عوام سے ووٹ کے لیے عمران خان کی جذباتی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-09

عوام سے ووٹ کے لیے عمران خان کی جذباتی اپیل

کرکٹر سے سیاست داں بننے والے عمران خان جو انتخابی جلسے میں اسٹیج سے گرنے پر زخمی ہیں، اپنے اسپتال کے بستر سے عوام سے ڈرامائی اپیل کی ہے کہ 11مئی کے انتخابات میں ان کی پارٹی کیلئے ووٹ دیں اور "نیا پاکستان" تعمیر کرنے میں مدد کریں۔ عمران نے کہا "11مئی کو یاد رکھیں کہ قرآن کے مطابق اﷲ کہتا ہے کہ وہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا تاوقت یہ کہ وہ خود اپنی حالت نہیں بدل لیتے۔ آپ کو اپنی حالت بدلنے کیلئے باہر آنا ہوگا اور یہ نہ دیکھیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے کون امیدوار کھڑا ہے، بلکہ نظریے اور پارٹی کے ٹکٹ کے حق میں ووٹ دیں"۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسپتال سے قوم کے نام پیغام میں کہاکہ وہ اپنی زندگی کے 17 سال پاکستان کیلئے لڑے ہیں اور جو وہ کرسکتے تھے وہ انہوں نے کیا۔ اب عوام کو 11مئی کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ’نیا پاکستان، چاہئے یا نہیں۔ شوکت خانم ہاسٹپل میں زیر علاج عمران نے کہاکہ 11مئی کو عوام اپنی جنگ کا دن سمجھیں اور شخصیات اور برادری کے بجائے نظریے کو ووٹ دیں۔ دو منٹ کے ویڈیو پیغام میں عمران نے کہاکہ وہ اب یہ چاہتے ہیں کہ عوام 11مئی کو اپنی تقدیر بدلنے کی خود ذمہ داری لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری جنگ نہیں ہے، بلکہ بچوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ یہی نظام چاہتے ہیں یا ان کو نیا پاکستان چاہئے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ایسے ملک کیلئے جہاں عزت، حقوق اور انصاف ہو اس کیلئے 11مئی کو نکلنا ہوگا۔ دریں اثناء عمران کے معالج ڈاکٹروں نے آج کہا کہ ان کی حالت تسلی بخش ہے اور انہیں بستر پر آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق 60سالہ عمران کے سر کی ہڈی میں 2جگہ معمولی فریکچر آیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی کمر میں بھی چوٹ آئی ہے۔ ان کے سر کے زخموں میں کم ازکم 16 ٹانکے لگائے گئے۔ عمران کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی حالت مستحکم ہے اور وہ اپنے زخموں سے ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران کو مزید کم ازکم 2یوم بیڈریسٹ پر رکھا جائے گا۔

Imran Khan appeals to people to vote for his party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں