تلگو دیشم سینئر قائد اور سابق وزیر کڈیم سری ہری مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-12

تلگو دیشم سینئر قائد اور سابق وزیر کڈیم سری ہری مستعفی

اصل اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کو آج اس وقت زبردست دھکا لگا جب اس کے سینئر قائد اور سابق وزیر کڈیم سری ہری نے آج پارٹی سے استعفیٰ دیدیا۔ پارٹی کے ایک اور سینئر قائد ڈی ویرا بھدرا راؤ نے چند دن قبل ہی تلگودیشم سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ویرا بھدرا راؤ نے کہا تھا کہ وہ پارٹی چھوڑ رہے ہیں کیونکہ چندرابابو نائیڈو نے انہیں ریاستی کونسل میں ایک اور معیاد کیلئے نامزد کرنے سے انکار کردیا۔ چندرابابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں ان سے ربط کرنا تک گوارا نہیں کیا، جس سے مجھے دلی تکلیف پہنچی۔ ویرا بھدرا راؤ نے بعدازاں جگن کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی۔ سینئر قائد کڈیم سری ہری نے جو پارٹی پولٹ بیورو رکن بھی ہیں، علیحدہ تلنگانہ کے مسئلہ پر پارٹی کے موقف اور اعلیٰ قائدین کے طرز عمل پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ وہ اس بات پر بھی ناخوش ہیں کہ انہیں پارٹی میں اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے آج صبح اپنے آبائی شہر ورنگل سے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کو اپنا مکتوب استعفیٰ روانہ کردیا۔ انہوں نے ورنگل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پارٹی عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے۔ پارٹی میں صرف دولتمند صنعت کاروں کو ترجیح دی جارہی ہے، جس کے نتیجہ میں وہ عوام میں اپنا اعتبار کھوچکی ہے۔ ذرائع کے بموجب کڈیم سری ہری 15مئی کو ورنگل میں صدر تلنگانہ راشٹا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں ٹی آرایس میں شمولیت اختیارکرلیں گے۔ ضلع ورنگل حلقہ اسمبلی اسٹیشن گھن پورکے سابق رکن کڈیم سری ہری، تلگودیشم پارٹی کے قیام کے ساتھ ہی اس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے ایم ایل اے کی حیثیت سے 4مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ وہ چندرابابو نائیڈو کی کابینہ میں وزیر بھی رہے۔ انہیں 2004ء اور2009 کے اسمبلی انتخابات میں گھن پور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کڈیم سری ہری کے استعفیٰ سے تلگودیشم پارٹی کو ایک ایسے وقت زبردست صدمہ سے دوچار ہونا پڑا جبکہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

Senior leader Kadiam Srihari quits TDP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں