کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے آج رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-05

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے آج رائے دہی

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے کل 5مئی کو رائے دہی کے پیش نظر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تین اہم جماعتوں بی جے پی ، کانگریس اور جے ڈی (ایس)نے اپنے امیدواروں کی تائید میں ایک ماہ طویل زبردست مہم چلائی تھیں۔ ان کے علاوہ سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کی کرناٹک جنتا پارٹی بھی ہے جو بی جے پی سے ان کی علیحدگی کے بعد قائم کی گئی ہے ۔ کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے اس ریاست میں رشوت ستانی کے الزامات سے بری طرح متآثر ومنتشر بی جے پی کے خلاف مہم کی قیادت کی۔ گجرات کے چیف منسٹر نے بی جے پی کی طرف سے کانگریس پر جوابی تنقید کی۔ بعض اداروں کی طرف سے کئے گئے پول سروے کے مطابق کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی ۔ دوسرے سروے کے مطابق کانگریس واحد بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھرنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اس صورت میں کانگریس کو اکثریت کے لئے مزید چند نشستیں درکار ہوں گی۔ یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ یدی یورپا کی کے جے پی کو کتنی نشستیں حاصل ہوں گی اور آیا وہ ’’بادشاہ گر‘‘ کی حیثیت سے ابھر یں گے ۔ تفصیلات کے مطابق رائے دہی کا آغاز اتوار کی صبح 7بجے ہوگااور شام6بجے تک جاری رہے گی۔ ریاست کے 224کے منجملہ 223حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ، لیکن پیر یا پٹنہ میں بی جے پی امیدوار کے انتقال کے سبب رائے دہی ملتوی کردی گئی ہے۔ ریاست میں 3ہزار امیدوار قسمت آزمارہے ہیں ۔ 52,000پولنگ بوتھس کے منجملہ 10,000کو انتہائی حساس اور 14,000کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں خصوصی نگرانی کی جارہی ہے اور ویب کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ 4.36کروڑ افراد رائے دہی کے مستحق ہیں جن میں 18تا 22سال کے 35.59لاکھ نئے ووٹرس بھی شامل ہیں۔ 65,000الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کئے جارہے ہیں۔ 2.5پولنگ آفیسر کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیاہے۔ 2008ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 110،کانگریس کو 80 اور جے ڈی (ایس)کو28نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 2008ء کے انتخابات میں اگرچہ بی جے پی سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھری تھی لیکن کانگریس کو سب سے زیادہ 34.59فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ بی جے پی کو 33.86اور جے ڈی ایس کو 14.13فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔

Karnataka goes to assembly polls today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں