آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس - سری سانت کا لیپ ٹاپ اور موبائل ضبط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-19

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس - سری سانت کا لیپ ٹاپ اور موبائل ضبط

پیس بولر سریسانت کیلئے نئی مصیبت میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ اپنے درج شدہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں انہیں ماخوذ کرتے ہوئے ان سے تحویل میں تفتیش چاہ سکتی ہے، جوائنٹ کمشنر (کرائم) ہیما نشو رائے نے آج یہ بات کہی۔ رائے نے کہاکہ باندرہ کی ایک 5اسٹار ہوٹل کے روم سے جہاں کرکٹر سریسانت چہارشنبہ کی رات اپنی گرفتاری سے قبل موجود تھے، کل رات ایک لیاپ ٹاپ، کمپیوٹر، ایک آئی پیاڈ اور موبائیل فون ضبط کئے گئے ہیں جن کے "امیجوں" کے حصول کے ضمن میں مجاز عدالت کی اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ کرائم برانچ نے 3سٹے بازوں.... رمیش ویاس (52سال)، پانڈورنگ کدم(41) اور اشوک ویاس (32)... کو گرفتار کیا تھا جس کے ایک روز بعد سریسانت اور دیگر ارکان آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے ۔ بعد میں ایک اور بکی پراوین بہرہ کو پکڑا گیا۔ رائے نے کہا کہ تینوں کے پاس سے جملہ 92 موبائیل فونس، 18 سیم کارڈز، ایک ٹیلی ویژن سٹ اور ایک لیاپ ٹاپ ضبط کئے گئے۔ ان میں 32موبائیل فونس خاص طورپر ہندوستانی سٹے بازوں کو دبئی اور پاکستان میں سٹے بازوں کے ساتھ ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ رابطے میں رکھنے کیلئے استعمال کئے جاتے تھے۔ اس دوران دہلی پولیس نے آج ممبئی، احمد آباد، کولکتہ اور حیدرآباد کو ٹیمیں روانہ کردئیے تاکہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں مشغول ہونے والی رقومات کے بارے میں حقیقت کا پتہ چلایاجاسکے جبکہ پولیس نے 3 گرفتار کرکٹرس میں شامل اجیت چنڈیلا کی فرید آباد قیامگاہ پر دوسری بار دھاوے کئے۔ کھلاڑیوں کے بینک کھاتوں کا بھی تحقیقات کار جائزہ لے رہے ہیں تاکہ رقم کے تبادلے کی جانچ ہوجائے اور یہ جاننے کی بھی کوشش کی جارہی ہے کہ رقم کس طرح خرچ کی گئی۔ پولیس نے متنازعہ 3میچوں کے ٹی وی فوٹیج بھی آفیشل براڈ کاسٹر سے طلب کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس جس میں کھلاڑیوں کے بشمول 14افراد گرفتار ہیں، ہنوز کھلے ذہن سے دیکھا جارہا ہے۔

IPL spot-fixing: Police seize Sreesanth's laptop; trio quizzed together

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں