کوئلہ اسکینڈل میں وزیر اعظم کے مبینہ کردار پر استعفی ضروری - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-15

کوئلہ اسکینڈل میں وزیر اعظم کے مبینہ کردار پر استعفی ضروری - بی جے پی

بی جے پی نے آج وزیراعظم منموہن سنگھ پر کوئلہ اسکینڈل کے بارے میں سی بی آئی کے رپورٹ کے مسودہ کے وزیراعظم کے دفتر کے عہدیداروں کی ترمیمات کے کردار کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کیلئے دباؤ میں اضافہ کردیا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کو پیش کی ہوئی کوئلہ اسکینڈل کی سی بی آئی رپورٹ کے مسودہ میں ترمیمات سے صاف ظاہر ہے کہ وزیراعظم کے دفتر کے عہدیدار اپنے آقا کو بچانے کی کوشش کررہے تھے۔ وہ چند کانگریس قائدین کے بیانات کا حوالہ دے رہے تھے کہ پون کمار بنسل اور اشونی کمار کے استعفوں کا فیصلہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی ایما پر کیا گیا ہے۔ شاہنواز حسین نے سونیاگاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ قوم کے سامنے واضح کردیں کہ سی بی آئی کی موقف رپورٹ میں دخل اندازی کی ان کی مبینہ کارروائی کی بناء پر وہ اپنے عہدے سے کب سبکدوش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزراء کیلئے ایک اور وزیراعظم کیلئے دوسرا اصول نہیں ہوسکتا۔ اب جبکہ سی بی آئی کی رپورٹ میں وزارت قانون کے عہدیداروں کی دخل اندازی کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر قانون مستعفی ہوچکے ہیں تو وزیراعظم پر بھی یہی اصول نافذ کیا جانا چاہئے۔ بی جے پی کے سینئر قائد نے ان کی پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے مجبور کرنے کے مقصد سے احتجاج کی پالیسی کو جواز عطا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہاکہ احتجاج وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک جاری رکھا جائے گا۔ ملک گیر سطح پر 17 مئی سے 2جون تک جیل بھرو ابھیان چلایا جائے گا اور بی جے پی سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔ انہوں نے مرکز کی یوپی اے حکومت کو ڈوبتا ہوا جہاز قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جلد ہی یوپی اے کا جہاز کرپشن، اقرباء پروری اور ناقص حکمرانی کے بوجھ تلے غرق ہوجائے گا۔ ڈوبتے ہوئے جہاز میں سوار ہونے کی جو بھی کوشش کرے گا وہ بھی ڈوب جائے گا۔ وہ واضح طورپر جنتادل(یو) کا حوالہ دے رہے تھے جس کے یوپی اے حکومت سے حالیہ عرصہ میں تعلقات میں گرمجوشی پیدا ہوئی ہے اور نریندر مودی کو وزارت عظمی کا امیدوار قرار دینے پر جے ڈی یو نے بی جے پی کو دھمکیاں دی ہیں۔ بہار کو پسماندہ ریاست قرار دینے پر مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ 10کروڑ بہاری عوام کی توہین ہے۔ بہاری محبت کش ہیں، پسماندہ نہیں۔ شاہنواز حسین نے یوپی اے حکومت سے کہاکہ وہ بہار کو ترغیب دینے کے بجائے اپنے ڈوبتے ہوئے جہازکو بچانے کی فکر کرے کیونکہ بہاری عوام زبانی تیقنات سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ شاہنواز حسین نے کہاکہ بی جے پی کارکن بہار کے آئندہ دورہ کے موقع پر اس کو خصوصی موقف عطا کرنے میں تاخیر اور برقی توانائی کی پیداوار کیلئے کوئلہ بلاکس مختص نہ کرنے کے خلاف کانگریسی قائدین اور وزراء کا گھیراؤ کریں گے۔

BJP demands PM resignation for independent probe in Coal scam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں