28/مئی رائے پور پی۔ٹی۔آئی
انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ صیانتی عملہ عصری ہتھیاروں کے ساتھ مرکز کی جانب سے متاثرہ علاقوں کو روانہ کیا جارہا ہے۔ مرکزی معتمد داخلہ آر کے سنگھ نے آج کہاکہ ہم نکسلائٹس سے متاثرہ ریاستوں میں جو چھتیس گڑھ سے متصل ہیں صیانتی ارکان عملہ عصری ہتھیاروں کے ساتھ انسداد نکسلائٹس کارروائی کیلے مرکز کی جانب سے روانہ کئے جارہے ہیں۔ وہ پولیس ہیڈ کوارٹرس پر سینئر عہدیداروں کے ایک اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ متاثرہ (بستر) علاقہ میں انسداد نکسلائٹ کاروائیوں میں شدت پیدا کردی جائے گی۔ وہ سینئر ریاستی عہدیداروں کے ساتھ کانگریس قائدین پر ماؤسٹ حملے کے بعد موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے رائے پور پہنچے تھے۔ بے قصور عوام کو ہلاک کرنے پر اظہار افسوس پر مبنی نکسلائٹس کے جاری کردہ بیان کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے آر کے سنگھ نے کہاکہ بے شک یہ افراد نکسلائٹس کے نشانہ پر نہیں تھے اس کے باوجود انہیں گولی ماردی گئی۔ ریاستی حکومت نے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور این آئی اے حملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ فوج کے نکسلائٹس کے خلاف کردار کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس علاقہ میں فوج کی خدمات سے استفادہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیم فوجی فورسیس ماؤیسٹ زیر اثر علاقوں سے انتہا پسندوں کو نکال باہر کرنے کیلئے زیادہ تعداد میں تعینات کی جائیں گی۔ ممنوعہ تنظیم سی پی آئی (ماؤسٹ) نے آج علاقہ بستر میں کانگریس قائدین کے قتل عام کی ذمہ داری قبول کرلی اور مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں اس کے خلاف تمام کارروائیاں فوری روک دی جائیں۔ تنظیم نے کہاکہ حملہ کا مقصد مہندر کرما اور دیگر قائدین کو ہلاک کرنا تھا۔ سی پی آئی ماؤسٹ کے کمانڈرس اور سکیورٹی فورسس کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل فائرنگ میں بعض بے قصور لوگ اور کانگریس کے نچلی سطح کے ورکرس ہلاک ہوئے۔ یہ ہمارے دشمن نہیں تھے لیکن ان لوگوں کی جانیں گئیں۔ ہمیں اس پر افسوس ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ سی پی آئی( ماوسٹ)دنڈا کارنیا اسپیشل زونل کمیٹی کے ترجمان گڈسا اسینڈی نے اپنے بیان میں یہ بات کہی۔ اس نے سلواجوڈوم (نکسل ازم کے خلاف عوامی تحریک) کے بانی مہندر کرما اور صدر پردیش کانگریس نند کمار پٹیل پر بدعنوانیوں اور چھتیس گڑھ میں مخالف عوام پالیسیوں پر عمل آوری کا الزام عائد کیا۔ تنظیم نے سینئر کانگریس قائد وی سی شکلا پر جو حملہ میں شدید زخمی ہونے کے بعد گڑگاؤں کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ریاست میں موافق صنعتکار اقدامات روبہ عمل لانے میں اہم رول ادا کرنے کا الزام عائد کیا۔ تنظیم نے کہاکہ اس حملہ کے ذریعہ ہم نے متاثرہ عوام کی جان سے انتقام لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سی پی آئی ماؤسٹ تمام لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ آپریشن گرین ہنٹ فوری روک دیا جائے اور علاقہ میں تعینات سکیورٹی فورسس واپس طلب کرلی جائیں۔ تربیت کے نام پر بستر علاقہ میں فوج کو تعینات نہ کیا جائے اور جیلوں میں بند ہمارے تمام قائدین فوری رہا کردئیے جائیں۔ Anti-Naxal operations will be intensified: Home Secy RK Singh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں