اسپاٹ فکسنگ سے متعلق نئے قانون کا عنقریب اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-27

اسپاٹ فکسنگ سے متعلق نئے قانون کا عنقریب اعلان

آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ پر پیدا ہونے والے ہنگامہ کے دوران حکومت نے آج کہاکہ جولائی یا اگست تک نیا قانون پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اس کے ذریعہ نا منصفانہ کاروائیوں سے نمٹا جاسکے۔ تاہم آرڈنینس کے اجراء کے امکانات کو مسترد کردیا۔ مرکزی وزیر قانون کپل سبل نے کہا کہ میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ سے نمٹنے کیلئے ایک نئے قانون کی کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تمام سیاسی پارٹیوں اور اس معاملہ سے دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد سے تبادلہ خیال کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پارلیمنٹ میں قانون بلارکاوٹ منظور ہوسکے۔ پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایسا قانون تاخیر سے تیار کیا جارہا ہے، حالانکہ میچ فکسنگ کے الزامات 1990ء کی دہائی میں ہی منظر عام پر آئے تھے جب کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیاء کا دورہ کیا تھا۔ کپل سبل نے نئے وسیع تر قانو کے بارے میں جو اسپورٹس کی ہر نوعیت کا احاطہ کرے گا کہا کہ ہمیں یہ قانون جولائی سے اگسٹ کے دوران پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آغاز ہوگا منظوری کیلئے پیش کرنے سے گہری دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر دیانتدارانہ کاروائیوں کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا اور اس میں وہ تمام کاروائیاں شامل کی جائیں گی جن کے نتیجہ میں میچ یا ٹورنمنٹ کا نتیجہ تبدیل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ قانون کارپوریٹ گھرانوں، بکیوں اور مجرمانہ عناصر کے علاوہ کھلاڑیوں بشمول بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں سے بھی نمٹے گا۔ کپل سبل نے آرڈنینس کے اجراء کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ آئی پی ایل ٹورنمنٹ آج اختتام پذیر ہورہا ہے۔ آرڈنینس عام طورپر ایسی صورت میں جاری کیا جاتا ہے جب کہ معاملہ عاجلانہ نوعیت کا ہو۔ انہوں نے کہاکہ پہلے مسودہ قانون چند دن میں تیار ہوجائے گا اور اسے ماہرین کی رائے حاصل کرنے کیلئے وزارت اسپورٹس روانہ کردیا جائے گا۔ تمام سیاسی پارٹیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور معاملہ سے دلچسپی رکھنے والے تمام افراد سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں ایسا قانون بہ آسانی منظور کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کلیدی اپوزیشن بی جے پی کو بھی اس سلسلہ میں اعتماد میں لیا جائے گا۔

IPL spot-fixing effect: 'New law to be enacted soon'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں