مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیل کی شرانگیزیاں جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-09

مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیل کی شرانگیزیاں جاری

مقامات مقدسہ کے خلاف اسرائیل کی شر انگیزیاں جاری ہیں۔ الاقصی ٹرسٹ اور ہریٹیج فاؤنڈیشن کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے مسجد اقصی کا محاصرہ کرلیا اور نمازیوں کی بڑی تعداد کو نماز ادا ئی سے روکا۔ قابض حکام نے بیت المقدس کے پرانے علاقے میں راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں اور ناکے لگائیے ہیں۔ اس پیشرفت کے ساتھ ساتھ دسیوں یہیودی آبادکاروں نے مراکشی دروازے کی جانب سے مسجد اقصی پر حملہ کیا اور اندر داخل ہوکر مسجد کی بے حرمتی کی۔ انہیں قابض فوجیوں کا مکمل تحفظ حاصل تھا۔ یہودی آبادکاروں نے مسجد میں کھلے عام مارچ کیا۔ ایک اندازے کے مطابق حملہ آور یہودیوں کی تعداد 60تھی۔ دریں اثناء دسیوں نمازی، طلبہ اور طالبات مسجد میں موجود تھے جن کی صیہونی پولیس نے کڑی نگرانی کی۔ انہوں نے چن چن کر مسجد میں علی الصبح داخل ہونے والے نوعمر نمازیوں کو مسجد سے باہر نکالا جبکہ باقی رہنے والے مسلمان نمازیوں کو دروازوں کے ساتھ باندھ دیا گیا۔ ادھر مقبوضہ بیت المقدس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے القدس میں اسلامی قبرستان کمیٹی کے سربراہ الحاج انجینئر مصطفی ابوزھرہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسی دوران اسرائیلی سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نتن یاہو کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر رکوانے کے ادارے کے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور اسرائیلی مغربی کنارے اور دیگر تمام مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھے گا۔ اسرائیلی ریڈیو نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کے حوالے سے اسرائیل کی سیاست میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

Israeli settlers' attack on Al Aqsa

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں