سری لنکا میں بدھسٹوں کی غنڈہ گردی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-02

سری لنکا میں بدھسٹوں کی غنڈہ گردی

سری لنکا میں ایک مسلم تاجر کی کپڑوں کی دوکان پر حملہ کرنے کی پاداش میں 3 بدھسٹ راہبوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ حملہ سری لنکا میں بھی مذہبی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔ بودھ راہب میانمار میں مسلمانوں کے نسلی صفایہ کی مہم میں مصروف ہیں۔ کہا گیا ہے کہ 4 دن قبل ایک ہجوم نے جس میں بودھ راہب بھی شامل تھے کولمبو کے مضافات میں ایک فیشن کلاتھ اسٹور پر حملہ کرتے ہوئے وہاں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیاتھا۔ اس سلسلہ میں 3 راہبوں کو آج گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان و سپرنٹنڈنٹ بی سری وردینا نے یہ بات بتائی۔ پولیس نے بتایاکہ 3 راہبوں نے خود سپردگی اختیار کرلی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں کل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مزید حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ کہا گیا ہے کہ 6راہبوں کو ہفتے کے دن ہی پولیس تحویل میں دیدیا گیا تھا۔ یہ تحویل 2اپریل تک تھی۔ ان کی شناختی پریڈ کل ہونے والی ہے۔ اس حملہ کے بعد صدر سری لنکا مہندرا راج پکسے نے کہاکہ ان کی حکومت ملک میں نسلی یا مذہبی تخریب کاری کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے بودھ اکثریت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک جمہوری ملک ہے ۔ غیر بدھسٹوں کے بھی مساوی حقوق اور آزادی ہے۔ ہم بدھسٹوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور بدھسٹوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دوسروں کے حقوق کا تحفظ کریں۔ بدھسٹ گروپ بوڈو بالا سینا کی جانب سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سری لنکا میں 10فیصد سے کچھ کم آبادی مسلمانوں کی ہے۔

Buddhist hardliners step up violence against Muslims in Sri Lanka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں