ریختہ ڈاٹ آرگ - معیاری اردو شاعری اور ادب کی سب سے بڑی ویب سائٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-27

ریختہ ڈاٹ آرگ - معیاری اردو شاعری اور ادب کی سب سے بڑی ویب سائٹ

اردو شاعری اور ادب کی سب سے بڑی ویب سائٹ کاافتتاح امسال جنوری میں بھارت کے شہر نوئیڈا میں ہوا ۔ جس کا مقصد پوری دنیا میں معیاری اردو شاعری اور ادب کو فروغ دینا ہے ۔ اس ویب سائٹ پر اب تک تقریباً پانچ سو سے زائد شعرا کے شعری انتخابات کو شامل کیا گیا ہے اور ان کے علاوہ دنیا بھر کے اہم شعرا کے کلام کا انتخاب اور انہیں اپلوڈ کرنے کاکام جاری ہے ۔
ریختہ ڈاٹ آرگ کے بانی سنجیو صراف کا کہنا ہے کہ وہ اردو شاعری کو پوری دنیامیں پھیلانا چاہتے تھے اسی وجہ سے انہوں نے اردو ادب اور شاعری کو اردو کے ساتھ ساتھ دیوناگری اوررومن رسم الخط میں بھی بہم کرانے کا بیڑہ اٹھایا ۔
ریختہ پر کلاسیکل دور کے ولی دکنی، سراج اورنگ آبادی، فائز دہلوی،خان آرزو،میر تقی میر،مصحفی،سودا،غالب،مومن،نصیر اور ذوق کے علاوہ تقریباً تمام اہم شعرا موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ جوشعرا اس حوالے سے عوام کے لیے غیر معروف ہیں ۔ آج کے تیزرفتار دور میں ریختہ انہیں بھی اپلوڈ کرکے ان کے کلام اور نام سے لوگوں کو متعارف کرانے کا اہم کام کررہا ہے ۔ اس کے لیے ریختہ پر تذکروں میں موجود شعرا کے احوال زندگی اور شاعری کو جمع کرانے کی کوشش اعلیٰ تحقیقی سطح پر ہورہی ہے ۔
ریختہ ڈاٹ او آر جی نامی اس ویب سائٹ پر جو کلام اپلوڈ کیا گیا ہے اسے آسان بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے ۔ مثال کے طور پر ریختہ پر اپلوڈ کی گئی غزل اور نظم میں شامل ہر لفظ کا معنی فراہم کرایا گیا ہے ۔ اس کے لیے مشکل اور آسان الفاظ کی تفریق کے بغیر ہر لفظ اور ترکیب کا لغوی اور مجازی معنی فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ جس لفظ کامعنی قاری کو جاننا ہو،وہ بس اس پر ایک دفعہ کلک کرے اور معنی اس کے سامنے موجود ہوگا ۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹ پر فردیات نامی ٹیب کے ذیل میں موضوع کے اعتبار سے شعرمہیا کرائے گئے ہیں ۔ جن میں اردو اشعار کو موضوع اور مفاہیم کے اعتبار سے ترتیب دیا گیا ہے اور ان اشعارمیں ہرماہ اضافہ ہوتا رہتا ہے ۔ غزلوں اورنظموں کو شاعروں یا تجربہ کار آرٹسٹوں کے ذریعے پڑھوا کر اپلوڈ کیا جارہا ہے ۔ جس سے عوام کو لفظوں کا تلفظ معلوم کرنے،غزل پڑھنے کے انداز و آہنگ اور مخرج سے واقفیت حاصل کرانے کا اقدام کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بہت جلد ریختہ پر تمام اہم معروف اور غیر معروف شعرا کے احوال زندگی،لطائف اور ان پر یا ان کی تنقیدات بھی پیش کرنے کا کام کیا جائے گا تاکہ ریسرچ اسکالر اس ویب سائٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکیں اور اسے اہم ادبی و علمی مآخذ کے طور پرقبول کیا جاسکے ۔ اس کے لیے ریختہ نے ایک خاص ادبی پینل تیار کیا ہے جس میں ہندوستان و پاکستان کے اہم ادیبوں کو شامل کیا گیا ہے اور کلام کے انتخاب اورتدوین متن میں ان کی مدد لی جارہی ہے ۔

اس کے علاوہ ریختہ پر کتابوں کو اپلوڈ کرکے ان کوبرقی صورت میں عوام تک فراہم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں اب تک لوگوں کو پریشانی یہ پیش آتی تھی کہ کتابیں انٹرنیٹ پر آسانی سے دستیاب نہیں ہو پاتی تھیں ۔ مگر ریختہ پر اہم شعرا اورناقدین کی کتابوں کو اپلوڈ کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے اور اس سلسلے میں کسی طرح کی غیر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیا گیا ہے بلکہ اردوکی خدمت کے اس کام میں بھی اول تووہ کارآمد کتابیں ریختہ پر اپلوڈ کی جارہی ہیں جو کہ کاپی رائٹ کے زمرے سے باہر کی ہیں اور جن کے مصنفین یا اشاعت کو پچاس سال سے زائدکا عرصہ گزر چکا ہے، دوسرے مصنفین اورشعرا سے اجازت لینے کے بعد ان کی کتابیں ریختہ پر اپلوڈکی جارہی ہیں،تاکہ طالب علم ان سے استفادہ کرکے اہم علمی و ادبی خدمات انجام دے سکیں ۔
اس حوالے سے ہندوستان اور پاکستان کے کئی اہم اور معیاری ادیبوں نے ریختہ کو اپنی کتابوں کو آن لائن کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ اب ریختہ فاؤنڈیشن اردو کے اہم اشاعتی اداروں اور لائبریریوں کو خودسے ملحق کرنے کی کوشش میں مصروف ہے تاکہ اہم نصابی اور غیر نصابی ادبی و علمی کتابوں کو اس ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جاسکے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان اورپاکستان کے اہم ادبی رسائل کو بھی بہت جلد ریختہ آن لائن کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ جس کی وجہ سے ہندوستانی عوام کو پاکستان کے رسائل اور پاکستانی عوام کو ہندوستان کے رسائل متواتر پڑھنے میں کوئی دشواری نہ پیش آئے ۔
فی الحال جون کے مہینے سے ریختہ پر پاکستان سے شائع ہونے والا علی محمد فرشی کا سہ ماہی رسالہ سمبل اور ہندوستان سے اشعر نجمی کا سہ ماہی رسالہ اثبات کے تمام شمارے اپلوڈ کر دیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں اجمل کمال کا آج، قاسم یعقوب کا نقاط، نصیر احمد ناصر کا تسطیر، زمرد مغل کا دہلیز اوردوسرے کئی اہم ادبی رسائل کے تمام شماروں کو ریختہ پر اپلوڈ کرنے کی اجازت حاصل ہو چکی ہے ۔
ریختہ پربیت بازی کے سلسلوں کو جاری رکھنے اور ان میں معاونت کرنے کے لیے ایک ایسے پروگرام کو تیار کیا جارہا ہے ۔ جس میں حروف تہجی سے شروع ہونے والے تمام اشعار کو بالترتیب پیش کیا جائے گا،تاکہ طلبا اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکیں ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریختہ انٹرنیٹ پر موجود اردو کی تمام اہم ویب سائٹس اورمواد کوفراہم کرانے کا ایک مرکز بننے والا ہے ۔ جس کے ذریعے آپ کومعلوم ہوسکے گا کہ آپ کو کس موضوع کے لیے کون سی ویب سائٹ کو رجوع کرنا چاہیے اور آپ کی مشکل کا حل انٹرنیٹ پر کس طرح دستیاب کیا جاسکتا ہے ۔
مجموعی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ سائبر ورلڈ میں ریختہ اردو شعر وادب کی ایک سنجیدہ کوشش بھی ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی تاکہ دنیا بھر میں پھیلے اردو عوام ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو سکیں ۔

Rekhta in News
***
sayyed.tasneef[@]gmail.com
موبائل : 9540391666/9582329887
تصنیف حیدر

Rekhta Baab-E-Sukhan, a wondrous world of Urdu poetry & literature. Article: Tasneef Haidar

3 تبصرے:


  1. اردوویب سایٹ ریختہ ڈاٹ آرگ : منظوم تاثرات
    احمد علی برقی اعظمی
    ریختہ ہے ایک گنجِ شایگاں
    فکرو فن کی ہے جو دلکش کہکشاں

    ہے مشاہیرِ سخن کا اس میں ذکر
    کیوں نہ ہو یہ مرجعِ دانشوراں

    آج ہی میری پڑی اِس پر نظر
    ہے جو گلزارِ ادب کی باغباں

    ہو یہ اردو کے لئے اک فالِ نیک
    کارگر ہوں یہ نقوشِ جاوداں

    گنگا جمنی ہند کی تہذیب کا
    ایک گلدستہ ہے یہ اردو زباں

    پیش کرتا ہوں مبارکباد میں
    آپ بھی میری ملائیں ہاں میں ہاں

    محسنِ اردو ہیں برقی ایس سراف
    جن کا ادبی ذوق ہے اس سے عیاں

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بہت خوب احمد علی برقی اعظمی
      نہایت خوبصورت منظوم تاثرات ہیں۔

      حذف کریں

  2. ۰ہے نہایت کار آمد پورٹل تعمیر نیوز
    رکھتا ہے حالاتِ حاضر سے جو سب کو باخبر

    جاری و ساری رہے اس کا یونہی یہ فیضِ عام
    ہے یہ تعمیری خبر کا اک وسیلہ معتبر

    کامیابی سےہو یہ اپنے مشن میں ہمکنار
    اس کے ہوں مداح اقصائے جہاں میں دیدہ ور

    اہلِ اردو کے لئے برقی ہے یہ اک فالِ نیک
    اس لئے ارباب ِ دانش کا ہے منظورِ نظر
    احمد علی برقی اعظمی

    جواب دیںحذف کریں