ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ کواٹر فائنل- ہندوستان بمقابلہ مصر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ کواٹر فائنل- ہندوستان بمقابلہ مصر

مردوں کے ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ میں ہندوستان نے کل شب فرانس کے شہر ملہاوس میں ہانگ کانگ کو شکست دے دی اور اب کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈمصر سے مقابلہ کرے گا ۔ آج یہاں موصولہ اطلاعات کے بموجب ہندوستان کے اعلیٰ درجہ کے کھلاڑیوں سورو گھوشال اور رمیت ٹنڈن نے 2 ایشیائی ملکوں کے آخری 16 ٹیموں کے اس مقابلہ میں ہانگ کانگ کے خلاف اپنا بہترین مظاہرہ کیا ۔ ہندوستان کے نمبر ایک کھلاڑی سورو گھوشال نے دنیا کے نمبر 34 کھلاڑی میاکس لی کے خلاف جیت کے ساتھ ہندوستان کو 1-0 سے برتری دلائی ۔ ہانگ کانگ کے اس حریف کے خلاف سورو نے کبھی شکست نہیں اٹھائی اور اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ محض ایک گھنٹہ میں ہندوستان کیلئے 3-1 سے اطمینان بخش کامیابی کی راہ ہموار کی ۔ سورو نے اپنے روایتی مصروف کھیل کے ساتھ پہلا گیم 11-3 سے جیت لیا۔ پاکستان میں منعقدہ ایشیائی چمپئن شپ اور مئی میں ہانگ کانگ انٹرنیشنل میں سیمی فائنلسٹ میاکس نے پوری شدت سے مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی اور دوسرے گیم میں سورو پر 7-2 سے برتری حاصل کرلی ۔ سورو گھوشال نے میاکس لی کے خلاف اپنی غلطیوں کو پہچانتے ہوئے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اورلگاتار 7 پوائنٹس جیت کر حریف پر 9-7 سے برتری قائم کی ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسرا گیم دلچسپ رہا اور دونوں ہی ایک مرحلہ پر 7-7 سے مساوی تھے ۔ سورو گھوشال نے اس سٹ میں کئی غلطیاں کیں اور حریف کو کامیابی کا موقع دیا ۔ چوتھے گیم میں سورو نے اپنی تمام توانائیوں کو مجتمع کرتے ہوئے اپنے کھیل پر قابو رکھا اور 11-6 سے جیت درج کرتے ہوئے ہندوستان کو 1-0 سے آگے کردیا ۔

چمپئنس ٹروفی گروپ اے میں چاروں ٹیموں کو مساوی موقف
برمنگھم
(یو این آئی)
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین گروپ اے کا میاچ بارش کی وجہ سے مسترد کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو فی کس ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔ اس میاچ کے مسترد ہونے سے گروپ اے اب "گروپ آف ڈیتھ" بن گیا ہے جس میں چاروں ٹیموں کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع ہے۔ آسٹریلیا نے 50 اوورس میں 8 وکٹ پر 243 رن بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 15 اوورس میں 51 رن بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا۔ اس کے بعد دوبارہ کھیل شروع نہیں ہوسکا اور میاچ کو مسترد کرنا پڑا۔ میاچ مسترد ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے کھاتے میں اب 2 میاچس سے 3 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 2 بار کی چمپئن آسٹریلیا کو 2 میاچس سے صرف ایک پوائنٹ ملا ہے۔ اس گروپ میں انگلینڈ کے ایک میاچ سے 2 پوائنٹ ہیں جبکہ سری لنکا اپنا پہلا میاچ ہار چکا ہے۔ انگلینڈ کو 16 جون کو نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے جبکہ 17 جون کو آسٹریلیا اور سری لنکا کا مقابلہ ہوگا یعنی چاروں ٹیموں کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع بنا ہوا ہے۔

کیرئر کی ازسرنو شروعات کرنا چاہتا ہوں: انکت چوہان
ممبئی
(یوا ین آئی)
حالیہ اختتام پذیر آئی پی ایل سیزن 6 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام کی وجہ سے تقریباً 26 دن تہاڑ میں گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے راجستھان رائلس کے کرکٹر انکت چوہان نے کہا کہ وہ وہ اپنے کیریر کی از سر نو شروعات کرنا چاہتے ہیں۔ ضمانت ملنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا معاملہ ابھی عدالت میں زیر التوا ہے اس لئے وہ اس معاملہ پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، انہیں خوشی ہے کہ انہیں اس معاملہ میں ضمانت مل گئی ہے۔ انکت چوان نے کہا کہ انہیں عدالتی جانچ پر پوراعتماد ہے اور انہیں انصاف ضرور ملے گا۔ چوہان نے جیل سے رہا ہونے کے بعد کہا کہ میں صرف اتنی امید کرتا ہوں کہ عدالت اپنا کام کرے گی اور مجھے انصاف ضرور ملے گا۔ خیال رہے کہ آئی پی ایل سیزن 6 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں 17 دیگر سٹہ بازوں کے ساتھ راجستھان رائلس کے کھلاڑیوں انکت چوان، ایس سریسانت اور اجیت چنڈیلا کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی کی ایک عدالت نے پیر کے روز سریسانت اور چوان کو ضمانت دے دی تھی۔ پولیس نے ان کھلاڑیوں پر "مکوکا" کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ کرکٹ کو جوش و خروش کے ساتھ کھیلا ہے اور اپنی صد فیصد کارکردگی پیش کی اور امید ہے کہ انہیں عدالت سے اپنے حق میں فیصلہ سننے کو ملے گا جس کے بعد وہ اپنے کیریر کی از سر نو شروعات کرنا چاہیں گے۔

فٹبال:فرانس کے گارسیا،روما کے کوچ مقرر
روم
(یو این آئی)
فرانس کے روڈی گارسیا کو روما کا نیا کوچ نامزد کردیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان سری اے کلب نے گزشتہ روز کیا۔ 49 سالہ کوچ للی کے ساتھ 5 سیزن گزارنے کے بعد اطالوی دارالحکومت منتقل ہوں گے جہاں ان کا 2 سالہ معاہدہ ہوگا۔ اگرچہ ابھی تک اس پر دستخط نہیں کئے گئے۔ کلب کے صدر جیمس پالوٹا نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر کہا کہ ہمیں انتہائی خوشی اور اعتماد ہے کہ روڈی گارسیا اے ایس روما کیلئے درست کوچ ہیں، وہ بہت اچھی فٹبال ذہنیت کے مالک ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل کیلئے ہمارے ویژن پر وہ پورا اتریں گے۔ اطالوی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گارسیا اسٹیڈیو کولمپیکو کے ساتھ سالانہ 1.5ملین یوروز ( 2ملین ڈالر) کمائیں گے۔ گارسیا نے للی کو 2011 میں لیگ اور کپ ڈبل میں کامیابی دلائی تاہم ان کی ٹیم سیزن میں یورپین کوالیفیکیشن پر ناکام رہی، وہ پہلے فرانسیسی شخص ہوں گے جو روما کی کوچنگ سنبھالیں گے۔ یہ کلب اپنے حریفوں لازیو سے کوپا اٹالیا فائنل میں شکست کے بعد یورپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔ فروری میں زیڈینک زمان کی روانگی تک آریلو اینڈری زولی کلب کی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

ہندوستان سے میاچ کھلاڑیوں کے کیرئر پر اثر ڈال سکتا ہے : پاکستان ٹیم انتظامیہ
برمنگھم
(ایجنسیاں)
آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں 2 میاچس میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کرکٹرس کو واضح پیغام دیا ہے کہ 2 شکستوں کو ذہن پر سوار نہ کریں اور ہندوستان کے خلاف بھرپور جذبہ کے ساتھ میاچ کھیلیں۔ ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے باوجود ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے ساتھ مختصر میٹنگ میں یہی پیغام دیا کہ ٹیم سے اب بھی توقعات وابستہ ہیں، ہندوستان کے خلاف جیت پورے پاکستان کیلئے تحفہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے وہ گزشتہ 2 میاچس میں ہوئی شکستوں کو بھول جائیں۔ انہیں بتادیا گیا ہے کہ ٹیم کے ساتھ ان کے کیرئر پر بھی اس میاچ کا بڑا اثر پڑسکتا ہے اس لئے ہندوستان کو ہرانے کیلئے ٹیم انتظامیہ کا گیم پلان کامیاب بنائیں۔ کوچس ہر کھلاڑی کو ایک ذمہ داری دے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو بتایا گیا ہے کہ ابھی 6 ماہ قبل پاکستان نے ہندوستان کو اُسی کی سرزمین پر شکست دی ہے اس لئے ورلڈ چمپئن کو ہرانا ناممکن نہیں ہے۔

بے گناہ ہوں، بہت جلد کر کٹ میں واپسی کروں گا: سریسانت
نئی دہلی
(ایجنسیاں)
حالیہ مختتم انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن 6 میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث راجستھان رائلس کے فاسٹ بولر ایس سریسانت نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں اور مجھے عدالتی نظام پر بھرپور اعتماد ہے، میری بے گناہی جلد ثابت ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور بہت جلد کرکٹ میں واپسی کروں گا۔ انہوں نے اپنے وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عدالت میں ان کی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے بہت محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ملک کے عدالتی نظام پر بھرپور اعتماد ہے اور اس بات کا یقین ہے کہ میری بے گناہی بہت جلد ثابت ہوجائے گی، جیل میں گزرے 27 دن میری زندگی کے کربناک دن تھے، یہ دن بہت اذیت کے ساتھ گزارے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک عدالت نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سریسانت اور انکت چوان کے خلاف پیش کئے گئے پولیس کے شواہد ناکافی قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

سرینا اور وینس ولیمس کورٹ پر ایک ساتھ نظر آئیں گے
ٹورنٹو
(یو این آئی)
عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی امریکہ کی سرینا ولیمس اور ان کی بڑی بہن اور سابق نمبر ایک وینس ولیمس ٹورنٹو میں کھیلے جانے والے رجورس کپ سے پہلے ایک نمائشی میاچ میں طویل عرصہ بعد ایک ساتھ کورٹ پر نظر آئیں گے ۔ فرنچ اوپن کے ڈبلس مقابلہ میں وینس اور سرینا کے ایک ساتھ کھیلنے کی امید تھی لیکن چوٹ سے پریشان وینس نے ابتدائی دور میں ہی سنگلس میں ہارنے کے بعد ڈبلس مقابلہ سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ فرنچ اوپن چمپئن سرینا اور ان کی بڑی بہن ٹورنٹو میں 5 ؍ اگست کو کناڈا کی مونیکا سیلیس اور یوزنی برکارڈ کے خلاف میاچ کھیلیں گی۔ مونیکا سال 2009 میں راجرس کپ ہال آف فیم میں شامل ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ٹورنٹو میں کھیلے گی۔ اس درمیان امریکی کھلاڑی سرینا نے اپنی بہن کے ساتھ اس میاچ پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ، بنگلہ دیش کے30 امکانی کھلاڑیوں کا اعلان
ڈھاکہ
(ایجنسیاں)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مجوزہ سیریز کیلئے اپنے 30 امکانی کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز رواں برس اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی طرف سے اعلان کردہ ابتدائی 30 کھلاڑیوں کی فہرست اس طرح ہے: مشفق الرحیم، محمد اللہ، تمیم اقبال، شکیب الحسن، ناصر حسین، ضیاء الرحمن، جوہر الاسلام، شفیع الاسلام، عبدالرزاق، انعام الحق، سوہاگ غازی، روبیل حسین، مومن الحق، شمس الرحمن، مارشل ایوب، شہریار نفیس، شہادت حسین، روبیل اسلام، ساجد الاسلام، الیاس سنی، مشرف مرتضیٰ، نعیم اسلام، جنید صدیقی، مشرف حسین، امر القیس، رقیب الحسن، فرحاد رضا، ثقلین ساجب، مہراب حسین جونیر اور نظم الحسین۔

پولیس کے دباؤ اور دھمکیوں سے مجبور ہو کر راج کندرہ کو پھنسایا: امیش گوئنکا
نئی دہلی
(ایجنسیاں)
انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں سٹہ بازی اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار مبینہ سٹہ باز اومیش گوئنکا نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے تشدد اور دباؤ کے ذریعہ انہیں مجبور کیا کہ وہ اسکینڈل میں راجستھان رائلس کے شریک مالک راج کندرا کا نام لیں۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر گوئنکا نے کہا کہ 5 دن کی غیرقانونی حراست کے دوران مجھ پر جسمانی اور ذہنی تشدد کیا گیا۔ پولیس کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہوکر میں نے اپنے دوست و کاروباری شریک راج کندرا کو معاملہ میں ملوث کردیا۔

روس نے 2016 اسکیٹنگ چمپئن شپ کی میزبانی کیلئے بولی دے دی
ماسکو
(ایجنسیاں)
روس نے 2016ء کی ورلڈ سنگل ڈسٹنس اسپیڈ اسکیٹنگ چمپئین شپ کی میزبانی کیلئے بولی دے دی۔ روسی حکام یہ ایونٹ اپنے شہر کولومنا میں کرانا چاہتے ہیں جو دارلحکومت ماسکو سے جنوب مشرقی کی جانب واقع ہے۔ اس مقصد کیلئے وہاں اسپیڈ اسکیٹنگ سینٹر کی تزئین و آرائش کی گئی اور مستقل بنیادوں پر اعلیٰ معیار کے انٹر نیشنل مقابلے بھی کرائے گئے۔ روسی اسپیڈ اسکیٹنگ یونین کے صدر ایلکسی کروٹٹسوو نے بتایا کہ ہم نے متعلقہ دستاویزات جمع کرادیئے ہیں اور کولومنا کی میزبانی سے متعلق ابتدائی بولی منظور بھی کرلی گئی۔

ایشیائی جونیر ریسلنگ چمپئن شپ
چندی گڑھ
(یوا ین آئی)
تھائی لینڈ کے 4 ہزار شائقین کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں 13 تا 16 جون منعقد ہونے والے ایشیائی جونیر ریسلنگ چمپئن شپ میں ہندوستان سمیت 23 ممالک حصہ لیں گے۔ اس چمپئن شپ میں 500 سے زائد ممالک کے حصہ لینے کی امید ہے۔ فوکیت میں منعقد ہونے والی اس چمپئن شپ میں تھائی لینڈ، چین، جاپان، تائیوان، قازقستان، کرغستان، تاجکستان، منگولیا، ترکمانستان، یمن، اردن، ایران، عراق، میانمار، ویتنام، فلپائن، سنگاپور، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور سری لنکا شامل ہیں۔ چمپئن شپ کے پہلے دن کوالیفیکیشن مقابلوں کے علاوہ ری پی چیج کے فائنل مقابلے گریکو رومن زمرہ میں منعقد کئے جائیں گے۔

ڈیوڈ وارنر پر ایشس تک پابندی
لندن
(یو این آئی)
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے اپنے اوپننگ بیاٹسمن ڈیوڈ وارنر پر انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیاٹسمن جو روٹ کے ساتھ مبینہ طور پر شراب پی کر مار پیٹ کے الزام کے بعد ایشس سیریز شروع ہونے تک میاچس میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ ان پر 10,900 ڈالرس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے مطابق وارنر اب چمپئنس ٹروفی کے مابقی میاچس میں اب نہیں کھیل پائیں گے۔ ساتھ ہی ایشس سیریز سے پہلے ہونے والے 2 پریکٹس میاچس میں بھی وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے تاہم وہ 10 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ایشس سیریز کے پہلے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں حصہ لینے کیلئے دستیاب رہیں گے۔ سی اے نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم مذکورہ معاملہ سے پوری طرح واقف ہیں اور اس معاملہ کی تفتیش کی جارہی ہے جس کے بعد ہی سی اے اس پر اپنا تفصیلی بیان دے گا۔

سیول
(رائٹر)
ایران نے جنوبی کوریا کے کوچ چوی کانگ ہی سے معذرت خواہاں کا مطالبہ کیا ہے جنھوں نے یہ کہا ہے کہ گزشتہ سال تہران میں ایرانی عوام نے ان کے ساتھ برا سلوک کیا تھا اور جنوبی اشیا کے اس ملک کو وہ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی ہونے سے روکنا چاہتے ہیں ۔ دونوں ٹیمیں ایشیا میں ورلڈکپ کوالیفائی کے گروپ اے میں پہلے 2 مقامات پر ہیں اور منگل کو اونسان دونوں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ازبیکستان ، قطر کی میزبانی کرے گا تاکہ آخری راونڈ کے میاچس میں جنوبی ایشیا سے رسائی حاصل کرنے کیلئے بڑی کامیابی حاصل کرسکے ۔ جنوبی کوریا کے 7 میاچس سے 14 پوائنٹس ہیں اور ایران کے ساتھ گول کے فرق کے معاملہ میں بہت آگے ہے جسے 7 مثبت گول حاصل ہیں ۔ اگر ایران کے ہاتھوں جنوبی کوریا کو شکست ہوتی ہے تب بھی ہو برازیل کیلئے کوالیفائی ہوسکتا ہے ۔ ایران جس نے منگل کو لبنان کو 4-0 سے ہرایا اور 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے، کا گول اوسط مثبت 5 ہے جبکہ ازبیکستان کے کھاتے میں 11 پوائنٹس اور مثبت ایک گول ہے کیونکہ گزشتہ ہفتہ سیول میں کوریا کے ہاتھوں اسے 1-0 سے شکست ہوگئی ۔ اس کامیابی کے باوجود چوی نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم ایران کو آسان سمجھتی ہے تو بھاری غلطی ہوگی اور انھوں نے یہ بھی کہا کہ اکتوبر میں تہران نے ان کی ٹیم کی 1-0 سے شکست کے دوران ایرانی عوام کی ناقص میزبانی کے بعد وہ چاہتے ہیں کہ ایران کے بجائے ازبیکستان ان کے ملک کے ساتھ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی ہو ۔ ایرانی فٹبال کے سربراہ کارلوس کیوروز نے کوریا میں پہنچنے کے بعد اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ ان کی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی ہوگی ، انھیں اس کی امید ہے ۔ پرتگالی کوچ نے کہا کہ چوی کو ایرانی عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئیے ۔

کنگسٹن
(یو این آئی) اولمپک چمپئن اور ورلڈ ریکارڈ یافتہ جمائیکا کے اتھلیٹ یوسین بولٹ کو ماسکو میں اگست میں منعقد ہونے والی ورلڈ اتھلیٹک چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہوگا۔ جمائیکا اتھلیٹک فیڈریشن کے بیان کے مطابق ورلڈ چمپئن شپ کیلئے بولٹ کے ٹرینی پارٹنر یوہان بلیک کو 100 میٹر دوڑ میں وائیلڈ کارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بولٹ کو 200 میٹر میں وائیلڈ کارڈ دیا گیا۔ عالمی اتھلیٹک فیڈریشن نے کہا کہ ہر ایونٹ کیلئے ہر ملک کو ایک وائیلڈ کارڈ دیا جائے گا جس کے تحت جمائیکا کی فیڈریشن کو یہ فیصلہ لینا پڑا۔ پہلے جمائیکا کے پاس ہر دوڑ کیلئے 2 اتھلیٹس وائیلڈ کارڈ کے حقدار تھے۔ عالمی فیڈریش کے فیصلہ کے بعد بولٹ اور بلیک کے درمیان وائیلڈ کارڈ کیلئے کسی ایک کا انتخاب مشکل ہوگیا تھا جس کے بعد فیڈریشن کے صدر وارن بلیک نے اس حتمی فیصلہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کے فیصلہ کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ ڈائمنڈ لیگ چمپئن اور موجودہ ورلڈ چمپئن میں سے ورلڈ چمپئن کو وائیلڈ کارڈ دیا جانا چاہئے۔

India in quarterfinals of World Team Squash

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں