لیبیا میں سیاسی نقشہ تبدیل ہونے کے آثار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-26

لیبیا میں سیاسی نقشہ تبدیل ہونے کے آثار

لیبیا کی جنرل نیشنل کانگریس (پارلیمنٹ) کے اسپیکر ڈاکٹر محمد المقریف کے استعفیٰ کے اعلان کے بعد لیبیا میں سیاسی نقشہ آنے والے چند دنوں میں تبیدل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ المقریف کے ساتھ ان کی نائب جمعہ عتیقہ اورڈاکٹر علی زیدان کی حکومت کے 4وزراء کا استعفیٰ بھی متوقع ہے۔ لیبی ذرائع نے اخبار "الشرق الاوسط" کو بتایاکہ آنے والے دنوں میں ملک کے اقتدار کے ایوانوں میں بڑی ڈرامائی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ اخبار کے مطابق لیبیا کے اعلیٰ پالیسی ساز ادارے جنرل نیشنل کانگریس کے سربراہ اگلے ہفتے اپنے استعفیٰ کا اعلان کردیں گے۔ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں جنرل نیشنل کانگریس کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ جمعہ السائخ نے زور دے کر کہا کہ ڈاکٹر محمد المقریف نے پارلیمان کے کچھ دیگر اراکین کو بخوشی استعفیٰ دینے کیلئے اپنے ارادے سے آگاہ کیاہے۔ انہوں نے سیاسی تنہائی کے قانون کی منظوری کے پیش نظر پہلے ہی اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ حالیہ دنوں پارلیمان میں منظور کئے جانے والے اس قانون کے تحت اکتوبر 2011ء میں کرنل قذافی کے قتل سے پہلے جو لوگ بھی ان کی حکومت میں شامل رہے انہیں سیاسی عہدوں سے ہٹادیا جائے گا۔ تاہم جمعہ السائخ نے کہاکہ محمد المقریف کے استعفیٰ دینے کے فیصلہ کی اصل وجوہات اور حالات کے بارے میں واضح طورپر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ محمد المقریف نے گذشتہ سال جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد تشکیل پانے والے پارلیمان کی سربراہی قبلو کی تھی۔ اپنے عہدے پر 9ماہ تک برقرار رکھنے کے بعد اب وہ جس عہدے کو چھوڑنے کی تیاریاں کررہے ہیں وہ انتہائی طاقتورعہدہ شمار کیا جاتا ہے۔ اپنے اس عہدے پر وہ بیک وقت مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر اور لیبیا کے باضابطہ عملی اور بااثر صدر بھی تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں