اردو روزنامہ انقلاب- بہار میں بیک وقت 3 جگہوں سے اشاعت کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-28

اردو روزنامہ انقلاب- بہار میں بیک وقت 3 جگہوں سے اشاعت کا آغاز

بہار میں بیک وقت 3مقامات سے انقلاب کی اشاعت بہار کیلئے ایک گراں قدر تحفہ ہے۔ خداوند کریم اس قدم کو ملک و ملت کیلئے باعث خیر بنائے۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں دفتر انقلاب میں ایک دعائیہ تقریب کے دوران علماء و دانشوران نے کیا۔ اس موقع پر مولانا مفتی عبدالواحد قادری امین شریعت ادارہ شرعیہ بہار نے اپنے دعائیہ کلمات میں کہاکہ ہماری دعا ہے کہ انقلاب بہار کیلئے ایک بیش بہا تحفہ ثابت ہو۔ جبکہ امارت شرعیہ پھلواری شریف کے نائب ناظم مفتی ثناء الہدی قاسمی نے کہاکہ غیر جانبداری ایک کھوکھلا نعرہ ہے۔ صحافت کو حق کا طرفدار ہونا چاہئے اور امید ہے کہ انقلاب حق کی طرفاری کے نصب العین پر گامزن رہا تو یہ اپنے آپ میں ایک انقلاب ثابت ہوگا۔ مدرسہ سلیمانیہ پٹنہ کے استاذ مولانا سید امانت حسین نے کہاکہ انقلاب کے ایڈیٹر شکیل شمسی ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں اور ان کی قیادت میں انقلاب بڑی کامیابی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کررہا ہے اور دعا ہے کہ کامیابیوں کا یہ سفر اسی تیز گامی کے ساتھ جاری رہے۔ مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ کے پرنسپل مولانا خواجہ عبدالباری نے اس موقع پر انقلاب کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید کا اطہار کیا کہ اس سے بہار میں اردو صحافت یقینی طورپر ایک انقلاب سے روشناس ہوگی۔جبکہ مدرسہ شمس الہدیٰ کے سابق پرنسپل مولانا ابوالکلام قاسمی نے انقلاب کے ذمہ داروں کو اپنی دعاؤں سے نوازتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ بہار میں انقلاب کی اشاعت ایک خوش آئند قدم ثابت ہوگی۔ معروف ادیب و نقاد ڈاکٹر صفدر امام قادری نے کہاکہ بہار میں اخباروں کی کمی نہیں رہی ہے لیکن یہاں اردو میں قومی اخبار کی کمی تھی جو انقلاب کی آمد کے ساتھ دور ہورہی ہے۔ جبکہ مشہور شاعر خورشید اکبر نے کہاکہ اب تک ہم اردو کی صحافت میں ویژن کی کمی کا شکوہ کیا کرتے رہے ہیں۔ امید ہے کہ انقلاب کی آمد سے صحافت کو ایک بہتر معیار ملے گا۔ جبکہ بہار اردو اکادمی کے سکریٹری امتیاز احمد کریمی نے اس موقع پر کہاکہ اردو کے تعلق جو پریشانیاں اور کمیاں ہیں انقلاب ان کو زیادہ موثر انداز میں اور قومی مسائل کے طورپر پیش کرے گا۔ اورینٹل کالج کے صدر شعبہ عربی اور خانقاہ منعمیہ کے سجادہ نشین ڈاکٹر سید شاہ شمیم منعمی نے کہاکہ انقلاب اردو کے مسائل اور ان کے مسائل کو جن کی زبان اردو ہے قومی مسئلہ کے طورپر اور وسیع تر تناظر میں پیش کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ ان کی توقعات پر کھرے اترے تو انقلاب اردو صحافت کا ایک سنگ میل ہوگا جبکہ پروفیسر سید شاہ طلحہ رضوی برق نے کہاکہ انقلاب سے انسان کو ہمیشہ اچھی امید وابستہ رکھنا چاہئے۔ بہار میں بیک وقت پٹنہ، مظفر پور اور بھاگلپور سے انقلاب کی اشاعتوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ اس دعائیہ تقریب میں مثیر تعداد میں علماء و دانشوران شریک تھے۔

--

1 تبصرہ: