گجرات کے ایک ملزم آئی۔پی۔ایس عہدیدار کو مراعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-30

گجرات کے ایک ملزم آئی۔پی۔ایس عہدیدار کو مراعات

گجرات کے ایک آئی پی ایس عہدیدار کو جسے فرضی انکاونٹر مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے کیمرہ میں پولیس اسکواڈ کے بغیر نقل و حرکت کرتے ہوئے اور رات اپنے گھر میں گذارتے ہوئے دکھایا گیا ہے حالانکہ وہ عدالتی تحویل میں ہے ۔ اس حقیقت کے منظر عام پر آتے ہی ریاستی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس امیتابھ پاٹھک نے کہاکہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ آئی پی ایس عہدیدار راجکمار پانڈین کو سہراب الدین شیخ فرضی انکاونٹر مقدمہ میں ممبئی جیل میں رکھا گیا تھا۔ انہیں کل رات مہاراشٹرا پولیس نے کرناوتی ایکسپریس کے ذریعہ احمد آباد منتقل کیا اور ان کے ہمراہ ممبئی پولیس اسکارٹ بھی تھا۔ انہیں تلسی پرجاپتی انکاوٹر مقدمہ میں سی بی آئی عدالت کے روبرو پیش کیا جانے والا ہے ۔ لیکن مقامی ٹی وی چینل نے ان کے یہاں تقریباً 9:30 بجے شب پہنچنے کے بعد ایسے ویڈیوز دکھائے جس میں یہ بتایا گیا کہ راجکمار پانڈین کو گورنمنٹ ریسٹ ہاوس لے جایا گیا حالانکہ پولیس اسکارٹ کو چاہئے تھاکہ انہیں سابرمتی سنٹرل جیل لے جاتا۔ فوٹیج میں یہ بھی دکھایا گیا کہ گورنمنٹ ریسٹ ہاوس پہونچتے ہی پانڈین نے پولیس اسکارٹ سے چھٹکارا حاصل کر لیا اور وہ ایک خانگی کار میں سیدھے اپنے گھر واقع پرہلاد نگر پہچے ۔ انہوں نے درمیانی راستہ میں خانگی کار تبدیل کر دی اور پھر یہاں سے وہ پولیس اسکارٹ کے ہمراہ سی بی آئی عدالت گئے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس امیتابھ پاٹھک نے بتایا کہ ہمیں سب سے پہلے یہ معلوم کرنا ہے کہ یہ ذمہ داری ممبئی پولیس کی ہے یا گجرات پولیس کی۔ ہم نے اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ایڈیشنل ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) شیوانندجھا کو معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ سی بی آئی چارج شیٹ کے مطابق راجکمار پانڈین گجرات پولیس کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے مبینہ طورپر سہراب الدین اور ان کی اہلیہ کوثر بی کو حیدرآباد سے اغوا کیا تھا۔ سہراب الدین کو نومبر 2005ء میں مبینہ طورپر فرضی انکاونٹر میں ہلاک کر دیا گیا۔ راجکمار پانڈین ایک اور مقدمہ میں بھی ملزم ہیں ۔ تلسی رام پرجاپتی کے فرضی انکاونٹر میں انہیں ملزم قرار دیا گیا۔ تلسی رام پرجا پتی سے پہلے ہونے والے سہراب الدین اور کوثر بی کے انکاونٹر کا عینی گواہ تھا۔ پانڈین کو دیگر ملزمین کے ہمراہ خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا جانے والا تھا۔

TV shows jailed IPS officer Rajkumar Pandian visiting home

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں