امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمٰن مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمٰن مستعفی

امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن نے اپنے ملک میں گذشتہ ہفتہ منعقدہ عام انتخابات میں پاکستان کی پیپلز پارٹی کی شکست کے بعد سفارتی عہدہ سے آج استعفیٰ دے دیا۔ مسز رحمن نے نو منتخب پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے نگرانکار وزیراعظم میر ہزارخان کھوسو کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کے ترجمان ندیم ہوٹیانا نے ٹوئٹر ارسال کردہ اپنے پیغام میں یہ انکشاف کیا۔ ایک اور پیغام میں شیری رحمن کے حوالہ سے کہاگیا کہ "اب وقت آگیا ہے کہ ممکنہ عجلت کے ساتھ ایک نئے سفیر کو بھیجا جائے تاکہ تعلقات میں کوئی خلاء پیدا نہ ہوسکے"۔ 52 سالہ شیری رحمن نے جو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی قریبی رفیق کار رہی ہیں، انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2011ء میں امریکہ میں اپنا سفیر مقرر کیاتھا۔ انہوں نے حسین حقانی کی جگہ لی تھی جو ایک پراسرار میمو کے تنازعہ کے سبب عہدہ سے سبکدوش ہونے کیلئے مجبور ہوگئے تھے۔ اس میمو میں اسامہ بن لادن کی امریکہ حملہ میں ہلاکت کے بعد پاکستان میں فوجی بغاوت کے اندیشوں سے نمٹنے کیلئے امریکہ سے مدد طلب کی گئی تھی۔ شیری رحمن جو پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈر ہیں، ماضی میں بے نظیر بھٹو کابینہ میں وزیراطلاعات بھی رہ چکی ہیں۔

Pakistan ambassador to US Sherry Rehman resigns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں