سی بی آئی کو خارجی اثرات سے الگ رکھنے کی مساعی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

سی بی آئی کو خارجی اثرات سے الگ رکھنے کی مساعی

سی بی آئی کے تعلق سے سپریم کورٹ کے حالیہ تنقیدی ریمارکس کے بعد حکومت نے اس تحقیقاتی ایجنسی کو خارجی اثر سے الگ تھلگ رکھنے کے مقصد سے قانون وضع کرنے کیلئے ایک وزارتی گروپ (جی او ایم) تشکیل دے دیا ہے۔ اس گروپ نے جس کے صدر وزیر فینانس پی چدمبرم، سلمان خورشید(وزیر خارجہ)، کپل سبل(وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹکنالوجی)، منیش تیواری( وزیراطلاعات و نشریات)، اور وی نارائن سوامی( مملکتی وزیر پرسونل)، بحیثیت ارکان شامل ہیں۔ ڈائرکٹر سی بی آئی رنجیت سنہا بھی اس نو تشکیل شدہ وزارتی گروپ کو مواد فراہم کریں گے۔ وزارتی گروپ، سی بی آئی کی خود اختیاری کو مزید مستحکم کرنے اور اس ایجنسی کو کسی بھی باہر کی مداخلت سے بچانے کے اقدامات پر غور کرے گا۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں سی بی آئی کو اپنے سیاسی آقاؤں کا "پنجرہ میں بند ایک طوطا" قرار دے کر اس کی سرزنش کی تھی۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس گذشتہ 6مئی کو کئے تھے۔ سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا تھا جس کے بعد عدالت نے ہدایت صادر کی تھی۔ سنہا نے اپنے حلف نامہ میں اعتراف کیا تھا کہ کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کو سابق وزیر قانون اشونی کمار اور 2جوائنٹ سکریٹری شتروگھن سنگھ اور اے کے بھلہ کے علم میں لایاگیاتھا۔ موخر الذکر دونوں عہدیدار بالترتیب وزیراعظم کے دفتر میں سکریٹری اور وزارت کوئلہ میں سکریٹری ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکومت سے یہ بھی خواہش کی تھی کہ وہ سی بی آئی کو خارجی اثر و مداخلت سے الگ تھلگ رکھنے ایک قانون وضع کرنے کی کوشش کرے۔ وزارتی گروپ اپنے اخذ کردہ نتائج اور مسودہ قانون کو قطیعت دے گا۔ یہ مسودہ، مقدمہ کی آئندہ تاریخ سماعت یعنی10جولائی سے قبل سپریم کورٹ میں پیش کردیا جائے گا۔ سی بی آئی، سنٹرول ویجلنس کمیشن(سی وی سی) کی ہدایت پر کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کررہی ہے۔ اس معاملہ میں اب تک 11ایف آئی آر درج کرائے جاچکے ہیں۔

Group of Ministers, headed by P Chidambaram, to decide on CBI autonomy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں