دمشق کے قریب اسرائیل کا فضائی حملہ - شام کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-06

دمشق کے قریب اسرائیل کا فضائی حملہ - شام کی مذمت

اسرائیل نے آج دمشق کے باہر ایک فوجی ٹھکانے کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا۔ گذشتہ 3ایام میں شام پر یہودی ملک کا یہ تیسرا حملہ تھا جبکہ شہریوں نے بتایاکہ اس حملہ کی وجہہ سے زلزلہ کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی اور آسمان سرخ ہو گیا تھا۔ ایک سینئر اسرائیلی ذریعہ نے بتایاکہ یہ حملہ ان ایرانی ہتھیاروں کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا جو لبنانی عسکری گروپ حزب اﷲ کور وانہ کئے جا رہے تھے ۔ حزب اﷲ نے شامی حکومت کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ بیروت میں ایک سفارتی عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایاکہ 3ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں ایک فوجی ٹھکانہ بھی شامل تھا اس کے علاوہ ایک قریبی ہتھیاروں کے ڈپو کو ایک طیارہ شکن یونٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے سانا نے کہاکہ اسرائیل نے فوجی ریسرچ سنٹر کا جماریہ کے مقام پر نشانہ بنایا۔ ایجنسی نے اس حملہ میں ہونے والے جانی نقصان کی تفیصل نہیں بتائی۔ سانا نے کہاکہ یہ اسرائیل کی تازہ جارحیت ہے اور سرکاری افواج کی جانب سے دہشت گرد گروپس کو کئی علاقوں میں پسپا کر دئیے جانے کے بعد ان پر سے دباؤ ہٹانے کی واضح کوشش ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شام میں سرکاری افواج کی کئی کامیابیوں اور صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششوں کو متاثر کرنے یہ حملے کئے جا رہے ہیں ۔ شام نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل‘ دہشت گرد گروپس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور اسی وجہہ سے یہ حملے کئے جا رہے ہیں ۔ اسرائیلی عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ اس حملہ کا نشانہ وہ ایرانی میزائل تھے جو حزب اﷲ کو روانہ کئے جا رہے تھے ۔ انہوں نے یہ توثیق کی کہ جمعرات کی رات کو جو حملہ کیا گیا تھا وہ بھی اسرائیل نے ہی کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملہ میں دمشق ایرپورٹ پر ہتھیاروں کا ذخیرہ کرنے کے مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ سانا نے آج صبح کی اولین ساعتوں سے قبل ہوئے حملہ کے تعلق سے کہاکہ یہ حملہ دراصل شام کے خلاف سازش میں اسرائیل کے راست رول کو ظاہر کرتا ہے اور اس کا دہشت گردوں سے تعلق ہے جن کی جارحیت کی مغربی ممالک اور کچھ دوسرے ممالک بھی تائید کر رہے ہیں ۔ حملہ کے مقام کے اطراف شہریوں نے بتایاکہ ان حملوں کی وجہہ سے زمین دہلنے لگی تھی اور رات کا تاریک آسمان سرخ ہو گیا تھا۔ ایک مقامی شہری نے بتایاکہ یہ زلزلہ جیسی صورتحال تھی اور آسمان زرد و سرخ ہو گیا تھا۔

Syria Blames Israel for Fiery Attack in Damascus

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں