وزرائے اعلیٰ کانفرنس - نکسل متاثرہ ریاستوں کو خصوصی امداد دی جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-06

وزرائے اعلیٰ کانفرنس - نکسل متاثرہ ریاستوں کو خصوصی امداد دی جائے

اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے نکسل ازم سے نمٹنے کیلئے اس سے متاثرہ ریاستوں کو خصوصی مدد دینے کے ساتھ ہی قومی دارالحکومت خطہ میں آنے والے اضلاع میں پولیس نظم کو مستحکم کرنے اور پولیس کی جدید کاری کیلئے مرکز سے رقم فراہم کرانے کی درخواست کی۔ مسٹر یادو نے آج یہاں داخلی سلامتی پر منعقدہ وزرائے اعلیٰ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج نکسلی مسئلہ سب سے بڑے مسئلہ کے طورپر ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ ہمیں اس کی تہہ میں جانا ہوگا اور متاثرہ علاقوں میں جامع ترقی پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے نکسل متاثرہ ریاستوں کو خصوصی اضافی مرکزی رقم فراہم کرنے اور ساتھ ہی خاطر خواہ سکیورٹی فورس دستیاب کرانے کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے یوپی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ آبادی اور جغرافیائی نقطہ نظر سے یہ بڑی ریاست ہے اور اس لحاظ سے اس کے داخلی سلامتی کا مسئلہ بھی اتنا ہی بڑا ہے۔ انہوں نے ریاست میں ہی مرکزی سکیورٹی فورسز کی بٹالین تعینات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اسی موقع پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج اس بات کی شکایت کی کہ مرکزی حکومت ایک طرف تو مرکزی ریزرو پولیس فورس کی خاطر خواہ بٹالین ریاستوں کو مہیا نہیں کرارہی ہے اور دوسری طرف دستیابی کرائی گئی مرکزی فورسز کیلئے ریاستوں سے پیسے بھی لے رہی ہے۔ مسٹر کمار نے آج یہاں داخلی سلامتی پر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں یہ شکایت درج کرائی۔ انہوں نے مجوزہ انسداد دہشت گردی مرکز (این سی ٹی سی) کے سلسلے میں ترمیم شدہ مسودہ پر بھی اعتراض کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مرکزی حکومت بائیں بازو کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ریاستوں کو سی آر پی ایف کی بٹالین فراہم کرتی ہے اور ہر ریاست کو اس کی ضرورت کے مطابق بٹالین نہیں مل پارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصہ سے بہار کو دستیاب کرائی گئی سی آر پی ایف کے جوانوں کی تعداد ضرورت سے کم رہی ہے اور اس سلسلے میں ہماری درخواست کو بھی پورا نہیں کیا گیا حتی کہ مرکز نے بہار سے سی آر پی ایف کی دو بٹالین واپس لینے کا فیصلہ کیا گوکہ اس نے بعد میں اپنا یہ فیصلہ بدل دیا۔ چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ رمن سنگھ نے اس موقع پر نکسل ازم اور دہشت گردی کو ایک قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ جمہوریت پر منڈلانے والے اس خطرے سے قومی اتفاق رائے کے ساتھ مکمل اتحاد اور سختی کے ساتھ نہیں نمٹا گیا تو اسے ختم کرنا مشکل ہوگا۔ نکسل ازم کو قبائلی اکثریتی علاقوں میں سماجی اقتصادی اور ڈھانچہ جاتی ترقی کا مسئلہ بتانے والوں کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ڈاکٹر رمن سنگھ نے کہاکہ اسکولوں، پلوں، اسپتالوں کو بم سے اڑا دینے والے اور قبائیلوں سے کھانا تک چھین لینے والے نکسلیوں کے مسئلہ کو ترقی کا مسئلہ بتانا مضحکہ خیز ہے۔ وزیراعلیٰ جے للیتا نے اس موقع پر کہاکہ تمل ناڈو اس لئے امن کا گہوارہ بنا رہا ہے کہ ان کی حکومت نے انتھک نگرانی کے ذریعہ ماؤنوازوں کو اپنے قدم جمانے کی اجازت نہیں دی ہے گوکہ نکسلیوں نے اس ریاست میں اپنی جڑیں پھیلانے کی کوششیں کم نہیں کی ہیں۔

Chief Minister's Conference on Internal Security

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں