سعودی عرب - تارکین وطن کی واپسی کا 18 مئی سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-17

سعودی عرب - تارکین وطن کی واپسی کا 18 مئی سے آغاز

سعودی عرب میں پاسپورٹ حکام وہاں پھنسے ہوئے تارکین وطن مزدوروں کی واپسی (خروج) کے کاغذات پر شنبہ 18مئی سے مہر لگانا شروع کردیں گے تاکہ ان ورکرس کو سعودی عرب سے چلے جانے میں مدد ملے۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل فیض احمد قدوائی نے اپنے ہم وطنوں کی ایک میٹنگ میں کہاکہ سعودی حکام ایسے تارکان وطن کے کاغذات پر اسٹامپ لگانا شروع کردیں گے جو قونصل خانہ کے جاری کردہ ہوں اور جن کے پاس اصل (اوریجنل) پاسپورٹس نہیں ہیں اور جو سعودی عرب سے چلے جانا چاہتے ہیں۔ مقامی میڈیا نے آج یہ اطلاع دی۔ مذکورہ کارروائی کا اطلاق، ہندوستانیوں پر نہیں ہوگا اور ان تمام تارکین وطن پر ہوگا جو سعودی عرب میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہندوستانی تارکان وطن ورکرس، ریاض میں سفارت خانہ ہند یا جدہ میں قونصل خانہ ہند پر جمع ہوتے رہے ہیں اور نطاقات (پالیسی) پر عمل کے بعد ایمرجنسی اگزٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ سعودی عرب کی مذکورہ نئی پالیسی کے تحت تمام سعودی کمپنیوں کیلئے یہ لازم ہے کہ وہ 10فیصد جابس، سعودی باشندوں کیلئے محفوظ کردیں۔ فیض نے یہ بھی بتایاکہ اگزٹ کاغذات پیش کرتے وقت فضائی ٹکٹ پیش کرنا ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ "کوئی بھی شخص جو جاریہ مہم سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، اسے پاسپورٹ یا ایمرجنسی اگزت پاس کے ساتھ خروج (ڈپورٹیشن) سنٹر پہنچ جائے۔ اگزٹ اسٹامپ لگوانے کے وقت ایرٹکٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ سعودی حکمرانوں نے اُس ملک میں پھنسے ہوئے تارکان وطن مزدروں کیلئے اپنے اقامہ موقف کو درست کرلینے یا ملک سے چلے جانے کے لئے معافی کی ایک مدت کا اعلان کیا تھا جو آئندہ 3جولائی کو ختم ہورہی ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ سعودی عرب میں لگ بھگ 20لاکھ تارکان وطن ہندوستانی برسر خدمت ہیں۔ ان میں سے بیشتر عام ورکرس ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں