سدا رامیا - کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

سدا رامیا - کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ متوقع

مسٹر سدا رامیا کرناٹک کے نئے چیف منسٹر ہوں گے۔ انہیں آج شام کانگریس مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔ خفیہ رائے دہی کے ذریعہ یہ انتخاب عمل میں لایاگیا۔وزیر دفاع اے کے انٹونی نے مسٹر سدا رامیا کے انتخاب کا اعلان کیا۔ مسٹر انٹونی کل ہند کانگریس کی 4رکنی کمیٹی کے سربراہ تھے جس نے اس سارے عمل کی نگرانی کی۔ نو منتخب ارکان اسمبلی کی رائے لینے طلب کردہ اجلاس میں 64 سالہ مسٹر سدا رامیا نے ایک قرارداد پیش کی تھی اور درخواست کی تھی کہ چیف منسٹر کے انتخاب کا فیصلہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سپرد کردیا جائے تاہم مرکزی قیادت نے ارکان اسمبلی کو تحریر میں اپنی رائے خفیہ بیالٹ کے ذریعہ دینے کو کہا۔ اس کے بعد انٹونی نے اعلان کیا کہ گذشتہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن رہن یوالے مسٹر سدا رامیا مقننہ پارٹی کے لیڈر ہوں گے۔ سدا رامیا کو اس عہدہ کیلئے مرکزی وزیر لیبر و روزگار مسٹر ملکا رجن کھرگے سے راست مقابلہ درپیش تھا لیکن لمحہ آخر میں وہ یہ عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس دوران مسٹر ایچ آر بھردواج نے مسٹر سدا رامیا کو آج ریاست کا نیا چیف منسٹر نامزد کرتے ہوئے انہیں تشکیل حکومت کی دعوت دی ہے۔ سدا رامیا نے مسٹر بھردواج سے راج بھون میں ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گورنر نے انہیں چیف منسٹر مقرر کیا ہے۔ سدا رامیا نے کہاکہ وہ اپنی حلف برداری کی تاریخ سے گورنر کو واقف کروائیں گے۔ ممکن ہے کہ وہ 13مئی کو حلف لیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ تنہا حلف لیں گے اور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد وزارت تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک کانگریس کمیٹی کے مکتوب کے بعد گورنر نے انہیں تشکیل حکومت کی دعوت دی جس میں توثیق کی گئی ہے کہ سدا رامیا کو سی ایل پی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے۔ مسٹر سدا رامیا نے کہاکہ ریاست میں ٹھپ نظم و نسق کو بحال کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی ترقی 10 سال پیچھے ہوگئی ہے۔ وہ انتظامیہ کو بحال کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے۔

Siddaramaiah to be new Karnataka Chief Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں