نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر نئے سافٹ وئر کا تجربہ - خودکار نشریاتی اطلاعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-02

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر نئے سافٹ وئر کا تجربہ - خودکار نشریاتی اطلاعات

ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے اب طویل قطار میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کیلئے ریلوے اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی آمد ورفت کی اطلاعات ڈسپلے بورڈ پر شائع کرنے کے ساتھ ہی نشر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سہولت کے شروع ہونے سے مسافروں کے ساتھ ہی ریلوے ملازمین کو بھی سہولت ملے گی۔ تجرباتی طورپر رواں سال میں جولائی سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر اس تکنیک کا استعمال شروع ہونے کا امکان ہے۔ تجربہ کامیاب رہنے پر پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن، حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن اور آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر بھی یہ بورڈ نصب کئے جائیں گے۔ ریلوے افسران کے مطابق دہلی ڈویژن ایک ایسی تکنیک ایجاد کرنے کی کوشش کررہا ہے جس سے مسافروں اور ریلوے افسران کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ ہوجائے گی اور کچھ دیر بعد یہ گفتگو پورے اسٹیشن پر نشر ہوگی۔ ریلوے افسران کے مطابق ریلوے اسٹیشن کی پوچھ تاچھ مرکز پر اس طرح کے آلات نصب کئے جائیں گے، جس سے ٹرین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے افسر کی آواز ریکارڈ ہوجائے گی اور کچھ ہی دیر میں وہ آواز پورے ریلوے اسٹیشن پر نشر ہوجائے گی، اس سے تمام مسافروں کو اپنی مطلوبہ معلومات مل جائے گی اور لائن میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا۔ ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ہم ڈسپلے بورڈ پر بھی اطلاعات فراہم کرتے ہیں لیکن اکثر مسافر اس پر یقین نہیں کرتے اور وہ پوچھ تاچھ مرکز پر تصدیق کیلئے آتے ہیں۔ اس تکنیک کا استعمال شروع ہونے کے بعد آئندہ 4گھنٹے میں چلنے والی ٹرینوں کی معلومات طئے شدہ وقفے سے از خود نشر ہوتی رہے گی۔ اس میں ٹرین نمبر، ٹرین کہاں سے کہاں تک جائے گی، کس وقت جائے گی، کتنے نمبر پلیٹ فارم سے چلے گی، یہ تمام اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔ افسران کا کہنا ہے کہ تکنیکی سطح پر کافی حدتک تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ صرف آخری تجربہ باقی ہے، جس کے بعد تکنیک کا آڈیو ریکارڈنگ سے منسلک کرنا ہے، بعدہ سروس شروع ہوجائے گی۔

automated announcement software to be introduced at new delhi railway station soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں