Karzai welcomes the Obama's efforts to close the Guantanamo prison
افغانستان نے ایک بار پھر امریکہ سے بدنام زمانہ گوانتا نامو بے جیل بند کرنے اور افغان قیدیوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ صدر حامد کرزئی نے کہاہے کہ امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کو قیام امن کیلئے مددگار ثابت ہونا چاہئے اور عوام معاہدے سے قبل اس کی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر حامد کرزئی نے افغانستان کے دورے پر موجود امریکی کانگریس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اس مطالبے کو دہرایا کہ امریکہ گوانتا نامو بے جیل بند اور فوری طورپر افغان قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کرے۔ صدر کرزئی نے صدر اوباما کی جانب سے گوانتا نامو بے جیل بند کرنے سے متعلق حالیہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ صدر اوباما کے اس اعلان پر جلد عملدرآمد ہوگا۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے صدر کرزئی نے کہاکہ افغان حکومت امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کی خواہاں ہے اور پر امید ہے کہ یہ معاہدہ قیام امن کے لئے مددگار ثابت ہوگا تاہم صدر کرزئی نے کہاکہ افغان عوام کی خواہش ہے کہ اس معاہدے پر دستخط سے قبل ملک میں امن بحال ہوجائے۔ صدر نے کہاکہ پرتشدد واقعات اور معصوم افغان شہریوں کا قتل عام بند کئے بغیر سکیورٹی معاہدہ بے سود ثابت ہوگا لہذا یہ ضروری ہے کہ اس اہم معاہدے سے قبل افغان عوام کا اعتماد بحال کیا جائے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں جس کیلئے افغان حکومت کو امریکہ سمیت عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں