چمپئنس ٹروفی - آج آسٹریلیا اور انگلینڈ میں مقابلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-08

چمپئنس ٹروفی - آج آسٹریلیا اور انگلینڈ میں مقابلہ

دفاعی چمپئن آسٹریلیا چمپئنس ٹروفی کے گروپ اے مقابلہ میں کل ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹائٹل کے دفاع کی مہم کے ارادہ کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ آسٹریلیا نے 2006ء میں چمپئنس ٹروفی پر قبضہ کیا تھا اور یہی واحد ٹائٹل ہے جو اب تک آسٹریلیا کے پاس محفوظ ہے۔ آسٹریلیا کا چمپئنس ٹروفی میں شاندار ریکارڈ رہا ہے اور اب وہ ٹورنمنٹ میں مسلسل 8 میاچس میں جیت درج کرچکی ہے۔ اسے آخری مرتبہ 2006 ء میں اپنے ابتدائی میاچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری طرف انگلینڈ کے پاس گھریلو ماحول کے سبب ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع رہے گا۔ انگلینڈ کے پاس ٹاپ آرڈر میں ایان بل، الیسٹر کک اور جوناتھن ٹراٹ جیسے بیاٹسمن ہیں۔ ٹیم کے اسٹار بیاٹسمن کیون پیٹرسن گھٹنے کی چوٹ کے سبب باہر ہونے سے انگلینڈ کی مشکلیں ضرور بڑھی ہیں۔ ان کی غیرموجودگی میں ایان مورگن، جو روٹ اور جوس بٹلر پر رن بنانے کی ذمہ داری رہے گی حالانکہ روٹ اور بٹلر کے پاس زیادہ تجربہ نہیں ہے لیکن ان کے پاس ٹیم میں اپنی اہمیت ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع رہے گا۔ انگلینڈ کی گیندبازی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جیمس اینڈرسن، اسٹیون فن، اسٹیورٹ براڈ اور اسپنر گرائم سوان کا آخری 11 میں شامل ہونا یقینی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ٹیم برسنین اور اسپنر جیمس ٹریڈویل کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ ویسے انگلینڈ کا چمپئنس ٹروفی میں ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا ہے اور وہ صرف ایک مرتبہ2004 میں فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ جہاں تک آسٹریلیا کا سوال ہے تو اس کا چمپئنس ٹروفی میں ریکارڈ اچھا رہا ہے لیکن پچھلے سال اسے انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں 4-0 سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا کو اس مرتبہ ایشس سیریز کھیلنی ہے اور اس ٹیم کے 7 کھلاڑی چمپئنس ٹروفی میں شامل ہیں۔ کپتان کلارک اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ ایشس سیریز کیلئے یہ ٹورنمنٹ کتنا اہم ہے۔ اپنی فام میں واپسی کیلئے جدوجہد کررہے آسٹریلیا کے بیاٹسمن اگر چمپئنس ٹروفی میں شاندار کارکردگی پیش کرتے ہیں تو اس سے ایشس کیلئے ان کا حوصلہ بڑھے گا۔ ٹورنمنٹ کے پچھلے سیزن میں واٹسن نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آوٹ سنچری بناتے ہوئے اپنی ٹیم کا ٹائٹل پر قبضہ یقینی کیا تھا۔ آسٹریلیا کی بیاٹنگ کی ذمہ داری واٹسن، ڈیوڈ وارنر ، فلپ ہیوز، کلارک اور جارج بیلی پر رہے گی جبکہ گیندبازی میں آسٹریلیا کیلئے فالکنر ترپ کا پتہ ثابت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں آئی پی ایل میں راجستھان رائلس کیلئے شاندار کارکردگی پیش کی تھی۔

Champions Trophy 2013: England vs Australia today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں