے کلبوں کے آنے سے آئی لیگ اور بہتر ہوگی۔

فیفا نے ایروسول اسپرے کا استعمال کیا
زیورچ(سوئزرلینڈ)
(یو این آئی)
بین الاقوامی فٹ اسوسی ایشن(فیفا) نے جمعہ سے ترکی میں شروع ہونے والے انڈر20 عالمی کپ میں پہلی مرتبہ ایروسول اسپر ے کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ریفری کو فری کک کے لئے دفاعی لائن کی جگہ کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ایروسول اسپرے کے ذریعہ ریفری اس جگہ کو نشان زد کرسکتے ہیں جہاں سے فری کک لی جانی ہے۔ ساتھ ہی وہ دفاعی لائن کو آگے آنے سے روکنے کے لئے9.15 میٹر کی دوری پر بھی نشان لگا سکتے ہیں۔ اگر یہ کامیاب رہا تو آئندہ سال برازیل میں ہونے والے عالمی کپ میں اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کی دریافت ارجنٹینا کے پیبلو سلوا نے کی ہے۔ فٹبال کے ضابطے بنانے والی تنظیم(آئی ایف اے بی) نے مارچ2012ء میں ایروسول اسپرے کے استعمال کی اجازت دی تھی۔ چھوٹے ڈبے میں بند اسپرے استعمال کرنے کے بعد 45سیکنڈس سے 2منٹ کے درمیان غائب ہوجاتا ہے اور یہ ہر طرح کی پوزیشن میں کارگر ہے۔

آسٹریلیا اور بلجیم فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی
روٹرڈم
(یو این آئی)
آسٹریلیا اور بلجیم نے جمعہ کو سیمی فائنل مقابلے میں دلچسپ جیت درج کرتے ہوئے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ راونڈ 3 کے خطابی مقابلہ میں قدم رکھنے کے ساتھ ہی سال2014ء کے عالمی کپ کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔ عالمی چمپئن آسٹریلیا نے میزبان اور عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر کی ٹیم ہالینڈ کو4-3 سے ہرایا جبکہ بلجیم نے نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دی۔ آسٹریلیا اور بلجیم جہاں خطابی مقابلہ میں آمنے سامنے ہوں گی وہیں ہالینڈ اور نیوزی لینڈ عالمی کپ کے تیسرے ٹکٹ کے لئے مقابلہ کریں گی۔ اس ٹورنمنٹ سے سرفہرست3ٹیموں کو آئندہ سال ہیگ میں ہونے والے عالمی کپ کے لئے داخلہ ملے گا۔ آسٹریلیا اور بلجیم کی جگہ یقینی ہوچکی ہے جبکہ ہالینڈ اور نیوزی لینڈ مقابلہ کی فاتح ٹیم بھی عالمی کپ کا ٹکٹ حاصل کرے گی ۔ خطابی مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ اسی روز ہندوستان پانچویں مقام کے لئے اسپین سے کھیلے گا۔ آسٹریلیا نے 17ویں منٹ میں کرسٹوفر کے گول سے سبقت حاصل کی لیکن ہالینڈ نے 22ویں منٹ میں جیروم ہرٹسبرگر کے گول سے برابری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا 25ویں منٹ میں پھر سے آگے ہوگیا۔ اس مرتبہ میٹ گوڈس نے گول کیا ۔ دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی ہالینڈ نے38 ویں منٹ میں بلی بکر کے گول سے پھر برابری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے 42ویں منٹ میں رسیل کول اور 56ویں منٹ میں کیرون گرورس کے گولوں سے4-2کی سبقت بنالی۔ ہالینڈ نے 58ویں منٹ میں روجیئر ہاف مین کے گول سے اسکور3-4کیا لیکن وہ آخر تک برابری حاصل نہیں کرسکے۔ بلجیم اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھی بے حد دلچسپ رہا۔ بلجیم نصف وقت تک 2-1 سے آگے تھی۔ بلجیم نے پانچویں منٹ میں تھامس بریلس کے گول سے سبقت بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ ٹام برون نے28ویں منٹ میں بلجیم کو آگے کیا۔د وسرے ہاف میں برون نے اپنا دوسرا اور بلجیم کی طرف سے گول کیا اینڈی ہیورڈ نے 56ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کا اسکور2-3 کیا لیکن باقی 14منٹ میں بلجیم نے شاندار طریقہ سے دفاع کرتے ہوئے فائنل کے ساتھ ساتھ عالمی کپ کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔

Indian hockey women beat Chile, finish 7th in FIH WL

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں