مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا مطالبہ مسترد - وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا مطالبہ مسترد - وزیر اعظم

وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج بی جے پی لیڈر یشونت سنہا کے اس مطالبہ کو عملاً مسترد کردیا کہ وہ 2G اسپکٹرم معاملہ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی( جے پی سی) کے سامنے پیش ہوں۔ منموہن سنگھ نے کہاکہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ انہیں کوئی بات چھپانا نہیں ہے۔ جے پی سی کو اس معاملہ میں طلبی کا اختیار ہے۔ یشونت سنہا نے دو روز قبل بحیثیت رکن جے پی سی ایک مکتوب، ڈاکٹر سنگھ کو روانہ کیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ 2G اسپکٹرم الاٹمنٹ(2008) سے متعلق تمام "متعلقہ " دستاویزات جے پی سی کے پاس موجود ہیں۔ "داخلی طورپر یہ فیصلہ کرنا، جے پی سی اور اس کے صدرنشین کا کام ہے کہ کونسے ثبوت اور شواہد طلب کئے جائیں اور کس شخص کو جے پی سی کے سامنے پیش ہونے کیلئے کہا جائے"۔ وزیراعظم نے کہا کہ "شروع ہی سے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو یا مجھے، اس معاملہ میں کوئی بات چھپانا نہیں ہے"۔ "آپ(بی جے پی لیڈر) اس بات سے واقف ہیں کہ تمام متعلقہ ریکارڈو دستاویزات جو حکومت کے پاس موجود تھے، جے پی سی کے اختیار تمیزی پر پہلے ہی جے پی سی کو پیش کئے جاچکے ہیں"۔ سنہا نے وزیراعظم کے نام اپنے مکتوب میں، جے پی سی کے ساتھ ایک تازہ لفظی جنگ چھیڑدی۔ صدرنشین جے پی سی، پی سی چکو نے یشونت سنہا کے مطالبہ کو کل "بکواس" اور "ایک سیاسی ہتھکنڈہ" قرار دے کر مسترد کردیاتھا۔ چکو نے کہاکہ راست طورپر وزیراعظم کے نام سنہا کا مکتوب اور وزیراعظم سے جے پی سی کے سامنے پیش ہونے کی حواہش، مسلمہ اصولوں کے خلاف ہے۔ یشونت سنہا نے جے پی سی کے سامنے وزیراعظم کو پیش ہونے کا مطالبہ کرنے کیلئے سابق وزیر ٹیلی کام اے راجہ کے ایک مراسلہ کو استعمال کیا اور کہاکہ وزیراعظم، اپنے نام کی "صفائی" کیلئے جے پی سی کے سامنے پیش ہوں۔ بی جے پی لیڈر کا استدلال تھا کہ اے راجہ نے "منموہن سنگھ کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے ہیں اور اگر انہیں (منموہن سنگھ کو) کچھ بھی چھپانا نہیں ہے تو وہ، جے پی سی کے سامنے پیش ہونے میں پس و پیش نہ کریں۔ قبل ازیں راجہ، جے پی سی کو یہ ترغیب دینے میں بار بار ناکام ہوئے کہ انہیں بطور گواہ طلب کیا جائے۔ گذشتہ ماہ راجہ نے اپنے مکتوب میں کہا تھا کہ 2G اسپکٹرم الاٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم کو باخبر رکھا گیا تھا۔

PM rejects Yashwant's demand to appear before JPC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں