مشہور اسلامی اسکالر اصغر علی انجینئر کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

مشہور اسلامی اسکالر اصغر علی انجینئر کا انتقال

مشہور اسلامی اسکالر، ترقی پسند مفکر، قلم کار اور داؤدی بوہرہ فرقہ کے اصلاح پسند لیڈر اصغر علی انجینئر کا طویل علالت کے بعد آج یہاں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 74 سال تھی۔ پسماندگان میں فرزند عرفان اور دختر سیما اندور والا شامل ہیں۔ اصغر علی انجینئر گذشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔ انہوں نے آج صبح لگ بھگ 8بجے سانتا کروز(ایسٹ) میں واقع اپنی قیام گاہ میں آخری سانس لی۔ عرفان نے بتایاکہ تدفین 15مئی کو عمل میں آئے گی۔ اصغر علی انجینئر، سالمبر(راجستھان) میں 10مارچ 1939ء کو ایک داؤدی بوہرہ عالم کے خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ اوائل عمر ہی میں انہوں نے تفسیر قرآن، فقہ اور حدیث کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کے والد شیخ قربان حسین نے جو عالم تھے، انجینئر کو عربی زبان سکھائی۔ بعد میں انجینئر نے تمام اہم مذہبی تصانیف کا اور ممتاز علما کی کتابوں کا مطالعہ کیا۔ انہوں نے اندور (مدھیہ پردیش) سے سیول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے عظیم تر ممبئی میونسپل کارپوریشن میں تقریباً 2 دہوں تک خدمات انجام دیں۔ دنیا بھر کے کئی ممالک سے انہیں متعدد ایوارڈس اور اعزازت حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے اقطاع عالم کا سفر کرتے ہوئے اسلام، امن، انسانی حقوق اور دیگر مسائل پر بین الاقوامی کانفرنسوں اور سمیناروں سے خطاب کیا۔ 1980ء میں انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی بنا ڈالی اور 1993ء میں سنٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم قائم کیا۔ مختلف موضوعات پر لگ بھگ 50کتابوں کے مصنف تھے اور تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک پر یقین رکھتے تھے۔ اصلاح پسندوں نے بتایاکہ اصغر علی انجینئر اسلام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے عصر نو تشریح کے حامی تھے۔

Renowned Islamic scholar Asghar Ali Engineer dies at 74

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں