ثانی اثنین خان - اسٹوری آف خدیجہ - شارجہ چلڈرنس بک ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-05

ثانی اثنین خان - اسٹوری آف خدیجہ - شارجہ چلڈرنس بک ایوارڈ

بچوں کے مصنف ، ثانی اثنین خان (نئی دہلی) کو ان کی کتاب 'اسٹوری آف خدیجہ' کے لیے شارجہ چلڈرنس بک ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ یہ ایوارڈ 15000 امارتی درہم (تقریبا 200000 روپے) کے نقد انعام پر مشتمل ہے ۔ مصنفین اور بچوں کے ادب میں خصوصی مہارت رکھنے والے تخلیقی ذہنوں کی حوصلہ افزائی کے طور پر "شارجہ چلڈرنس ریڈنگ فسٹیول ، اس میدان کی منفرد اور ممتاز کتابوں کو ہر سال مختلف انعامات سے نوازتا ہے ۔ شارجہ انٹرنیشنل بک فیر کے ڈائریکٹر ایچ ای احمد بن رکاد العامری نے اس مقابلے میں سبقت لے جانے والوں کو بک فورم آف ایکسپو سینٹر ، شارجہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران انعامات پیش کیے ۔ ای ٹی وی اردو میں "اسلام بچوں کے لیے" کے نام سے ایک ہفتہ واری پروگرام کے میزبان ثانی اثنین خان نے کہا کہ "اسلام کے اعلی اقدار کی دریافت میں بچوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے کتابیں تیار کرنا ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے ۔" یہ کتاب 'اسٹوری آف خدیجہ' آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ کی زندگی پر مبنی ہے ۔ اس کتاب کو مشہور آرٹسٹ گرمیت سنگھ (نئی دہلی) نے بڑے خوبصورت انداز میں ڈیزائن کیا ہے ۔ اس کتاب کو نئی دہلی میں واقع اشاعتی ادارہ گڈ ورڈ بکس نے خصوصی طور پر شائع کیا ہے ۔
پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا نہ صرف پہلی مسلم خاتون تھیں ، بلکہ وہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے دعوتی مشن کے لیے ایک عظیم معاون کی حیثیت رکھتی تھیں ۔ حضرت خدیجہ کی زندگی اہل ایمان خآص طور پر خواتین کے لیے ایمان و یقین کا ایک عظیم سر چشمہ ہے ۔ اس کتاب کا ترجمہ فرنچ ، جرمن ، ترکی ، ملائے اور عربی میں ہوچکا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں