کنفیڈریشن کپ - برازیل فائنل میں داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-28

کنفیڈریشن کپ - برازیل فائنل میں داخل

پولینہو کے آخری لمحوں میں ہیڈر سے کئے گئے گول کی بدولت میزبان برازیل نے یوروگوئے کو چہارشنبہ کے روز 2-1 سے شکست دے کر کنفیڈریشن کپ فٹ بال ٹورنمنٹ کے فائنل میں قدم رکھ لیا۔ مینے رایو اسٹیڈیم میں کوئی 60 ہزار شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں یوروگوئے کے اسٹار اسٹرائکر ڈائیگو فرلان نے 13ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرنے کا موقع گنوا دیا۔ فریڈ نے41ویں منٹ میں گول کرکے برازیل کو نصف وقت تک 0-1 سے آگے کردیا تھا لیکن ایڈنسن کوانی نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے یوروگوئے کو برابری پر کردیا۔ پولینہو نے اختتام سے 6 منٹ قبل فیصلہ کن گول داغ کر کے برازیل کو فائنل میں پہنچا دیا جہاں اس کا مقابلہ اسپین اور اٹلی کے مابین ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ برازیل نے اس میاچ کیلئے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی۔ اٹلی کے خلاف آخری لیگ میاچ کھیلنے والے ہرنانیس کی جگہ پر پولینہو کو مڈفیلڈ کی ذمہ داری دی گئی۔کھیل کے41ویں منٹ میں مڈفیلڈر نیمار نے پولینہو سے ملی گیند پر فریڈ کے لئے بہترین موقع بنایا۔ فریڈ کو صرف گیند کو چھونا تھا اور یہ کام آسانی سے کرتے ہوئے انہوں نے برازیل کو سبقت دلا دی۔ برازیل کی سبقت صرف سات منٹ ہی رہ سکی ۔ ہاف ٹائم کے تین منٹ بعد ہی یوروگوئے نے گول کرکے برابری حاصل کرلی۔ کھیل کے 86 ویں منٹ میں نیمار کے کارنر پر پولینہو نے ہیڈر سے شاندار گول کئے۔نیمار کو ان کی کارکردگی کے لئے ٹورنمنٹ میں مسلسل تیسری مرتبہ مین آف دی میاچ منتخب کیا گیا۔ برازیل کی یہ ٹورنمنٹ میں چوتھی اور لوئز فلپ اسکولاری کی کوچنگ میں مسلسل پانچویں جیت ہے۔ برازیل کی یوروگوئے کے خلاف مسلسل آٹھویں جیت ہے۔ ٹیم نے 2001 سے اب تک اپنے اس پڑوسی ملک کے خلاف کوئی میاچ نہیں ہارا ہے۔

ومبلڈن - راجر فیڈرر کو بھی شکست
لندن
(ایجنسیز)
ومبلڈن کے دفاعی چمپئن سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر یوکرین کے سرجی سٹاکہوسکی کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔یوکرین سے تعلق رکھنے والے سرجی نے ومبلڈن چمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں فیڈرر کو 6-7(5-7),7-6(7-5),7-5,7-6,(7-5) سے شکست دی۔31 سالہ فیڈرر اس سے پہلے 7 بار ومبلڈن چمپئن شپ جیت چکے ہیں۔خیال رہے کہ سال2002کے بعد فیڈرر پہلی بار اس ٹورنمنٹ سے باہر ہوئے ہیں ۔ سال 2002 میں فیڈرر ومبلڈن چمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں شکست سے دو چار ہوئے تھے ۔ سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر سال 2003میں بھی فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں راجر فیڈرر کو شکست دینے والے سرجی نے میاچ کے بعد کہا میں آج اس سے بہتر کھیل پیش نہیں کر سکتا تھا ۔اس سے پہلے سابق ومبلڈن چمپئن اسپین کے رافل ندال اسٹیو ڈارسس کے ہاتھوں حیران کن شکست کھاکر ٹورنمنٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہو گئے تھے۔ بلجیم سے تعلق رکھنے والے اسٹیو ڈارسس نے کورٹ نمبر ایک پر کھیلے جانے والے میاچ میں رافل ندال کو 7-6,7-6 اور 6-4 سے شکست دی تھی۔دریں اثناء کل شب کھیلے گئے مردوں کے دوسرے دو رمیں 25 ویں درجہ کے بینوئی پیرے نے اسٹیفن رابرٹ پر 6-4,7-5,6-4 سے ہرادیا ۔ 22 ویں درجہ کے جرگن ملزر نے جولین ریسٹر کو 3-6,7-6(7-2),7-6(7-5),6-2 سے ہرادیا ۔ 24 ویں درجہ کے جرزی یانووچ نے اس وقت کامیابی حاصل کی جب ان کی حریف راڈک اسٹیپانک نے 6-2,5-3 سے پچھڑنے کے بعد میاچ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ۔ برطانوی شائقین کیلئے خوشخبری رہی کہ نمبر 2 کھلاڑی اینڈی مرے نے دوسرے دور میں ین سن لو کو 6-3,6-3,7-5 سے ہراکر تیسرے دور میں رسائی حاصل کرلی ۔ 20 ویں درجہ کے میخائل یوزینی کو کامیابی کیلئے 5 سٹوں تک مقابلہ کرنا پڑا جس میں انہوں نے 6-2,6-7(3-7), 7-6(9-7),3-6,6-4 سے کامیابی حاصل کی ۔ خواتین کے سنگلز دوسرے دور میں 22 ویں درجہ کی سورانا کسٹی نے کمیلا جارگی کے خلاف 6-7(7-9),6-7(6-8) سے شکست اُٹھائی ۔ جبکہ 17 ویں درجہ کی امریکی سلونی اسٹیفنس نے اینڈری پیکووچ پر 7-6(7-2),2-6,8-6 سے کامیابی حاصل کی ۔ 25 ویں درجہ کی ایکٹیرینا مکانووا نے گاربن بلائنکو کو 6-2,6-7(3-7),6-4 سے ہرایا ۔ 16 ویں درجہ کی سربیائی ایلینا اینکووچ بھی ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں جسے ویزنا ڈلوم نے 7-5,6-2 سے ہرایا ۔ فرانس کی میرین برتولی نے کرسٹینا میکھل پر 7-5,6-4 سے جیت حاصل کی ۔

آفریدی اور عبدالرحمن کے ٹسٹ لئے گئے
کراچی
(ایجنسیز)
ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس جانچنے کا عمل چہارشنبہ سے کوچ ڈیو واٹمور اور سلیکٹرز کی نگرانی میں شروع ہوگیا۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جب سورج سوا نیزے پر تھا اس وقت آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اور اسپنر عبدالرحمن نے فٹنس ٹسٹ دیا۔ لاہور میں دوپہر کو درجہ حرارت41 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اس وقت قومی اکیڈمی میں شاہد آفریدی اور عبدالرحمن کو مشکل فٹنس ٹسٹ سے گزرنا پڑا اس ٹسٹ کے دوران ٹرینر کے علاوہ واٹمور اور سلیکٹر اظہر خان بھی موجود تھے۔ سلیکشن کمیٹی کے ایک اور رکن سلیم جعفر بھی لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ جمعرات سے فٹنس ٹسٹ میں شریک ہوں گے۔ دریں اثناء پی سی بی نے انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں حارث سہیل اور صہیب مقصود کو فٹنس ٹسٹ کے لئے لاہور طلب کر لیا ہے۔ عمر اکمل، شرجیل خان، احمد شہزاد، اظہر علی سمیت مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹسٹ مکمل ہونے کے بعد یکم جولائی کو پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ چمپئنس ٹروفی کھیلنے والے زیادہ تر کھلاڑیوں کو فٹنس ٹسٹ کے مرحلے سے نہیں گزارا جائے گا۔ عبدالرحمن نے چونکہ ٹورنمنٹ کا کوئی میاچ نہیں کھیلا تھا اس لئے ان کا فٹنس ٹسٹ لیا گیا۔ پاکستانی ٹیم8سے28جولائی تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی البتہ حیران کن طور پر ابھی تک دورہ کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ گیانا اور سینٹ لوشیا پاکستان ٹیم کے میاچوں کی میزبانی کریں گے تاہم ابھی تک میزبان بورڈنے5ونڈے اور2ٹی 20 میاچوں کیلئے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ دو ہفتہ کی مسلسل ٹریننگ کے بعد مکمل ردھم سے بولنگ کر رہا ہوں۔ شاہد آفریدی قومی اکیڈمی میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔

الیسٹرکک، سچن کے ریکارڈ برابرکرسکتے ہیں: پیٹرسن
لندن
(یو این آئی)
انگلینڈ کے تجربہ کار بیاٹسمن کیون پیٹرسن نے کہا کہ ان کی ٹیم کے کپتان الیسٹر کک میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔ کک بھلے ہی ٹسٹ کرکٹ میں سچن سے کوئی 8 ہزار رن پیچھے ہیں لیکن پیٹرسن کا خیال ہے کہ کک ، ماسٹر بلاسٹر کے ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔ سچن نے اپنے ٹسٹ کیریر میں ابھی تک198 میاچس میں53.86 کے اوسط سے 15837 رن بنائے ہیں جبکہ کک نے ابھی تک92ٹسٹ کھیلے ہیں اور انہوں نے7524 رن بنائے ہیں۔ پیٹرسن نے کک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کک کی غیرملکی زمین پر ہندوستان کے خلاف پہلی سیریز تھی اور ہم نے ہندوستان کو شکست دی تھی۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ان کا کھیل وقت کے ساتھ بہتر ہوتا جارہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں وہ تمام ریکارڈ توڑ سکتے ہیں ۔

شین واٹسن ، ایشس سے ایکشن میں لوٹیں گے
سڈنی
(یو این آئی)
آسٹریلیا کے نئے کوچ ڈیرن لیہمن نے تصدیق کی کہ بیاٹسمن شین واٹسن ایشس سیریز کے پہلے ٹسٹ سے ٹیم میں اپنی واپسی کریں گے۔ لیہمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ناٹنگھم میں10جولائی سے شروع ہو نے جارہی ایشس سیریز کے پہلے ٹسٹ میں واٹسن اوپننگ میں بیاٹنگ کریں گے۔ آسٹریلیا کے آل راونڈر نے چہارشنبہ کو سمرسیٹ کے خلاف پریکٹس میاچ میں اوپننگ کرتے ہوئے سات گیندیں کھیلی تھیں۔ واٹسن نے سال 2011میں جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹسٹ میں اوپننگ کی تھی۔ سال 2011 سے 2013 کے درمیان واٹسن کو ٹسٹ اوسط میں کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ آسٹریلیا کے کوچ نے کہا کہ شین واٹسن ہمارے لئے ایشس میں اوپننگ کریں گے ۔ وہ اسے پہلے بھی اوپننگ میں بہترین بیاٹنگ کرچکے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ایشس میں بھی واٹسن اچھی کارکردگی کریں گے اور ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔

نئی دہلی
(ایجنسیز)
ہونڈا موٹر سائیکل اینڈ اسکوٹر انڈیا (ایچ ایم ایس آئی) نے جمعرات کو عالمی معیار کی بائیک CBR250R کی شروعات کی جس کی قیمت دہلی میں 1.56 لاکھ اور 1.86 لاکھ کے درمیان ہے ۔ ایچ ایم ایس آئی نے ایک بیان میں کہا کہ 2013 کا CBR250R ماڈل ماسوا مسلمہ ڈیلرشپ ہونڈا کے تمام شورومس میں فروخت کیلئے اس ماہ کے اواخر سے دستیاب رہے گا ۔ایچ ایم ایس آئی نے نائب صدر(سیلس اینڈ مارکٹنگ) وائی ایس گلیریا نے کہاکہ ہندوستانی بائیک ریس کے پر جوش نوجوانوں کی توقعات کو پوراکرنے کیلئے ہم نے 4 نئے رنگوں میں پر کشش CBR250R کوفروغ دیا ہے ۔ کمپنی نے کہا کہ محدود تعداد میں مخصوص کلر کی بائیک جس کی دہلی میں قیمت 1.9 لاکھ روپئے ہے ، صرف اکتوبر 2013 تک دستیاب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی این اے کی ہونڈا رپسول ٹیم کے موٹوجی پی بائیک دوڑ میں نوجوان و پُر جوش سواروں کیلئے یہ بائیک ان کے معیارپر پورا اترے گی ۔ CBR250R پاور لکوڈ کولڈ 250CC ، 4 اسٹروک ، 4 وال اور سنگل سلینڈر انجن پر مشتمل ہوگی ۔

ویبر ، فارمولہ ون کو الوداع کہیں گے
سڈنی
(یو این آئی)
رفتار کے ساتھ اپنے12سال کے رشتے پر روک لگاتے ہوئے آسٹریلیا کے مارک ویبر فارمولہ ون کو الوداع کہنے جارہے ہیں۔ ریڈ بل کے 36 سالہ ڈرائیور ویبر نے جرمنی کمپنی پورش کی نئی اسپورٹس کار پروگرام کا حصہ لینے کے بعد فارمولہ ون چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیائی ڈرائیور نے جمعرات کو اس کا اعلان کیا۔ ویبر نے اپنے کیریر میں نو ریس جیتی ہیں جبکہ وہ دو مرتبہ تیسرے مقام پر رہیں۔ آسٹریلیائی ڈرائیور نے کہا کہ فارمولہ ون کے بعد اب میں پورش کے ساتھ اپنی نئی شروعات کولے کر بے حد خوش ہوں۔ میں اب دنیا کی سب سے تیز کار چلانے کے لئے مزید انتظار نہیں کرسکتا ہوں۔ ویبر ریڈ بل کا حصہ بننے سے پہلے میناردی ، جگوار اور ولیمس کا حصہ رہ چکے ہیں۔

برطانیہ اوپن کے فاتح کو 14 لاکھ ڈالر ملیں گے
لندن
(یو این آئی)
سال2013 برطانیہ اوپن گولف ٹورنمنٹ کے فاتح کو اس سال14.5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم سے سرفراز کیا جائے گا جو پچھلے سال کے مقابلے اس سال 45 ہزار پاونڈ زیادہ ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے مرفیلڈ میں18جولائی سے شروع ہونے والے اس ٹورنمنٹ کی کُل انعامی رقم ڈھائی لاکھ پاونڈ سے 5.25 لاکھ پاونڈ تک ہے۔ جنوبی افریقہ کے اینی ایلس برطانیہ گولف ٹورنمنٹ کے سابق فاتح ہیں ۔

کیرئر کو پروان چڑھانے میں اسپورٹس صحافیوں کا اہم رول رہا:وی وی ایس لکشمن
حیدرآباد
(اعتماد نیوز)
سابق ٹسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹوں کے درمیان کرکٹ میاچ کامشاہدہ کرتے ہوئے وہ بے حد خوش ہیں ۔ انہوں نے از راہ مذاق کہا کہ میدان پر ان کی کارکردگی کے بارے میں وہ تبصرہ کرتے ہوئے خوش ہوں گے۔ وی وی ایس لکشمن نے آج یہاں ایل بی اسٹیڈیم پر آندھراپردیش اسپورٹس جرنلسٹس اسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر دوستانہ میاچ کے آغاز کے موقع پر ان خیالات کااظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس پابندی کے ساتھ کھیلیں تو وہ اپنی فٹنس کی سطح کو بہتر بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر یہ بات کہی کہ جب وہ انڈر 16 کرکٹ کھیلتے تو اس وقت سے ہی اسپورٹس جرنلسٹوں نے ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی اور ان کو آگے بڑھایا ۔ 3 مرتبہ اولمپک مقابلوں میں حصہ لینے والے ہاکی کھلاڑی مکیش کمار نے بھی ان ہی خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ جب یہ اس تقریب کے لئے مدعو کیا گیا تو انہیں وہ سارے فیچرس یاد آگئے جو اسپورٹس صحافیوں نے ان کے بارے میں لکھے تھے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسپورٹس جرنلسٹس اس طرح کی سرگرمیوں میں مزید حصہ لیں گے ۔ مکیش نے رسمی طور پر بولنگ اور لکشمن نے بیاٹنگ کرتے ہوئے ولسن الیون اور ٹی این پلے الیون میاچ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انگریزی ، تلگو ، ہندی اور اردو پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اے پی اسپورٹس جرنلسٹس اسوسی ایشن کے ارکان کے مابین کرکٹ میاچ کا انعقاد
حیدرآباد
(اعتماد نیوز)
آندھراپردیش اسپورٹس جرنلسٹس اسوسی ایشن کے ارکان کے مابین کھیلے گئے آج واحد کرکٹ میاچ میں ولسن الیون نے ٹی این پلے الیون کو 7 وکٹ سے ہرادیا ۔ لال بہادر اسٹیڈیم پر کھیلے گئے اس میاچ میں ٹی این پلے الیون نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان سے 83 رن کا مسابقتی اسکور کھڑا کیا ۔ چندر شیکھر نے 21 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی ۔ احتشام الحسن نے 12 رن اسکور کئے ۔ جگناتھ داس نے 7 رن دے کر 2 ، نلیش جوشی نے 23 رن دے کر 2 اور سولومن ایس کمار نے 11 رن کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں ولسن الیون نے جیت کا نشانہ صرف 3 وکٹ کھوکر عبور کرلیا ۔ نلیش نے 24 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ سولومن نے 17 رن بناکر فاتح ٹیم کیلئے دوسرا بڑا اسکور کیا ۔ سیتا رام ، سنتوش اور احتشام الحسن کو فی کس ایک وکٹ ملی ۔ نلیش جوشی کو ان کے آل راؤنڈر مظاہرہ (24 رن ناٹ آؤٹ اور 2/23 ) پر میان آف دی میاچ کا ایوارڈ قرار دیا گیا ۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اسپورٹس اتھاریٹی آف آندھراپردیش ڈاکٹر کے ٹی ایس راؤ آئی آر ایس نے فاتح اور رنرس اپ ٹیموں میں ٹروفیز تقسیم کیں ۔

میرے اندر ابھی بہت ٹینس باقی: فیڈرر
لندن
(یو این آئی)
گراس کورٹ کے بادشاہ تسلیم کئے جانے والے سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے11سال میں پہلی مرتبہ ومبلڈن میں دوسرے راونڈ میں ہی باہر ہونے کے باوجود17 مرتبہ کے گرانڈ سلام فاتح کا کہنا ہے کہ ان میں ابھی کافی ٹینس باقی ہے۔ ومبلڈن کی تاریخ میں سابق چمپئن کی شکست سے ٹینس دنیا حیرت میں ہے۔ خیال رہے کہ31سالہ فیڈرر کو مردوں کے سنگلز کے دوسرے راونڈ میں دنیا کے116ویں نمبر کے کھلاڑی یوکرین کے سرجیئی اسٹاکووسکی سے 6-7,7-6,7-6,7-5,7-6 سے شکست کھاکر ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے۔ فیڈرر نے شکست کے بعد کہا کہ میرے اندر ابھی کافی ٹینس موجود ہے اور ابھی کچھ سال اور کھیلنے کا ان کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شکست سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ اتنے اچھے ریکارڈ کے بعد آ پ اسے مایوس کن کارکردگی کہہ سکتے ہی لیکن اگر دیکھاجائے تو پچھلے 8 مہینے میں میری کارکردگی اچھی رہی ہے ۔ میں نے آسٹریلین اوپن میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔17 مرتبہ کے گرانڈ سلام فاتح نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں اب میرے پاس زیادہ متبادل ہیں۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اتنا خراب نہیں کھیلا ۔ سب کچھ یہیں پر ختم نہیں ہوتا ہے۔ میرے اندر اب بھی کافی ٹینس ہے اور فی الحال ریٹائرمنٹ کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ حریف کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے جب کم رینک کے کھلاڑی یہ سوچتے ہیں کہ وہ چوٹی کے کھلاڑیوں کو شکست نہیں دے سکتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ نوجوان کھلاڑی اب زیادہ فوکس کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ویمبلڈن کے دفاعی چمپئن راجر فیڈرر یوکرین کے اسٹاکووسکی کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔اسٹاکووسکی نے ویمبلڈن چیمپئین شپ کے دوسرے راؤنڈ میں فیڈرر کو چھ سات، پانچ سات، سات چھ، سات پانچ، سات پانچ، سات چھ اور سات پانچ سے شکست دی ہے ۔

بوپنا اور ویسلن دوسرے دور میں
لندن
(یو این آئی)
ہندوستان کے روہن بوپنا اور ان کے فرانسیسی جوڑی دار ایڈورڈ روجر ویسلین نے فن لینڈ کے جارکو نیمنین اور روس کے دیمتری ترسنوف کو مسلسل سیٹوں میں 7-6,6-2,7-6 سے ہراکر ومبلڈن ٹینس چمپئن شپ کے مردوں کے ڈبلز کے دوسرے دور میں جگہ بنالی ہے۔ بوپنا اور ویسلین کی 14 ویں سیڈ جوڑی نے دو گھنٹے نو منٹ میں یہ مقابلہ جیتا۔ انہوں نے پہلے سیٹ کا ٹائی بریک سات۔پانچ اور تیسرے سیٹ کا ٹائی بریک آٹھ۔چھ سے جیتا۔ فاتح جوڑی کا دوسرے میں جرمنی کے ڈینیل برانڈس اور چیک جمہوریہ کے لوکاس روسول کی جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔ اس سے قبل مہیش بھوپتی اور ان کیجوڑی دار آسٹریا کے جولین نولس کی آٹھویں سیڈ جوڑی اور خاتون گروپ میں ہندوستان کی ثانیہ مرزا اپنی جوڑی دار لیزیل ہیوبر کے ساتھ دوسرے دور میں پہنچ گئی ہیں۔ بھوپتی اور نولس کا دوسرے دور میں امریکہ کے نیکولس منرو اور جرمنی کے سائمن اسٹیڈلر کی جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔

جمشیدپور
(یو این آئی)
تیرھویں جھارکھنڈ اسٹیٹ خاتون شطرنج چمپئن شپ اور انڈر15سب جونیئر لڑکے اور لڑکیوں کے شطرنج چمپئن شپ آئندہ 7 سے10جولائی تک دمکا میں منعقد کی جائے گی۔ آل جھارکھنڈ چیس ایسوسی ایشن کے سکریٹری نیرج مشرا نے آج یہاں بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ خاتون چمپئن شپ میں کارکردگی کی بنیاد پر25جولائی سے تین اگست تک کیرل کے تیشور میں ہونے والے نیشنل وومین چیلنجرس ٹورنمنٹ کیلئے ریاست کی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی طرح اسٹیٹ سب جونیئر چمپئن شپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کولکتہ میں5 سے13اگست تک منعقد قومی سب جونیئر اوپن اور گرلس چمپئن شپ کیلئے جھارکھنڈ کی ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔

رانچی
(ایجنسیز)
مراعات سے محروم کم عمر لڑکیوں جن کا رانچی کے قریب اورمن جی سے تعلق ہے ، اسپین میں قومی پرچم تھامنے کا موقع ملے گا جیسا کہ انسانیت کیلئے کام کرنے والی ایک تنظیم اور ٹاملناڈو کی ایک کمپنی نے اس ضمن میں پہل کی ہے ۔ غیر منفعت بخش ادارہ یووا انڈیا ٹرسٹ جس کے سربراہ فرانس گاسٹلر ہے نے 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کی 18 رکنی فٹبال ٹیم کو متعارف کیا ہے جو اسپین میں جولائی کے ابتدائی 2 ہفتوں میں سان سباسٹین (ڈونوسٹی کپ) اور وکٹوریہ گاسٹیز (گاسٹیز کپ) میں لڑکیوں کے 2 ٹورنمنٹ میں کھیلے گی ۔ یووا کی اس پہل کو چینائی میں قائم ونڈٹربائن نامی ایک بڑی کمپنی گمیسا انڈیا کا تعاون حاصل ہے ۔ گاسٹلر نے کہا کہ ہم ان لڑکیوں کے مستقبل کو فٹبال کے ذریعہ از سر نو لکھنا چاہتے ہیں ۔ یہ ایسا کھیل ہے جو ان لڑکیوں کو ان کے بہتر مستقبل کے بارے میں خواب کو تقویت دے گا ۔ گاسٹلر کی تنظیم دیہی جھارکھنڈ میں سماج کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔

Confederations Cup - Paulinho heads Brazil into final

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں