آندھرا یونیورسٹی سروے - 33 فیصد انٹرنیٹ استفادہ کنندگان سماجی سرگرمیوں سے دور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-12

آندھرا یونیورسٹی سروے - 33 فیصد انٹرنیٹ استفادہ کنندگان سماجی سرگرمیوں سے دور

انٹرنیٹ نے لوگوں کے طرز زندگی اور ان کے سماجی رشتوں کویقینی طورپر بدل کر رکھ دیا ہے۔ آندھرا یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ اسٹڈیز کے ایک جائزہ کو اگر مان لیا جائے تو اس کے مطابق ریاست 6شہروں کے 27 فیصد عوام نے جو انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں لوگوں سے ملنا اور سماجی سرگرمیوں میں شریک رہنا کم کردیا ہے۔ ریاست میں حیدرآباد اور وشاکھاپٹنم کے بشمول 6 شہروں سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ کے عادی 1500 افراد کے منجملہ 20.9 فیصد لوگ، اخبارات کا مطالعہ اور ٹی وی دیکھنا چھوڑ چکے ہیں۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے میجر ریسرچ پراجکٹ کی اسٹڈی میں یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے۔ انٹرنیٹ کے استعمال کے سبب کتب خانوں( لائبریریز) سے مربوط 10.3فیصد لوگوں نے وہاں جانا ترک کردیا ہے۔ مراسلت کیلئے ای میلس اور دیگر ویب ذرائع کے استعمال سے ڈاک خانوں کااستعمال 16.7 فیصد کم ہوگیا ہے۔ آندھرا یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ اسٹڈیز کی پروفیسر ڈاکٹر این راجیہ لکشمی نے بتایاکہ سماجی تعلقات، تفریخ، آن لائن خبریں اور دیگراطلاعات کیلئے لوگ روایتی ذرائع کے بجائے انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں۔ حیدرآباد، وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ، تروپتی ، کاکیناڈا اور ورنگل کے جائزہ سے اس بات کا انکشاف ہوا جہاں ہر شہر کے 250 انٹرنیٹ استعمال کرنے والے لوگوں سے معلومات حاصل کی گئیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں 81فیصد ایسے ہیں جن کی عمر 30 سال یا اس سے کم ہے اور خواتین کے مقابلہ میں مرد، انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ اسٹڈی سے انکشاف ہواکہ ان میں 15.6 فیصد ایسے نوجوان ہیں جنہوں نے گریجویشن بھی تکمیل بھی نہیں کی اور 37.9فیصد پوسٹ گریجویٹس ہیں۔ نیز زائد از 53 فیصد افراد اپنے دفتر یا کالج میں انٹرنیٹ سے مربوط ہوتے ہیں اور 26.1 فیصد سائبر کیفے سے استفادہ کرتے ہیں۔ راجیہ لکشمی کے مطابق لوگ تیزی سے انٹرنیٹ کے عادی ہوتے جارہے ہیں۔ 43.9 فیصد لوگوں کوآن لائن رہتے ہوئے وقت کا پتہ ہی نہیں چل رہا ہے جبکہ 47.9 فیصد لوگوں کو اپنا قیمتی وقت ضائع ہونے کا افسوس بھی ہے۔ اسٹڈی اس بات کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ انٹرنیٹ سے مواد کے ڈاؤن لوڈ ہونے میں تاخیر سے بعض لوگ جھلاہٹ کا شکار بھی ہورہے ہیں۔ 42.1 فیصد لوگوں کو شکایت ہے کہ ویب سائٹ لوڈ کرنے میں 5منٹ سے کم وقت صرف ہوتا ہے اور 56.9 فیصد لوگوں کو انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایت ہے۔ آن لائن شاپنگ پر نظر ڈالی جائے تو 18.3فیصد لوگ ہی اس کے قائل ہیں اور اسے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر تشہیر اور تجارت کرنے والوں کیلئے افسوسناک بات ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد 62.8فیصد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی انٹرنیٹ (آن لائن) خریدی نہیں کی۔ یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی اکثریت آن لائن شاپنگ سے خائف ہے کہ ان کے کریڈٹ کارڈس غیر محفوظ ہوتے ہیں۔ ایسے افراد جو آن لائن فینانشیل خدمات کا استعمال کربھی رہے ہیں تو وہ زیادہ سے زیادہ بلز کی ادائیگی اور ٹرین و بس کے ٹکٹس وغیرہ کی خریدی تک محدود ہیں۔

33٪ internet users are away from social activities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں