سائنا نیہوال کو تھائی لینڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-08

سائنا نیہوال کو تھائی لینڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست

ہندوستان کی دفاعی چمپئن اور ٹاپ سیڈ کھلاڑی سائنا نیہوال کو آج سنگاپور میں رواں تھائی لینڈ اوپن بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں سنگاپور کی جوان جو کے خلاف 21-18, 12-21, 21-13 سے شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ سائنا نے 53 منٹ تک چلے مقابلہ میں اپنی حریف کھلاڑی کے ساتھ زبردست مزاحمت کی تاہم وہ جیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ وہ اس سے قبل چوٹ کے سبب مکسڈ ٹیم ٹورنمنٹ سدی رمن کپ میں بھی حصہ لینے سے قاصر تھیں اور تھائی لینڈ اوپن میں ان کا سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ اس مقابلہ میں سائنا نے اچھی شروعات کی اور پہلا گیم آسانی کے ساتھ جیت لیا تھا لیکن اس کے بعد وہ اپنا انہماک برقرار نہیں رکھ سکیں اور اگلے دونوں گیمس ہار کر ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔ سائنا پورے میاچ کے دوران ایک بھی اسمیش ونر اور نیٹ ونر نہیں لگا پائیں۔ پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 9 پوائنٹس تک زبردست کھیل دیکھنے کو ملا لیکن پھر سائنا نے برتری حاصل کرتے ہوئے پہلا گیم 21-13 سے آسانی سے جیت لیا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ سائنا اس میاچ میں جیت حاصل کرکے سیمی فائنل میں داخلہ یقینی کرلیں گی۔ جوان نے دوسرے گیم میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ میں شاندار واپسی کی۔ اس گیم میں 6-6 سے برابری کے بعد ہی جوان نے اپنی برتری 12-7 اور پھر اس کے بعد 19-11 کرتے ہوئے گیم 21-12 سے جیت لیا۔ 1-1 سے برابری کے بعد جوان کے حوصلے بلند ہوگئے لیکن سائنا نے اپنے تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے اچھی مسابقت دکھائی اور ایک وقت انہوں نے 14-11 سے برتری حاصل کرلی تھی۔ 15-13 کے اسکور پر جوان نے مسلسل 6 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 19-15 سے برتری بنالی۔ سائنا نے اس کے بعد مسلسل 3 پوائنٹس حاصل کئے لیکن جوان نے اہم مرحلہ پر کسی طرح کی غلطی نہیں کی اور 21-18 سے جیت حاصل کرکے سیمی فائنل میں داخلہ ہوگئیں۔ سائنا کی ہار کی بعد مردوں کے سنگلس زمرہ میں ایچ ایس پرنئے اور سریکانت ہی ہندوستانی کھلاڑی رہ گئے ہیں۔

یوسین بولٹ کو روم ڈائمنڈ لیگ میں شکست
روم
دنیا کے تیز ترین مرد سمجھے جانے والے یوسین بولٹ کو کل روم ڈائمنڈ لیگ میٹ میں 100 میٹر کی دوڑ میں جسٹن گیٹلن کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی لیکن اس شکست سے اگست میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ کیلئے اولمپک چمپئن کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ۔ امریکی گیٹلن جو 4 سال کے امتناع کے بعد لندن اولمپک کھیلوں میں برانز میڈل یافتہ ہے، 9.94 سیکنڈس میں فاصلہ طے کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور 0.01 سیکنڈس سے یوسین بولٹ کو پیچھے چھوڑدیا ۔ اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ جمائیکائی اتھلیٹ اپنے گھٹنے کے نیچے کی رگ کی تکلیف سے پوری طرح اُبھر نہیں پائے جس سے وہ اس سیزن کی شروعات سے قبل متاثر ہوئے تھے ۔ اس سے پہلے بولٹ کی شکست گزشتہ سال کی جمائیکن چمپئن شپ میں تھی جب ان کے مداح اور میڈیا کو اس وقت حیرت ہوئی جب یوہان بلیک نے دنیا کے دوسرے تیز ترین وقت 9.63 سیکنڈس کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی ۔ 26 سالہ بولٹ نے روم میں اچھی شروعا ت کی لیکن گیٹلن جنھوں نے دوحہ اور یوجین میں اس سیزن کی شروعات میں کامیابی حاصل کی، نصف مسافت میں اپنی سبقت قائم کی اور ان کا حریف کبھی بھی ان کی ہمسری کرتا ہوا نظر نہیں آیا ۔ 6 مرتبہ کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ یوسین بولٹ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ مضحکہ خیز تھا، ایک اچھی شروعات کی اور اس کے بعد میں پیچھے رہ گیا ۔ میرے خیال میں میں نے مہارت سے بھرپور شروعات کی اور خود مقابلہ چھوڑدیا ۔ جب دوڑ ختم ہوئی تو یہ میرے لئے نہیں تھی، کم ازکم مجھے 10 سیکنڈس کے اندر ہی مسافت طے کرنا تھا ۔ بولٹ بظاہر اپنی اس دوڑ کا حوالہ دے رہے تھے جب انھوں نے گزشتہ مہینے کیمن آئی لینڈ میں 10.09 سیکنڈس میں مسافت طے کی تھی ۔ خواتین کی 200 میٹر اولمپک چمپئن الیسن فیلکس کو بھی حیرت انگیز طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جب آئیوریکوسٹ کی میوریلی اہوری نے 22.36 سیکنڈس کے قومی ریکارڈ وقت میں کامیابی حاصل کی جبکہ فیلکس کا دوڑ کے دوران مظاہرہ ہمیشہ کی طرح چست نہیں تھا جس میں 22.64 سیکنڈس میں فیصلہ طے کیا ۔ اہوری نے مقابلہ کے بعد کہا کہ میں اپنی کامیابی کے بعد بہت خوش ہوں اور قومی ریکارڈ میرے لئے بونس کی حیثیت رکھتا ہے ۔ روم ڈائمنڈ لیگ میں کئی نئے عالمی ریکارڈس دیکھے گئے جن میں ایمنٹل ماونٹشو نے 400 میٹرس کی دوڑ میں 49.87 سیکنڈس کے ساتھ کارنامہ انجام دیا ۔ یہ وقت 2013ء کیلئے سب سے بہترین ٹائم ہے ۔ ماونٹشو نے کہا کہ آج اپنی کامیابی پر میں بے حد خوش ہوں ۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ورلڈ چمپئن شپ میں دوڑوں گا ۔ ایتھوپیا کی یینیو الامیریو نے 5000 میٹر کی دوڑ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ الامیریو نے گزشتہ ہفتہ یوجین میں ڈائمنڈ لیگ میٹ میں کینیاکی ایڈون سوئی کا ریکارڈ تقریباً 10 سیکنڈس کے فرق سے توڑدیا جب اس نے 12 منٹ 54.95 سیکنڈس کی دوڑ لگائی تھی ۔ سوئی جس نے اولمپک چمپئن موفرح کو یوجین میں ہرایا تھا، اس مرتبہ 13 منٹ 02.25 سیکنڈس کے ساتھ 5 ویں نمبر پر رہیں ۔

قانون میں خامیاں - اشرفل سزا سے بچ سکتے ہیں
ڈھاکہ
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل کرکٹ بورڈ کیلئے سر درد بن گئے۔ ان کے بنگلہ دیش پرئمیر لیگ (بی پی ایل) میاچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے اعتراف کے بعد ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس طرح بنگلہ دیش میں اس وقت میاچ فکسنگ کے مجرم کیلئے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ اشرفل کے سزا سے بچنے کے امکانات دکھائی دیتے ہیں۔ اینٹی کر پشن کمیشن کے چیرمین غلام رحمن نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے بہ اختیار ہے اور اشرفل کے خلاف کارروائی کرنے کا مجاز ہے۔ اگر بی سی بی ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تب کمیشن اس کارروائی کے بارے میں سوچے گا۔ دوسری جانب قانونی ماہر شرف الدین موکل نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے خلاف قانون موجود ہے۔ ان پر پینل کوڈ ایکٹ 420کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ سینئر وکیل محبوب شفیق کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسا کوئی قانون موجود نہیں جس سے کھیلوں میں کرپشن، اسپاٹ فکسنگ اور میاچ فکسنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔

لکھنو
چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے آج ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے والی پہلی خاتون معذور ارونیما سنہا کیلئے 20 لاکھ روپئے نقد ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ اکھلیش یادو جو سماج وادی پارٹی کی اسٹیٹ یونٹ کے صدر بھی ہیں، اپنی پارٹی کی جانب سے کوہ پیما کیلئے 5 لاکھ روپئے کا اعلان بھی کیا ۔ انھو ں نے اعلان اس وقت کیا جب ارونیما نے آج یہاں چیف منسٹر سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ یادو نے خاتون اتھلیٹ سے بات چیت کے دوران اس کے حوصلے کی زبردست ستائش کی۔

ممبئی
بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اور سٹہ بازی اسکینڈل میں اپنے بے قصور ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ کئی سیاستدان اور ان کے بیٹے سٹہ بازی میں ملوث تھے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ کل شام کمشنر پولیس کے دفتر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وندو نے کہا کہ وہ عدلیہ پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں اور انھیں یقین ہے کہ اس کیس میں وہ بری ہوں گے ۔ وندو دارا سنگھ عدالت کی ہدایت کے مطابق کل شام کمشنر پولیس کے دفتر پرحاضری دی تھی ۔ انھوں نے کہا کہ کرائم برانچ جس نے انھیں گرفتار کیا ہے ، کے خلاف انھیں کوئی شکایت نہیں ہے، پولیس نے اپنا کام کیا۔ ان سے مزید بات چیت ہوئی لیکن میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ۔ وندو نے مزید کہا کہ کروڑوں لوگ جوا کھیلتے ہیں لیکن اگر سٹہ بازی روک دی گئی تو پولیس کو بُکیز کو پکڑنے کی ضرورت ہوگی ۔ انھوں نے اس بات کو مانا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے کئی کرکٹرس سے وہ واقف ہیں مگر انھوں نے سٹہ بازی میں کچھ نہیں کیا ۔ وندو نے گروناتھ میاپن جو چینائی سوپر کنگس کے مالک ہیں، کی مدافعت کی اور دعویٰ کیا کہ وہ سٹہ بازی میں ملوث نہیں ہیں ۔

نیویارک
فوربس کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی سالانہ آمدنی 31.5 ملین امریکی ڈالرس ہے اور وہ سب سے زیادہ کمانے والے 100 اتھلیٹس کی فہرست میں 16 ویں مقام پر ہیں جبکہ افسانوی گولفر ٹائیگرووڈس کو پہلا مقام حاصل ہے ۔ میگزین کے مطابق 31 سالہ دھونی نے اس سال 15 مقامات کی چھلانگ لگائی ہے ۔ 2012 میں وہ 31 ویں مقام پر تھے ۔ بہ اثر بزنس میگزین نے گزشتہ سال انعامی رقم اور اشتہارات کے ذریعہ دھونی کی آمدنی کا تخمینہ 31.5 ملین امریکی ڈالرس سے زیادہ لگایا ہے ۔ امریکہ کے ووڈس (37 سال) 78.1 ملین امریکی ڈالرس کے ساتھ سرفہرست ہیں جس کے بعد سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر (71.5 ملین امریکی ڈالرس) کا مقام ہے ۔ اس سال کی فہرست میں صرف 3 خواتین شامل ہیں جن میں شاراپووا کو 29 ملین امریکی ڈالرس کے ساتھ 22 واں مقام ملا ۔ شاراپووا کے ساتھ سرینا ولیمس جس نے 20.5 ملین امریکی ڈالرس کمائی کو 68 واں مقام حاصل ہوا ۔ سرینا کی آمدنی میں 8.5ملین ڈالرس انعامی رقم شامل ہے ۔ چین کی لی نا کو مجموعی طور پر 85 واں مقام ملا جس کی کمائی 8.2 ملین امریکی ڈالرس رہی ۔

شکھر دھون نے ٹنڈولکر اور سہواگ کی کمی پوری کردی: کپل دیو
نئی دہلی
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتا ن کپِل دیو نے لندن میں رواں چمپئنس ٹروفی میں بہترین بیاٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر شکھر دھون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ٹیم میں وریندر سہواگ اور سچن ٹنڈولکر کی کمی پوری کردی۔ ہندوستان کے ایک دیگر سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں جیسے گوتم گمبھیر اور سہواگ کی ابھی بھی افادیت برقرار ہے۔ چمپئنس ٹروفی مقابلوں کی ہندی کامنٹری کرنے والے کپِل دیو نے اپنے ہی انداز میں کہا کہ "شکھر دا جواب نہیں"۔ واضح رہے کہ شکھر دھون نے گروپ بی کے پہلے میاچ میں کل جنوبی آفریقہ کے خلاف 114 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس کیلئے انہیں میان آف دی میاچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہندوستان نے یہ میاچ 26 رن سے جیت لیا تھا۔ کپِل دیو نے شکھر دھون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہندوستانی ٹیم کیلئے جن حالات میں ذمہ دارا نہ بیاٹنگ کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے اور دھون کو بلاشبہ ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں۔ سابق کپتان نے ساتھ ہی کہا کہ روہت شرما اور شکھر دھون سے اوپنگ کرانے کا فیصلہ اچھا فیصلہ تھا۔ 1983 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان کپِل دیو نے کہا کہ کھلاڑی کے ریکارڈ صرف خطابوں کیلئے ہوتے ہیں، اس وقت ہم نہ تو سچن، سورو گنگولی، سہواگ یا گمبھیر کے بارے میں بات کررہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہے کہ اس وقت ان کی کمی کوئی محسوس نہیں کررہا بلکہ ان کی ذاتی رائے یہ ہے کہ وہ عالمی مقابلوں میں ان کھلاڑیوں کو یاد بھی نہیں کررہے اور ان کا اندازہ ہے کہ شائد شائقین بھی سچن اور سہواگ کی کمی کو محسوس کررہے ہوں۔ دوسری جانب گواسکر نے کہا کہ عالمی مقابلوں میں جیت کے ساتھ شروعات کرنا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے لیکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اب بھی تسلسل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیند بازوں کو اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دینا ہوگا، اگر بولرس حریف ٹیم کو 300 یا اس سے زائد رن بنانے کا موقع دیتے ہیں تو اس سے واضح ہے کہ انہوں نے گیند بازی کی ذمہ داری کو صحیح طور سے انجام نہیں دیا۔ گواسکر نے سنچری بنانے والے شکھر دھون اور روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کا موازنہ ٹیم سے باہر کئے گئے وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کے ساتھ ہرگز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ روہت شرما اور شکھر دھو ن نے اچھی بیاٹنگ کی لیکن ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی کمی اب بھی محسوس کی جارہی ہے۔ قومی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو اپنی جگہ یقینی کرنے کیلئے ابھی بھی بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

راجستھان رائلس پر معطلی کا خطرہ
نئی دہلی
انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے سیزن میں چمپئن کا ٹائٹل حاصل کرنے والی راجستھان رائلس ٹیم کے مالک راج کندرا کی اپنی ٹیم پر سٹہ لگانے کے اعتراف کے بعد اس ٹیم پر معطلی کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے راہول دراویڈ کی زیر قیادت راجستھان رائلس ٹیم کا مستقبل طے کرنے کیلئے پیر کو ایک ہنگامی میٹگ طلب کی ہے۔ بی سی سی آئی کے کارگزار صدر جگموہن ڈالمیا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راج کندرا کے معاملہ میں ازخود فیصلہ لیا ہے اور اس سلسلہ میں 10 ؍ جون کو میٹنگ میں سنجیدگی کے ساتھ غوروخوص کیا جائے گا اور ٹیم کے بارے میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ آئی پی ایل میں سٹہ بازی اور اسپاٹ فکسنگ میں تحقیقات کرنے والی دہلی پولیس کے مطابق راج کندرا ٹورنمنٹ کے دوران اپنی ہی ٹیم پر سٹہ لگاتے رہے۔ دہلی پولیس نے کندرا کو اس سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے بلایا تھا اور ان سے کئی گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی تھی۔ کندرا پر ملک چھوڑ کر جانے پرپابندی عائدکردی گئی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کی ٹیموں کے درمیان معاہدہ کے مطابق اگر کوئی مالک ہوکر ایسی حرکت کرتا ہے جس سے بی سی سی آئی یا لیگ کا کردار خرا ب ہوتا ہے تو وہ معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔ سال 2008 میں آسٹریلیا کے سرکردہ لگ اسپنر شین وارن کی قیادت میں راجستھان رائلس نے ٹائٹل جیتا تھا۔ اس ٹیم کو سال 2010 میں مالکانہ حقوق کے مسئلہ پر ایک بار ٹورنمنٹ سے باہر کیا گیا تھا لیکن عدالتی مداخلت کے بعد اس کی لیگ میں واپسی ہوئی تھی۔ راجستھا ن رائلس کے علاوہ 2 مرتبہ کی چمپئن چینائی سوپر کنگس پر بھی پابندی کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ٹیم سے وابستہ عہدہدار اور بورڈ کے صدر این سرینواسن کے داماد گروناتھ میاپن کو سٹہ بازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈالمیا نے کہا کہ چینائی سوپر کنگس کے بارے میں بعد میں فیصلہ کیا جائے گا جب اس معاملہ میں تحقیقات کرنے والی ٹیم اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ دہلی پولیس نے راجستھان رائلس کے 3 کھلاڑیوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہی انڈین پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ اور سٹہ بازی کا انکشاف کیا تھا۔

مائیکل کلارک کا انگلینڈ کے خلاف حصہ لینا مشکوک
لندن
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک کی کمر میں تکلیف کی وجہ سے کل ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے چمپئنس ٹروفی میاچ میں شرکت مشکوک ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے فزیو تھراپسٹ الیکس کنٹورسٹ نے اپنے بیا ن میں کہا کہ کلارک کی کمر میں تکلیف دوبارہ لوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے ٹریننگ شروع نہیں کی، مکمل فٹیس کیلئے وہ آئندہ دو چار دن آرام کریں گے اس لئے انگلینڈ کے خلاف وہ میاچ میں دستیاب نہیں رہیں گے۔ کنٹورسٹ نے کہا کہ کلارک علاج سے مطمئن ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف چہارشنبہ کو کھیلے جانے والے میاچ میں دستیاب رہیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ انگلینڈ کے خلاف میاچ میں مائیکل کلارک کی عدم شرکت آسٹریلیا کیلئے ایک بڑا جھٹکا ہے۔ ہندوستان کے خلاف دوسرے پریکٹس میاچ میں آسٹریلیا کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہاکی انڈیا لیگ کا دوسرا سیزن اگلے برس جنوری میں منعقد ہوگا
نئی دہلی
ملک میں انڈین پریمرلیگ (آئی پی ایل) کی طرز پر شروع کی جانے والی ہاکی انڈیا لیگ (ایچ آئی ایل) کا دوسرا سیزن آئندہ برس 23 ؍ جنوری تا 23 فروری منعقد کیا جائے گا۔ ہاکی انڈیا نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ آئندہ سیزن میں ہاکی کی ایک نئی ٹیم کو شامل کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس سیزن میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد 6 ہوگی۔ ہاکی انڈیا لیگ کے چیرمین نریندر بترا نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ملک میں کرکٹ کی طرز پر ہاکی کو بھی فروغ حاصل ہورہا ہے اور ملک میں اب دوسرا ہاکی کا سیزن منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کا پہلا سیزن کافی کامیاب رہا تھا اور امید ہے کہ دوسرے سیزن میں بھی ٹورنمنٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں کے درمیان شائقین کو ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سیزن کے میاچس کا راست ٹیلی کاسٹ دنیا کے 47 ممالک میں کیا گیا تھا اور ان میاچس کو دیکھنے والے شائقین کی تعداد 4.1کروڑ تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سیزن کو راست ٹیلی کاسٹ کرنے کیلئے اسٹار اسپورٹس کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے۔ ٹورنمنٹ کے تمام میاچس کا راست ٹیلی کاسٹ ٹیلی ویژن پرکیا جائے گا۔ ہاکی انڈیا لیگ کے پہلے سیزن میں رانچی رائنوس نے چمپئن کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ ہاکی انڈیا لیگ کے پہلے سیزن میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ہالینڈ، جرمنی، ملیشیا، اسپین اور ارجنٹائن کے 50 سے زائد انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ علاوہ ازیں اس ٹورنمنٹ میں ملک کے 70 سے زائد کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

نئی دہلی
(پی ٹی آئی)
انڈین پرئمیر لیگ (آئی پی ایل) میں سٹہ بازی کے الزامات کا سامنا کرنے والے راجستھان رائلس کے مشترکہ مالک راج کندرا نے آج اپنے مقدمہ کی پیروی کیلئے نامور فوجداری وکیل مجید میمن کا تقرر کیا ہے ۔ راج کندرا سے پوچھ تاچھ کے بعد دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار نے کہا تھا کہ کندرا نے آئی پی ایل میاچس میں سٹہ بازی کا اعتراف کرلیا۔ لیکن کندرا جن کا پاسپورٹ ضبط کرلیاگیا ہے، اپنے موقف پر بہ ضد رہے اور کہا کہ حقیقت کا پتہ چلایا جائے ۔ کندرا نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ میں نے اپنے مقدمہ کی پیروی کیلئے اب مجید میمن کا تقرر کیا ہے اور میرے باضابطہ بیانات بہت جلد جناب میمن کے توسط سے آئیں گے ۔ سچ غالب آئے گا۔ راج کندرا جو برطانوی شہریت کے حامل ہیں، سے چہارشنبہ کو دہلی پولیس نے 11 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی جیساکہ کرکٹرس سدھارتھ ترویدی نے پولیس کو بتایا تھا کہ راجستھان رائلس کے مالک کے کاروباری رفیق اور دوست امیش گوئنکا نے ٹیم کی ہیئت تبدیلی اور پچس کے بارے میں معلومات کے حصول کیلئے ان کا استعمال کیا تھا ۔ نیرج کمار نے کہا تھا کہ کندرا نے سٹہ بازی کا اقبال کرلیا ہے اور انھوں نے اپنی ٹیم پر جوا کھیلا اور سٹہ بازی میں بھاری رقم ہاری ۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ کندرا نے سٹہ بازی کی لیکن میاچ فکسنگ نہیں کی ۔ راج کندرا، آئی پی ایل کی دوسری ٹیم کے مالک ہیں جبکہ اس سے پہلے چینائی سوپر کنگس کے گروناتھ میاپن پر بھی سٹہ بازی کا الزام عائد کیا گیاتھا ۔ اگر مالکین کے خلاف الزامات ثابت ہوگئے تو بی سی سی آئی ان ٹیموں کو آئی پی ایل سے معطل کرسکتا ہے ۔

بھوپال
مدھیہ پردیش اسٹیٹ شوٹنگ اکیڈیمی کے 2 شوٹرس نے جرمنی میں حالیہ اختتام پذیر انٹرنیشنل جونیر شوٹنگ چمپئن شپ کے ڈبل ٹریپ ٹیم مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کئے۔ ہندوستانی ٹیم میں مدھیہ پردیش شوٹنگ اسٹیٹ اکیڈیمی کے سنجے راٹھور اور سدھانچو پانڈے نے نمائندگی کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اترپردیش کے شیان مسعود بھی شامل تھے۔ اس ٹورنمنٹ میں روس نے پہلا مقام حاصل کیا تھا جبکہ اٹلی کو دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ راٹھور نے 150 میں سے 113 اور پانڈے نے 104 پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ سنجے اس سے پہلے بھی انٹرنیشنل چمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

برلن
جرمنی کے سرکردہ فٹبال کھلاڑی مائیکل بلیک کے عالمی مقابلوں سے وداعی میاچ میں ملک کے سرکردہ فٹبال کھلاڑیوں اور عہدیداران نے شرکت کی۔ بلیک کا شمار جرمنی کے مشہور ترین فٹبالرس میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2002ء اور 2006ء کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔ لائپزگ شہر میں اپنے الوداعی میاچ کے بعد جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا کہ بلاشبہ بلیک ایک اسٹار کھلاڑی ہیں۔ اس میاچ میں دنیا کے کئی نامور کھلاڑی شریک ہوئے جن میں دیدیئر دروگبا اور اندیرخ شیویٹشینکو شامل ہیں جبکہ معروف فٹبال ٹرینر خوسے مورینیو بھی گراؤنڈ میں میاچ دیکھنے کیلئے موجود تھے۔ اس موقع پر بلیک وہ پہلے جرمن کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے الوداعی میاچ میں 3 گول کئے۔ اس میاچ میں ان کا مقابلہ عالمی الیون سے تھا۔ بلیک کے بقول میاچ کے دوران میں نے محسوس کیا کہ ایک طویل عرصہ سے میں فٹبال سے دور ہوں ۔ میروسلاؤ کلوسے، رینے آڈلر، برنٹ شنائیڈر سمیت ماضی میں جرمن ٹیم کا حصہ رہنے والے دیگر کھلاڑی بلیک کی طرف سے کھیل رہے تھے۔45 ہزار شائقین فٹبال نے یہ میاچ دیکھا۔ بلیک کا کہنا تھا اسٹیڈیم بھرا ہوا تھا، سارے ٹکٹس بک چکے تھے۔ اس طرح کے میاچ کیلئے یہ کوئی عام سی بات نہیں ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جاری سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ جرمن ٹیم کے کوچ لوو اور بلیک کے مابین اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں تاہم میاچ دیکھنے کیلئے لائپزگ آمد پر لوو کا کہنا تھا کہ ہمارے مابین تمام معاملات ٹھیک ہیں اور مجھے بلیک کے الوداعی میاچ میں ان کی کارکردگی پر بہت خوشی ہے ۔ لوو نے بلیک کو ایک مثالی کھلاڑی قراردیا۔ اسی طرح جرمن ٹیم کے موجود کپتان فلپ لہم اور بلیک کے تعلقات بھی گزشتہ کئی برسوں سے خراب تھے۔ کہا جارہا ہے کہ وہ بھی کوچ یوآخم لوو کی طرح مفاہمت کا پیغام لے کر بلیک کا میاچ دیکھنے کیلئے لائپزگ آئے تھے۔ بلیک نے جرمنی کی 98 میاچس میں نمائندگی کی۔ ان کی قیادت میں جرمن ٹیم 2002ء کے ورلڈکپ اور 2008ء کے یوروکپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ وہ برطانوی کلب چیلسی، جرمن کلب بائرن میونخ، بائر لیورکوزن اور کائیزرزلاؤٹرن کی جانب سے بھی کھیلتے رہے ہیں۔

Saina Nehwal crashes out of Thailand Open

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں