بارسلونا اسٹار فٹبالر لائنل میسی - 40 لاکھ یورو کی ٹیکس چوری کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

بارسلونا اسٹار فٹبالر لائنل میسی - 40 لاکھ یورو کی ٹیکس چوری کا الزام

دنیائے کھیل میں آمدنی کے اعتبار سے تازہ ترین فہرست میں 10واں مقام حاصل کرنے والے بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی پر 40 لاکھ یوروکی ٹیکس چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ فٹبالر نے اس کی تردید کی۔ لگاتار 4 سال سے دنیا کے بہترین فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے میسی نے کاتالونیا کے دفتر استغاثہ کی جانب سے اپنے خلاف لگائے گئے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اس بابت حیرت کا اظہار کیا۔ اسپین کے صوبہ کاتالونیا میں دفتر استغاثہ کے راکوئیل امادو نے پیدائشی طور پر ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹبالر میسی اور ان کے والد پر ٹیکس کی مد میں 4 ملین یورو کی چوری کے الزامات عائد کئے ہیں اور اس حوالے سے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔ ان کے مطابق اس رقم کا تعلق میسی کے امیج رائٹس سے ہے۔ میسی جو بارسلونا فٹبال کلب کیلئے کھیلتے ہیں، کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے میں میڈیا کے ذریعہ علم ہوا اور یہ کہ انہیں اپنے اور اپنے والد کے خلاف ان الزامات پر حیرت ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ 12 برس کی عمر میں ارجنٹائن سے نقل مکانی کرکے اسپین میں آباد ہونے والے میسی ہسپانوی شہری بھی ہیں۔ میسی نے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ہم حیران ہیں، ہم نے کبھی ایسا کام نہیں کیا اور ہمیشہ ٹیکس سے متعلق ضوابط کی پاسداری کی اور اپنے مشیران ٹیکس کے مشوروں پر عمل کیا ہے۔ وہی اس بارے میں وضاحت پیش کریں گے۔ میسی کے والد خورگے میسی جو میسی کے منیجر بھی ہیں، اس ضمن میں کہتے ہیں کہ یہ سارا معاملہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ وکیل استغاثہ امادو کا الزام ہے کہ میسی کے والد نے میسی کے امیج رائٹس کو یوروگوئے اور کئی ایسے ملکوں میں فروخت کیا جہاں ٹیکس قوانین سخت نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 2007ء سے 2009ء تک ان رائٹس کی فروخت پر کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ میسی کو دنیا کا بہترین فٹبالر قراردیا جاتا ہے۔ ان کے بے شمار مداحوں اور فٹبال کے بہت سے ماہرین انہیں پیلے اور میراڈونا کے بعد تاریخ کا بہترین فٹبالر مانتے ہیں۔ وہ ایف سی بارسلونا کیلئے کھیلتے ہوئے 3 یورپی چمپئن شپ اور متعدد ہسپانوی لیگ ٹائٹلس جیت چکے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے ایک ہی سال میں کلب اور اپنے ملک کی قومی ٹیم کیلئے 91 گول کرکے سال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے سیزن میں انہوں نے بارسلونا کیلئے 46 گول کئے جوکہ اس برس یورپی کلب فٹبال میں سب سے زیادہ گول ہیں۔ گوکہ بارسلونا چمپئنس لیگ کے سیمی فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ سے بری طرح ہار گیا تھا تاہم اس نے ہسپانوی لیگ ٹائٹل بہرحال اپنے نام کرلیا تھا۔ میسی کا ایف سی بارسلونا کے ساتھ معاہدہ 2018ء تک ہے۔ ان کی اس کلب سے سالانہ آمدنی 16 ملین یورو ہے جبکہ اتنی ہی رقم وہ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے بھی کمالیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 4 ملین کی رقم میسی کیلئے انتہائی معمولی ہے مگر اس سے ان کی شہرت پر حرف آسکتا ہے کیونکہ وہ نہ صرف اپنے کھیل بلکہ کھیل کے باہر اپنی سادگی اور عجز کے حوالے سے بھی اچھی شہرت رکھتے ہیں۔

Spanish prosecutor lodges 4-million euro tax fraud case against Lionel Messi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں