ادارہ سیاست کے زیراہتمام مسلم رشتوں کا انتخاب مہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-12

ادارہ سیاست کے زیراہتمام مسلم رشتوں کا انتخاب مہم

جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہاکہ دوبدو ملاقات پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں والدین و سرپرستوں کی شرکت اس بات کی مظہر ہے کہ مسلم معاشرہ میں شادیوں کا مسئلہ کس قدر سنگین نوعیت اختیار کرگیا ہے۔ انہوں نے والدین و سرپرستوں پر زوردیا کہ وہ حالات سے مفاہمت کرتے ہوئے نکاح سے پہلے کے تمام مراحل کو آسان بنائیں۔ جہیز لین دین اور فرسودہ رسومات کو ترک کرنے کا عہد کریں۔ اُس وقت تک یہ مسئلہ آسانی سے حل نہیں ہوگا۔ جناب زاہد علی خان آج ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام منعقدہ 18ویں دوبدو ملاقات پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر کئی والدین و سرپرستوں سے ملاقات کی اور اُن کے مسائل کی سماعت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر سید جہانگیر، چیف ایڈیٹر حراو حرمین شریفین یونیورٹی نے ملت اسلامیہ کی اس عظیم خدمت کیلئے ادارہ سیاست مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی کامیاب کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ معملات کا تعلق حقوق العباد سے ہوا کرتا ہے اس لئے ہمارا کوئی عمل ایسا نہ ہو جس سے دوسرے مسلمانوں کو تکلیف پہنچے۔ انہوں نے حدیث مبارکہ کے حوالہ سے کہاکہ سب سے بہترین نکاح وہ ہے جو کم اخراجات کے ذریعہ انجام دیا جائے۔ اﷲ کی برکتیں و رحمتیں جب ہی نازل ہوں گی جب ہم جہیز، لین دین اور اسراف جیسی لعنتوں سے گریز کریں گے۔ ڈاکٹر جہانگیر نے خواتین پر زوردیا کہ شادی بیاہ کے معملات میں انہیں موثر اور مثبت رول ادا کرنا ہوگا کیونکہ عام طورپر یہ کہا جاتا ہے کہ مطالبات خواتین کی طرف سے کئے جاتے ہیں۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز مالک ایمپریل گارڈن نے کہاکہ لڑکوں و لڑکیوں کے انتخاب میں غیر اسلامی معیارت کے باعث و شادی کی عمروں سے تجاوز کرجارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم سوچ و فکر کو نہیں بدلیں گے تو ہمارے لڑکے و لڑکیاں غیر مسلموں سے تعلقات جوڑنے پر مجبور ہوں گی جس کے نتائج ہم سب کو بھگتنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلموں کے رسم و رواج کو اختیار کرنے سے ہماری شادیوں میں کئی رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں لڑکیوں کے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ لڑکیوں کی صحت کو بھی اولین ترجیح دیں۔ جناب سید اختر، جناب سید محی الدین صاحب مسلم ویلفیر کمیٹی کریم نگر، جناب ریاض علی رضوی جرنلسٹ نے بھی مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ین کہاکہ جہیز اور جوڑے کی رقم طلب کرنے کو اسلام نے حرام قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کی نیکی و دینداری، ملنساری اور معاملہ فہمی کو بنیادی اہمیت دیں۔ دولت کی لالچ اور خوبصورت لڑکی کے حصول کیلئے حسن کی خاطر ہم کو کافی نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں۔ عصر حاضر میں خلع و طلاق کے بڑھتے ہوئے واقعات دراصل ہماری ان ہی غلطیوں کا خمیازہ ہے جس کو سارا معاشرہ بھگت رہا ہے۔ جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے دوبدو ملاقات پروگرام کے طریقہ کارپر روشنی ڈالی۔ جناب محمد شاہد حسین نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ آج کے دوبدو ملاقات پروگرام میں تقریباً 8تا10 ہزار سے والدین و سرپرستوں نے شرکت کی۔ جناب اقبال احمد خان، میر انور الدین، ڈاکٹر فرحت انور، ڈاکٹر ایس اے مجید، ڈاکٹر محمد ایوب حیدری، محترمہ رئیس النساء، نثار احمد ایڈوکیٹ، محمدحنیف اور دوسروں نے کونسلنگ کے فرائض انجام دئیے۔ جناب زاہد فاروقی کی زیر نگرانی کمپیوٹر اسٹاف کی 16رکنی ٹیم نے کمپیوٹرس پر والدین و سرپرستوں کو فوٹوز اور بائیوڈاٹا پر مشاہدہ کروایا۔جناب ایم اے صمد خان، جناب محمد نصر اﷲ خان نے انتظامات کی نگرانی کی۔ کئی ٹی وی چیانلس نے دو بدو ملاقات پروگرام کی فلمبندی کی۔ آج کے پروگرام میں 188 لڑکوں کے رجسٹریشن 684 لڑکیوں کے رجسٹریشن کروائے گئے۔ اسی اثناء میں معلوم ہوا کہ آج کے پروگرام میں تقریباً22رشتوں کے انتخابات سے والدین و سرپرستوں نے باہمی طورپر اتفاق کرلیا ہے مزید رشتے بات چیت کے مراحل میں ہیں۔ عقد ثانی کے تحت آج 11پیامات طئے کئے گئے۔ دوبدو پروگرام کا شام 6بجے اختتام عمل میں آیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں