کرناٹک بی۔جے۔پی حکومت میں اقلیتیں احساس عدم تحفظ کا شکار - منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-30

کرناٹک بی۔جے۔پی حکومت میں اقلیتیں احساس عدم تحفظ کا شکار - منموہن سنگھ

ریاستی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اسے "مس گورننس" اور"کرپشن" سے تعبیر کیا ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ یہاں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ایک ریالی سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ ریاست میں اقلیتیں خود کو غیر محفوظ تصور کر رہی ہیں ۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے کرناٹک کے عوام پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کو مسترد کر دیں جس نے اپنی5سالہ حکمرانی کے دوران ریاست کو جو کبھی ترقی پذیر تھی اسے کئی قدم پیچھے کر دیا اور پچھلی کانگریس حکومتوں کے کئے گئے تمام اچھے کاموں پر پانی پھیر دیا۔ عوام سے کانگریس کے حق میں و وٹ دینے کی خواہش کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ کرناٹک اور اس کا صدر مقام بنگلور عالمی اسٹیج پر ترقی کے ایک ماڈل اور آئی ٹی، بی ٹی، ٹکنالوجی اور سائنس جیسے شعبوں میں ماہر اور ذہین شخصیتوں کا گھر تصور ہوتا ہے ۔ یہ سب سابق میں ریاست میں کانگریس حکومتوں کی جانب سے عملدرآمد اچھی پالیسیوں کی وجہہ سے ممکن ہوا۔ بی جے پی نے اس سب کاموں پر پانی پھیر دیا اور خراب قوانین اور کرپشن کے ساتھ ریاست کو پیچھے ڈھکیل دیا۔ عام آدمیوں کے فائدہ کیلئے نئی اسکیموں کا تنہا آغازکرنا تو کجا، بی جے پی حکومت نے مرکزی فنڈس اور اس کی اسکیموں کا بھی استعمال نہیں کرپاتی جو ریاست کیلئے بطور خاص مختص تھے ۔ ایم جی این آر ای جی اے میں کرپشن واضح مثال ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے بی جے پی پر سماجی بھائی چارہ میں خلل ڈالنے کا بھی الزام عائدک یا جس کیلئے کرناٹک مشہور ہے اور اسے کانگریس کی حکمرانی میں یہ شہرت حاصل ہوئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہاں تین چیف منسٹرس تبدیل ہو چکے ہیں ۔ اور کئی وزراء کو کرپشن اور اقربا نوازی کے سنگین جرائم پر برطرف کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کی وجہہ سے غریب خاندان زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ ریاستی حکومت عوام کو پینے کے پانی اور مناسب برقی کی سربراہی میں بھی ناکام رہی جس کی وجہہ سے چھوٹے کسانوں اور زرعی لیبرس کو شہروں کی جانب نکل جانا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ میں کرناٹک کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی جے پی کو مسترد کر دیں اور کانگریس کو اقتدار پر واپس لائیں ۔ میں آپ کو تیقن دیتا ہوں کہ ہم ریاست اور اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی مساعی کریں گے اور تیز رفتار ترقی اور کرپشن سے پاک انتظامیہ کے ساتھ آگے لے جائیں گے ۔

PM attacks BJP government in Karnataka, says minorities feel insecure in state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں