ورلڈکپ فٹبال ٹورنمنٹ - برازیل کی رینکنگ میں کمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-07

ورلڈکپ فٹبال ٹورنمنٹ - برازیل کی رینکنگ میں کمی

نئی دہلی
(یو۔این۔آئی)
ورلڈکپ فٹبال ٹورنمنٹ میں 5 مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے والی برازیل کی ٹیم کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ریکارڈ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے عالمی درجہ بندی میں 147 واں مقام حاصل کرلیا۔ ہندوستانی ٹیم اس درجہ بندی میں پہلے 150 ویں مقام پر تھی اور اب وہ 147 ویں جبکہ ایشیائی درجہ بندی میں 26 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ فیفا کی درجہ بندی میں برازیل کی ٹیم 22 ویں مقام پر چلی گئی ہے جہاں وہ ہانا اور مالی کے درمیان پوزیشن پرموجود ہے۔ فیفا سے جاری ہونے والی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ایشیائی ممالک کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جہاں سب سے اوپر مقام پر جاپان 32 ویں پوزیشن کے ساتھ موجود ہے۔ اس درجہ بندی کے 50 سرفہرست ممالک میں ایشیا کے جنوبی کوریا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ برازیل کی ٹیم نے حالیہ عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اسی وجہ سے اسے درجہ بندی میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ حالیہ دنوں میں برازیل کی ٹیم نے 6 انٹرنیشنل میاچس کھیلے جہاں اس کے 4 میاچس ڈرا رہے۔ برازیل فٹبال ٹیم حالیہ مقابلوں میں مسابقت اور کارکردگی میں تسلسل قائم نہیں رکھ سکی۔ برازیل کی ٹیم آئندہ برس منعقد ہونے والے ورلڈکپ میں میزبان کی حیثیت سے از خود شامل ہوگئی ہے۔ گذشتہ 2 برسوں کے دوران برازیل کی ٹیم نے صرف دوستانہ میاچس کھیلے ہیں جس کی وجہ سے اسے زیادہ پوائنٹس حاصل نہیں ہوسکے۔ تازہ درجہ بندی میں فائدہ والی ٹیموں میں مالی بھی شامل ہے جس نے بلجیم (12ویں پوزیشن)، بوسنیا (15ویں پوزیشن) اور البانیہ (38 ویں پوزیشن) سے اوپر مقام حاصل کیا۔ اوشیانا چمپئن کا ٹائٹل حاصل کرنے والی تاہیتی ٹیم نے 138 ویں پوزیشن حاصل کی ہے، اسے 3 مقام کا نقصان اٹھانا پڑا۔ فیفا کی تازہ درجہ بندی میں 4 سرفہرست مقاموں کی ٹیموں کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔ جرمنی، ارجنٹائن ، کروشیا اور اسپین کی ٹیم سے پیچھے ہیں۔ فیفا کی عالمی درجہ بندی میں 10 سرفہرست ٹیمیں اس طرح ہیں : اسپین پہلے‘ جرمنی دوسرے‘ ارجنٹائن تیسرے‘ کروشیا چوتھے‘ ہالینڈ 5 ویں‘ پرتگال چھٹے‘ کولمبیا 7 ویں‘ اٹلی 8 ویں‘ انگلینڈ 9 ویں اور ایکویڈور 10 ویں مقام پر ہے ۔

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے تیسرا و آخری ونڈے جیت لیا
ٹرینٹ برج
انگلینڈ نے تیسرے و آخری ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میاچ میں نیوزی لینڈ کو 34 رن سے ہرادیا۔ یہ میاچ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ، لارڈس اور روز باؤل میں پہلا اور دوسرا ونڈے جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکی ہے۔ اس کامیابی سے چمپئنس ٹروفی کے آغاز پر انگلش ٹیم کا حوصلہ کسی حد تک بلند ہوا ہے۔ چمپئنس ٹروفی میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ 16 ؍ جون کو کارڈیف میں ہوگا۔ انگلینڈ نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 287 رن بنائے۔ میاچ کے آخری 3 اوورس میں ایان مورگن اور جوس بٹلر نے مجموعی اسکور میں 64 رن جوڑے۔ اس جوڑی کے محاذ سنبھالنے سے پہلے 46 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر انگلینڈ کا اسکور 210 رن تھا۔ بل نے 96 گیندوں پر 82 رن بنائے۔ مورگن نے جو اس سیریز میں اپنے کھیلنے کا انداز واپس پانے کی جدوجہد میں لگے ہوئے تھے، شروعات میں کچھ دھیما کھیل دکھایا لیکن بعد میں جارحانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں میں 3 چھکوں کی مدد سے49 رن بنائے۔ بٹلر 16 گیندوں پر 47 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ بٹلر نے بھی 3 چھکے لگائے جن میں سے 2 آخری اوور میں لگائے گئے۔ آخری گیند پر اگر بٹلر چھکا لگانے میں کامیاب ہوجاتے تو ونڈے میاچس میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ ان کے نام ہوجاتا لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور انہیں 2 رنوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ 1996 ء میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان سنت جئے سوریہ نے 17 گیندوں پر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے شاندار شروعات کی لیکن ہر اہم موڑ پر اس کے وکٹ گرتے رہے۔ اس طرح 46.3اوورس میں نیوزی لینڈ کی ساری ٹیم 253 رن بناکر آوٹ ہوگئی۔

آئی پی ایف سی اے - آئی پی ایل طرز پر فٹبال ٹورنمنٹ کی مخالفت کرے گا
ممبئی
ملک کے 14 کلبوں کی قیادت کرنے والے انڈین پروفیشنل فٹبال کلب اسوسی ایشن (آئی پی ایف سی اے) نے اتفاق رائے سے آئے ایم جی ریلائنس کی اسپانسرشپ والے آئی پی ایل طرز پر فٹبال ٹورنمنٹ کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کلبوں میں بیشتر آئی لیگ کلبس شامل ہیں۔ ان کلبوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اگلے سال جنوری میں اسی وقت اپنی چمپئن شپ کا انعقاد کریں گے جب یہ ٹورنمنٹ ہوگا۔ آئی پی ایف سی اے کی میٹنگ یہاں منعقد ہوئی اور اس کی صدارت اس کے صدر آر اے جے گومس نے کی۔ میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی کلب آئی ایم جی ریلائنس ٹورنمنٹ کیلئے لون پر یا کسی دیگر ذرائع سے اپنے کسی کھلاڑی کو اجازت نہیں دے گا۔ میٹنگ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئی ایم جی ریلائنس سے معاہدہ کرنے والے کھلاڑی کو ان کلبس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

چمپئنس ٹروفی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں آج سخت مقابلہ متوقع
لندن
انگلینڈ میں 2004ء میں چمپئنس ٹروفی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم جب کل جمعہ کو پاکستان کے خلاف اپنے پہلے میاچ کیلئے میدان میں اترے گی تو اس کا مقصد اس مرتبہ بھی ٹائٹل کیلئے اپنی مضبوط دعویداری پیش کرنا ہوگا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز گروپ بی کی مضبوط ٹیمیں شمار کی جارہی ہیں جنہوں نے اپنے اپنے پریکٹس میاچس میں بھی اچھی کارکردگی پیش کی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے 2 پریکٹس میاچس میں پہلے میں آسٹریلیا سے 4 وکٹ سے شکست کا سامنا کیا وہیں دوسرے میاچ میں اس نے سری لنکا کو 17 رن سے ہرایا۔ دوسری جانب پاکستان نے اپنے واحد پریکٹس میاچ میں جنوبی آفریقہ کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ دونوں ہی ٹیمیں ایک دوسرے کو سخت چیلنج دینے کیلئے تیار ہیں۔ ویسٹ انڈیز کا چمپئنس ٹروفی میں بہت اچھا ریکارڈ رہا ہے ۔ 2004میں خطاب اپنے نام کرنے کے ساتھ ہی کریبیائی ٹیم ٹورنمنٹ کے پہلے سیزن 1998-99 ء میں اور 2006-07ء میں کھیلے گئے سیزن میں رنرس اپ رہ چکی ہے جبکہ پاکستان نے تاحال ایک بار بھی چمپئنس ٹروفی کا خطاب اپنے نام نہیں کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے اپنا آخری وارم اپ میاچ سری لنکا سے جیتا تھا۔ ٹیم کے پاس کرس گیل، جانسن چارلس، ڈرین براو، رام نریش سروان، کیرون پولارڈ، مارلن سیموئلس کی شکل میں بہترین کھلاڑیوں کی فوج ہے۔ گیل کے نام چمپئنس ٹروفی میں سب سے زیادہ 695 رن کا ریکارڈ بھی ہے جس میں ان کی 133 رن کی اننگز بھی شامل ہے۔ ایسے وقت میں پاکستانی گیند بازوں کو کریبائی طوفان سمیت ٹیم کے بہترین بیاٹنگ شعبہ کو قابو کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔ حالانکہ پاکستانی ٹیم نے پچھلے پریکٹس میاچ میں بہترین کارکردگی پیش کی تھی اور اس سے ظاہر ہے کہ ٹیم کی تیاری بھرپور ہے۔ پاکستان کے پاس عمران فرحت، ناصر جمشید، کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ کی شکل میں اچھے بیاٹسمن موجود ہیں اور جنید خان، اسد علی، وہاب ریاض، احسن عادل جیسے متوازن گیند باز بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ کریبیائی بولرس کی بات کی جائے تو کیمار روچ، روی رامپال، ٹینو بیسٹ، ڈیون براو اور سنیل نارائن کی طاقتور بولنگ لائن اپ کے سامنے پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے رن بنانا کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ چمئپنس ٹروفی کے اس آخری سیزن میں ٹائٹل حاصل کرنے کیلئے پاکستانی بولرس کو سخت محنت کرنی ہوگی۔

ندال اور جوکووچ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں داخل
پیرس
پیرس میں رواں فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں رافل ندال اور نواک جوکووچ کوارٹر فائنلس میں اپنے اپنے حریفوں کو ہراکر سیمی فائنلس میں پہنچ گئے۔ 7 بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتنے والے ندال نے اسٹانسلس وارینکا کو 6-2, 6-3, 6-1 سے شکست دی جبکہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے ٹومی ہاس کو 6-3, 7-6, 7-5 سے ہراکر سیمی فائنلس میں اپنی جگہ بنائی۔ ان دونوں کے مابین گزشتہ سال کے فرنچ اوپن کا فائنل بھی کھیلا گیا تھا اور اس بار بھی یہ دونوں اس ٹورنمنٹ کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں جن کے مابین اس بار سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر پہلے ہی کوراٹر فائنلس میں فرانسیسی کھلاڑی جو اولفریڈ سونگا سے شکست کھانے کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ سیمی فائنلس میں پہنچنے والے دوسرے 2 کھلاڑی سونگا اور ڈیوڈ فیرر ہیں۔ ندال نے میاچ سے قبل کہا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کا مقابلہ کروں گا اور میں جانتا ہوں کہ وہ کافی عرصہ سے بہترین نتائج دے رہے ہیں، میں میاچ کا منتظر ہوں اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میں ان کا مقابلہ کروں گا ہم تقریباً 30 بار ایک دوسرے کا مقابلہ کرچکے ہیں اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے کھیل سے بخوبی واقف ہیں۔ ندال نے اپنے بارے میں کہا کہ میں اپنے طور کھیلنے کی کوشش کررہا ہوں، اپنا کھیل پہچان رہا ہوں اور بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہا ہوں اور یہی طریقہ ہے سیمی فائنل میں کھیلنے کا۔ دوسری جانب جوکووچ نے کہا کہ میں میاچ کا منتظر ہوں اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میں ندال سے مقابلہ کروں گا، ہم تقریباً 30 بار ایک دوسرے کا مقابلہ کرچکے ہیں اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے کھیل سے بخوبی واقف ہیں۔ ندال اور جوکووچ کے مابین سیمی فائنل کے فاتح کا مقابلہ ڈیوڈ فیرر اور اولفریڈ سونگا کے مابین کھیلے جانے والے میاچ کے فاتح سے ہوگا۔

ٹم مے - کرکٹرس کی عالمی تنظیم کے سربراہ کے عہدہ سے مستعفی
سڈنی
فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرس اسوسی ایشن کے سربراہ ٹم مے نے اپنے عہدہ سے استعفٰی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کر کٹ میں جوڑ توڑ کر نے والی قوتوں کے منصوبوں اور دھمکیوں سے عاجز آچکے ہیں۔ کر کٹ میں سیاست کی وجہ سے کھیل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ نے ٹم مے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے بہت اہم کارنامے انجام دئیے جو اس سے پہلے کسی اور نہیں کیا۔ آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ انہوں نے پورے جوش و جذبہ سے اسوسی ایشن کی خدمت کی اور تمام کرکٹرس کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن ٹیلر، جنوبی آفریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیرس نے ٹم مے کے مستعفی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ 2005 میں انہوں نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرس اسوسی ایشن کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 1997میں انہوں نے آسٹریلیائی کرکٹرس اسوسی ایشنس کے پہلے صدر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ خیال رہے کہ ٹم مے گزشتہ ماہ آئی سی سی کے کرکٹرس کمیٹی کا انتخاب ہار گئے تھے۔

فواد احمد- ایشس سیریز کے ہیرو بن سکتے ہیں : شین وارن
سڈنی
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق لگ اسپنر شین وارن نے کہا کہ پاکستانی نژاد فواد احمد، ایشس سیریز کے ہیرو بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد، آسٹریلیا ایک بہتر زندگی کیلئے آئے ہیں جو بھی انہوں نے کیا وہ ایک دلچسپ کہانی ہے تاہم وہ ان کیلئے نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور امید کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کی آسٹریلیائی شہریت لینے کا مرحلہ جلد مکمل ہوجائے گا جس کے بعد وہ آسٹریلیائی ٹیم کے ایک اہم رکن ہوں گے اور اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کردیں گے۔ اگر فواد احمد کو ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تو وہ اس سیریز کے ہیرو بھی بن سکتے ہیں۔ چمپئنس ٹروفی میں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی کیلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کرکٹرس کی سخت نگرانی کرے گا
لندن
آئی پی ایل اور بنگلہ دیشں پریمئر لیگ میں میاچ فکسنگ کے انکشافات کے بعد آئی سی سی نے چمپئنس ٹروفی کے دوران بدعنوانیوں کو روکنے کیلئے سخت نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میگا ایونٹ میں تمام کھلاڑیوں کو سفر کے دوران اپنے موبائل فونس کوچ کے حوالے کر نے ہوں گے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سکیوریٹی یونٹ ان کی حرکات و سکنات کی سخت نگرانی کرے گا۔ اے سی ایس یو نے 8 میں سے 6 ٹیموں کو اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ بُکیز یا سٹہ بازوں سے کس طرح بچا جاسکتا ہے۔


چمپئنس ٹروفی کی بجائے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ منعقد کی جائے گی: آئی سی سی
لندن
گزشتہ 15 سالوں سے بین الاقوامی کرکٹ کا اہم حصہ رہی آئی سی سی چمپئنس ٹروفی آخری بار انگلینڈ میں شروع ہوگئی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل پہلے ہی اس ٹورنمنٹ کو آگے منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے اور 4 سال بعد 2017 میں اس کی جگہ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ منعقد کی جائے گی۔ آئی سی سی کے مستقبل کے دورہ کے پروگرام میں آگے چمپئنس ٹروفی کیلئے جگہ نہیں ہے۔ اس ٹورنمنٹ کی شروعات1998 میں آئی سی سی ٹورنمنٹ کے طور پر ہوئی تھی۔ اسے ہر 2 سال میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 2002 میں اس کو آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کا نام دیا گیا۔ آئی سی سی نے تینوں فارمیٹ کیلئے ورلڈ چمپئن شپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں پہلے ہی 50 اوورس کا ورلڈکپ موجود ہے اس لئے چمپئنس ٹروفی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی سی سی نے 2013 میں ہی ورلڈ چمپئن شپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کے سرکاری براڈ کاسٹر ای ایس پی این ؍ اسٹار اسپورٹس کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر اسے تبدیل کرنا پڑا۔ فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق اب جون 2017 میں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ منعقد کی جائے گی جس میں ٹسٹ کھیلنے والے تمام ممالک حصہ لیں گے۔ اسے ہر 4 سال میں ایک بار منعقد کیا جائے گا۔

اشرفل کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر ہونے کا امکان
ڈھاکہ
بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) میں میاچ فکسنگ کا اعتراف کرنے والے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اشرفل کے خلاف دھوکہ دہی کیلئے فوجداری مقدمہ دائر ہونے کا امکان ہے۔ قانونی ماہر کے مطابق اشرفل نے رقم کے عوض خراب کھیل پیش کیا، یہ بے ایمانی کے زمرہ میں آتا ہے۔ اگر پولیس یا کسی عام شخص نے مقدمہ درج کرادیا تو وہ مشکل میں پڑجائیں گے جبکہ اشرفل کا کہنا ہے کہ اعتراف کرنے کے بعد اطمینان محسوس کررہا ہوں اور گذشتہ رات چین کی نیند سوپایا، اب کسی دباؤ کا سامنا نہیں، چند افراد سے بات کی، کسی کے رویہ میں کوئی فرق محسوس نہیں کیا۔ اشرفل کی فرنچائس ٹیم ڈھاکہ گلیڈی ایٹرس کا کہنا ہے کہ ہم میاچ فکسنگ میں ملوث نہیں، اگر پائے گئے تو ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔

سائنا نیہوال ‘کوارٹرفائنل میں داخل
بنکاک
ہندوستان کی ٹاپ سیڈ اور دفاعی چمپئن سائنا نیہوال نے انڈونیشیا کی فیبی این گونی کو صرف 31 منٹ کے کھیل میں 21-12, 21-11 سے شکست دے کر تھائی لینڈ اوپن بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ دیگر مقابلوں میں ایچ ایس پرنے اور سریکانت نے بھی پری کوارٹر فائنل مقابلہ جیت کر آخری 8 کھلاڑیوں کے گروپ میں شمولیت حاصل کرلی جبکہ گذشتہ روز چوتھی سیڈیڈ کھلاڑی کو ہرانے والے وی سائی پرنیت اور آنند پوار کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین کے زمرہ میں ارون دھتی پنت وانے کو بھی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ سائنا نے اپنی انڈونیشیائی حریف کھلاڑی کو ٹورنمنٹ سے باہر کرنے کیلئے صرف 31 منٹ کا وقت لیا۔ سائنا نے میاچ کے دوران 10 اسمیش ونرس اور 10 نیٹ ونرس لگائے۔ ان کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ سنگاپور کی جوآن جو کے ساتھ ہوگا جنہوں نے ایک دیگر پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں اپنی ہم وطن جیاؤ لیانگ کو 25 منٹ میں 21-13, 21-11 سے ہرایا۔ اس دوران پرنئے نے سیکنڈ سیڈ کھلاڑی اور ہم وطن آنند پوار کو 49 منٹ تک چلے مقابلہ میں 19-21, 21-13, 21-13 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ انڈونیشیا کے وشنو یولک سے ہوگا جنہوں نے ہندوستان کے ایک دیگر کھلاڑی وی سائی پرنیت کو ایک گھٹہ 17 منٹ تک چلے میاچ میں 21-18, 16-21, 21-19 سے شکست دی۔ 13ویں سیڈ سریکانت نے کوریا کے ہوانگ جونگ سو کو 45 منٹ میں 21-19, 21-15 سے ہرایا۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ کوریا کے ہی وان ہو سون سے ہوگا جنہوں نے چینی تائپی کے سوان یی سو کو 13-21, 22-20, 21-14 سے ہرایا۔ خواتین کے سنگلس زمرہ کے پری کوارٹر فائنل میاچ میں 5وں سیڈ تھائی لینڈ کی سپت سیری تیراتنچئی نے 39 منٹ میں پنت وانے کو 21-16, 21-13 سے ہراکر ٹورنمنٹ سے باہر کردیا۔

ملبورن
فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرس اسوسی ایشن (ایف آئی سی اے) کے 8 برسوں تک صدر رہنے والے ٹم مے کے استعفی کے بعد پال مارش کو اسوسی ایشن کا کارگزار چیرمین مقر ر کیا گیا۔ فیکا کے سربراہ جمی ایڈمس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ مختلف کھلاڑیوں کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران کی اتفاق رائے سے مارش کو فیکا کا نیا سی ای او اور ایان اسمتھ کو نیا آرگنائزنگ آفیسر مقرر کررہے ہیں۔ اس سے قبل اسمتھ پروفیشنل کرکٹرس اسوسی ایشن (پی سی اے) میں سال 2004 سے لیگل ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز تھے۔

معروف اسپورٹس صحافی و کرکٹ امپائر گوپال بھارتیہ کا انتقال
الہ آباد ۔
معروف کھیل صحافی اور کرکٹ امپائر گوپال جی بھارتیہ کا آج صبح یہاں اپنی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ وہ 53 برس کے تھے اور غیر شادی شدہ تھے۔ وہ گزشتہ کافی عرصہ سے بیمار تھے۔ آج یہاں پریاگ کے رسول آباد گھاٹ پر ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں جہاں ان کے بڑے بھائی رام جی بھارتیہ نے ان کی چتا کو آگ دکھائی۔ مختلف اخبارات میں کھیل سے متعلق صحافتی خدمات انجام دینے والے گوپال جی بھارتیہ ریاستی سطح کے کرکٹ امپائر بھی تھے۔ ان کی آخری رسومات کے دوران کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات ، صحافی اور اہم شخصیات موجود تھیں۔

Brazil drop to record-low world ranking

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں