سول سرویسز میں جموں و کشمیر کی زیادہ نمائندگی خوش آئیند - گورنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-26

سول سرویسز میں جموں و کشمیر کی زیادہ نمائندگی خوش آئیند - گورنر

گورنر جموں و کشمیر این این ووہرہ نے ریاست کے طلباء و طالبات میں تعلیم سے دلچسپی اور سنٹرل سرویس میں زیادہ سے زیادہ شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے طلبہ غیر معمولی مظاہرہ کررہے ہیں اور ہر سال آل انڈیا اور سنٹرل سرویسس میں ریاست کی نمائندگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے سیول سرویسس امتحانات کیلئے یہاں کشمیر یونیورسٹی کے سنٹر فار کیرئیر پلاننگ اینڈ کونسلنگ میں رجسٹریشن کروانے والے طلبہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کے نوجوانوں سے غیر معمولی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے نوجوان با صلاحیت ہیں اور اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی کارکردگی کا اظہار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو سخت محنت اور جانفشانی کا مظاہرہ کرنے پر زوردیا اور کہاکہ ان کیلئے آل انڈیا سیول سرویسس اور دیگر قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں غیر معمولی مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ بند انداز میں محنت اور مثبت پیشرفت کے ساتھ ساتھ موزوں رہنمائی کے ذریعہ سیول سرویسس امتحانات میں کامیابی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں ریسڈینشیل کوچنگ سنٹر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہاکہ وائس چانسلر نے پہلے ہی اس معاملہ پر ان سے تبادلہ خیال کیا ہے اور مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کے آئندہ دورہ ریاست کے موقع پر وہ یہ مسئلہ پیش کریں گے۔ کشمیر یونیورسٹی کے اس سنٹر کی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گذشتہ سال 600 سے زائد طلبہ کو سرکردہ کارپوریٹ اداروں میں ملازمت ملی۔ انہوں نے وائس چانسلر کو مشورہ دیا کہ وہ یہاں ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے مشاورتی سیشن کا اہتمام کریں جس میں آل انڈیا سیول سرویسس میں ریاست سے مقام حاصل کرنے والوں کو اپنے تجربات دوسروں تک پہنچانے کا موقع مل سکے۔

JK youth have high potential to make it to Civil Services

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں