ہند ایران تعلقات کو عظیم قوت تحریک عطا کرنے کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-05

ہند ایران تعلقات کو عظیم قوت تحریک عطا کرنے کا فیصلہ

ہندوستان اور ایران نے تمام شعبوں میں تعاون بشمول بندرگاہ چاہ بہار کو عصری بنانے میں باہمی ربط کو ایک عظیم قوتِ تحریک دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ (یہ بندرگاہ فوجی اعتبار سے اہم بندرگاہ ہے جس کو عصری بنانے میں ہندوستان حصہ لے گا) ۔ دونوں ممالک کے مشترکہ کمیشن کے ڈھانچہ کے تحت آج ہندوستان اور ایران کے وزرائے خارجہ بالترتیب سلمان خورشید اور علی اکبر صالحی نے ہندوستان ، ایران اور افغانستان پر مشتمل ایک سہ رخی ٹرانزٹ معاہدہ پر کام کرنے سے اتفاق کرلیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ معاہدہ کے مسودہ پر کام جلد شروع ہونا چایئے ۔ فریقین نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے ویزا قواعد میں نرمی پیدا کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی ۔ اس ملاقات کے موقع پر سلمان خورشید نے ہندوستان کے اس فیصلہ سے صالحی کو واقف کرایا کہ وہ (ہندوستان) ، بندرگاہِ چاہِ بہار کو عصری بنانے میں شرکت کا خواہاں ہے ۔ مابعد کارروائی کے حصہ کے طور پر ہندوستان کے معتمد وزراتِ جہاز رانی ، ایران کا سفر کریں گے اور وہاں پراجکٹ کے مصارف اور دیگر پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ایران کا کہنا ہے کہ پراجکٹ نہ صرف ایران اور افغانستان کے لیے بلکہ سارے وسطی ایشیاء کے لیے اہمیت کا حامل ہے ۔ فریقین نے شمال ۔ جنوب مجوزہ کوریڈر پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ یہ کوریڈر ، روس کو ایران سے ملائے گا ۔ سلمان خورشید نے کہا کہ اس راہ میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ کا تصفیہ کرلیا جائے گا ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں