سعودی عرب - غیر قانونی تارکین وطن کو بعد مدت جیل اور جرمانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

سعودی عرب - غیر قانونی تارکین وطن کو بعد مدت جیل اور جرمانہ

سعودی حکومت نے تمام بیرونی تارکین وطن ورکرس پر زوردیا کہ انہیں دی گئی 3ماہ کی زائدمہلت کے ختم ہونے کے بعد انہیں جیل جانا ہوگا اور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ یہ مہلت 3 جولائی کو ختم ہورہی ہے۔ سعودی حکومت نے بیرونی ورکرس پر زوردیا کہ وہ اپنی ملازمتوں کو باقاعدہ بنائیں یا باوقار انداز میں وطن واپس ہوجائیں۔ وزارت داخلہ اور وزارت لیبر کے مشترکہ بیان میں بتایاگیا ہے کہ نطاقت پالیسی کے تحت 3 جولائی تک دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں معائنہ کاری کی مہم شروع کردی جائے گی۔ جو کوئی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرے گا انہیں جیل جانا ہوگا۔ نطاقت پالیسی کے تحت حکومت سعودی عرب میں 10فیصد مقامی نوجوانوں کوملازمت دینے کا لزوم عائد کیا ہے۔ اس کے نتیجہ میں بے شمار بیرونی تارکین وطن بے روزگار ہورہے ہیں۔ سب سے زیادہ مضر اثرات ہندوستانیوں پر مرتب ہورہے ہیں۔ وزیر سمندر پار امور وائیلار روی کی قیادت میں ہندوستانی عہدیداروں کے ایک وفد نے 2ہفتہ قبل سعودی حکام سے ملاقات کرتے ہوئے ہندوستانی ورکرس کے مسائل پر نمائندگی کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں فریق نے مشترکہ گروپ تشکیل دینے سے اتفاق کیا تاکہ ہندوستانی وررکرس کے مسائل کی یکسوئی کی جاسکے۔ سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ زائد از 60ہزار ہندوستانی ورکرس وطن واپسی کیلئے سفری دستاویزات حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ نطاقت پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں یاغیر قانونی طورپر بیرونی تارکین وطن کو ملازمت دینے والوں کیلئے 2سال کی سزائے قید مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں انہیں ایک ہزار تا50ہزار ریال تک جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ سعودی وزارتوں کے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن کے اقامہ کی مدت ختم ہوگئی ہے وہ فوری حکومت کی دی گئی مہلت سے استفادہ کریں۔ کفیل تبدیل کریں یعنی دوسری ملازمت تلاش کریں یا ملک چھوڑ دیں۔ حکومت کی مہلت ان تارکین وطن کو حاصل نہیں رہے گی جو غیر قانونی طورپر ملک میں داخل ہوئے ہیں۔ گذشتہ کئی ماہ کے دوران نطاقت پالیسی کے تحت زائد از2لاکھ بیرونی تارکین وطن کو واپس کردیا گیا ہے۔ حکومت کی مہلت سے استفادہ کرنے والوں کو کسی بھی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ انہیں صرف حکومت کی فیس ادا کرنی ہوگی۔

Saudi Arabia warns illegals will face jail after July 3

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں