معروف نقاد اور عروض داں سکندر احمد کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-06

معروف نقاد اور عروض داں سکندر احمد کا انتقال

اردو کے معروف نقاد اور عروض داں سکندر احمد اتوار 5!مئی کو حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہہ سے بھوپال میں انتقال کرگئے ۔ سکندر احمد نئی نسل کے لکھنے والوں میں ایک نمایاں نام تھا۔ انہوں نے فکشن کی شعریات اور بنیادی مباحث کو روایتی تنقید کے حصار سے نکال کر اس کی مبادیات اور نظری مباحث کو ایک نئی زندگی دی۔ سکندر احمد نہ صرف یہ کہ شاعری اور فکشن کے نقاد تھے اور مشرق و مغرب کی تنقیدی روایت اور تاریخ سے آگاہ تھے بلکہ عروض میں بھی انہیں بڑی دستگاہ حاصل تھی۔ ان کی تحریروں میں ایک عالمانہ نکتہ رسی اور بالغ نظری دیکھنے کو ملتی ہے ۔ اردو ادب کو خصوصاً تنقید کے میدان میں ان سے بہت سی توقعات وابستہ تھیں ۔ بینک میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے باوجود علم و ادب سے ان کی غیر معمولی دلچسپی قابل قدر اور حیرت انگیز تھی۔ ان کے انتقال کی خبر اردو کے ادبی میں نہایت افسوس کے ساتھ سنی گئی۔ ان کی اس ناگہانی موت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ مشکل سے پر ہو سکے گا۔ سکندر احمد ادھر کئی برس ممبئی میں بھی رہے اور کچھ عرصہ پہلے ہی بھوپال منتقل ہوئے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق ان کا جسد خاکی رانچی لے جایا جا رہا ہے جہاں تدفین عمل میں آئے گی۔

Renowned Urdu critic Sikandar Ahmed passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں