عالمی اردو کانفرنس سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-07

عالمی اردو کانفرنس سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم

سینئر کانگریس قائد و سابق وزیر محمد علی شبیر ایم ایل سی نے ریاستی حکومت کی جانب سے بہت جلد عالمی اردو کانفرنس منعقد کرنے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ چیف منسٹر نے اردو وراثت کارواں کے اجلاس میں نہ صرف عالمی اردو کانفرنس کا اعلان کیا بلکہ انہوںنے اردو زبان کو ایک اچھی زبان قرار دیتے ہوئے اس کو ساری دنیا میں فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا اور اس کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا تیقن دلایا۔ محمد علی شبیر نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ سال گذشتہ تروپتی میں عالمی تلگو کانفرنس کی طرز پر عالمی اردو کانفرنس منعقد کرنے چیف منسٹر کی طرز پر عالمی اردو کانفرنس منعقد کرنے چیف منسٹرکو تحریری تحویز پیش کی گئی۔ بعدازاں انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی عالمی اردو کانفرنس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مرکزی وزیر صحت و انچارج پی سی سی غلام نبی آزاد سے بھی انہوں نے تحریری نمائندگی کرتے ہوئے عالمی تلگو کانفرنس کی طرح عالمی اردو کانفرنس حکومت کی جانب سے منعقد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر غلام نبی آزاد نے چیف منسٹر کو اس سلسلہ میں توجہ دلاتے ہوئے اس مطالبہ پر غور کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ عالمی اردو کانفرنس کے سے قبل ریاست کے 15اضلاع جہاں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے ان اضلاع میں اردو اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں اور تمام سرکاری محکمہ جات میں اردو کے مترجمین کے تقررات کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب اردو زبان کو روزگار سے مربوط نہیں کیا جائے گا۔ اردو زبان کے ساتھ ہمدردی کی باتیں صرف زبانی جمع خرچ تک رہ جائے گی۔ اس کیلئے محبان اردو پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نئی نسل کو اردو کی بنیادی تعلیم سے آراستہ کریں۔ اردو زبان کی عمل آوری کیلئے صرف حکومتوں پر انحصار کرنا مناسب نہیں ہے۔

World urdu conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں