مرکزی یو پی اے حکومت کو ممتا بنرجی کا کھلا چیلنج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-30

مرکزی یو پی اے حکومت کو ممتا بنرجی کا کھلا چیلنج

مرکز کی یوپی اے حکومت پر نیا حملہ کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ نئی دہلی انٹرنل سکیورٹی کے نام پر ریاستی حکومت کو پریشان کررہا ہے۔ انہوں نے مرکز کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ان کی حکومت کو برخاست کرکے دکھائے۔ ممتا نے یہاں انتخابی ریالی میں کہاکہ مرکز جمہوری طورپر منتخب ایک حکومت کو ہرروز پریشان کررہا ہے یہ اندرونی سلامتی کے سوال پر ریاستی حکومت کو پریشان کررہا ہے۔ اگر اس میں جرأت ہے تو وہ ریاست میں حکومت کو برخاست کرکے دکھائے اور ہم اسے دیکھیں گے ہمیں اس کا خوف نہیں ہے اور ہم اس سے جمہوری طورپر لڑیں گے۔ ہوڑہ ضلع میں یہ ان کی دوسری مہم ہے جہاں 2جون کو لوک سبھا سیٹ کیلئے ضمنی انتخابات ہونا ہے۔ گذشتہ سال یوپی اے۔II حکومت سے اپنی پارٹی کے الگ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ ہم نے یہ عام لوگوں کے مفادات کی حفاظت کیلئے کیا جب وہ (یو پی اے حکومت) ریٹیل میں ایف ڈی آئی پر آگے بڑھے، ڈیزل کے داموں میں اضافہ اور ایل پی جی سلنڈر محدود کردئیے۔ انہوں نے کہاکہ میرے لئے لوگ اہم ہیں، نہ کہ وزارت کا عہدہ۔ جب ہم نے پایا کہ وہ (یوپی اے حکومت) ہماری نہیں سنیں گے اور انہوں نے ریٹیل سیکٹر میں ایف ڈی آئی کا فیصلہ کرلیا تو لوگوں کے مفاد میں ہم حکومت سے الگ ہوگئے۔ ممتا نے کہاکہ میں ایک عام آدمی ہوں اور مجھے یہ فخر ہے میں یہاں تکج کہ وزیراعلیٰ کی کرسی تک کا استعمال بھی نہیں کرتی میں ایک کپ چائے کیلئے سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرتی میں خود سے خرچ کرتی ہوں میرے پاس کوئی گھر یا گاڑی نہیں ہے اور میں وزیراعلیٰ کے طورپر ملنے والی تنخواہ بھی نہیں لیتی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں