--
صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی نے  حالیہ برسوں  میں  اخلاقی اقدار کی تنزلی پر تشویش کا اظہار کرتے  ہوئے  اخلاقیات کے  نئے  پیمانے  قائم کرنے  کی ضرورت پر زوردیا۔ مسٹر مکھرجی نے  یہاں  یادو یونیورسٹی میں  رابندر ناتھ ٹیگور کی تخلیقات کے  آن لائن دستاویز کا افتتاح کرتے  ہوئے  کہاکہ اس میں  کوئی شبہ نہیں  کہ حالیہ برسوں  میں  اخلاقیات کے  اقدار میں  گراوٹ آئی ہے ۔ انہوں  نے  کہاکہ ہمیں  خود احتسابی کی اور یہ جاننے  کی ضرورت ہے  کہ اخلاقی اقدار میں  کس قدر تنزلی آئی ہے ۔ انہوں  نے  مزید کہاکہ ہمیں  اپنے  ملک کی عظیم شخصیتوں  سے  اخلاقی اقدار کا بھی سبق لینے  کی ضرورت ہے ۔ مسٹر مکھرجی نے  ملک کی تہذیبی ثقافت اور ادب میں  رابندر ناتھ ٹیگور کے  تعاون کا ذکر کرتے  ہوئے  کہاکہ ان کی تخلیقات کی مرتب دستاویزات آن لائن کر دئیے  جانے  سے  قارئین کی حوصلہ افزائی ہو گی اور ان کے  اندر بھی نئی تحریک پیدا ہو گی۔ انہوں نے  دستاویزات تیار کرنے  میں  رویندر بھون اور وشو بھارتی کے  تعاون کی ستائش کی۔ انہوں  نے  کہاکہ آن لائن پروجیکٹ ’’وچتر‘‘ ایک انوکھا پروجیکٹ ہے  جس کے  تحت رابندر ناتھ ٹیگور کی انگریزی اور بنگلہ زبانوں  کی تقریباً تمام تصنیفات شامل کی گئی ہیں ۔ رابندر ناتھ ٹیگور کی 150 ویں  سالگرہ کے  موقع پر یہ پروجیکٹ شروع کیا گیا۔ مسٹر مکھرجی نے  کہاکہ انہیں  اس پروجیکٹ کو منظوری دینے  والی کمیٹی میں  شامل رہنے  کا شرف حاصل ہے  اور اب اس پروجیکٹ کا افتتاح کرتے  ہوئے  انہیں  بیحد خوشی ہورہی ہے ۔ انہوں  نے  کہاکہ یہ پروجیکٹ وچتر پوری دنیا کیلئے  ٹیگور کے  اصولوں  کو جاننے  اور سمجھنے  میں  مددگار ثابت ہو گا۔ اس موقع پر مغربی بنگال کے  اطلاعاتی ٹکنالوجی کے  وزیر پارتھ چٹرجی نے  کہاکہ آنجہانی ٹیگور کے  150ویں  یوم پیدائش کے  موقع پر یہ پروجیکٹ شروع کئے  جانے  سے  بہتر ان کے  لئے  اور کوئی خراج عقیدت نہیں  ہو سکتا۔ 
 

 




 
 
 
 
 
 
 
 
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں