امریکہ پر بےرحمانہ حملے کی اجازت مل گئی - شمالی کوریا فوج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-05

امریکہ پر بےرحمانہ حملے کی اجازت مل گئی - شمالی کوریا فوج

شمالی کوریا کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اُسے امریکہ پر بے رحمانہ حملوں کی اجازت ملی گئی ہے جن میں ایٹمی ہتھیاروں کا ممکنہ استعمال بھی شامل ہے۔ دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا دھمکیاں دینا بند کرے۔ تاہم امریکہ شمالی کوریا کی جانب سے دی گئی دھمکی کے بعد کوام میں میزائل نصب کرے گا۔ کورین پیپلز آرمی کے جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کو باضابطہ طورپر مطلع کیا جارہا ہے کہ جارحانہ امریکی دھمکیوں کو جدید ترین چھوٹے، ہلکے اور متنوع ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے ناکام بنادیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شمالی کوریا کی فوج کے بے رحمانہ آپریشن کا تجزیہ کرنے کے بعد اس کی توثیق کردی گئی ہے۔ شمالی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ آج کل میں دھماکہ خیز لمحہ تیزی سے قریب آرہا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کورین پیپلز آرمی پوری طاقت سے عملی فوجی جوابی اقدامات کرے گی۔ دوسری جانب وائٹ ہاوس میں قومی سلامتی کے معاملات کی کونسل کی ترجمان کیٹیلن ہیڈن نے اس بیان کو "غیر تعمیری" قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے حالات بہتر بنانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ان اشتعال انگیز بیانات میں سے ایک ہے جو شمالی کوریا کو عالمی برادری سے مزید لے جارہے ہیں"۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے بھی کہا ہے کہ شمالی کوریا جس طرح کی کارروائیوں میں ملوث ہے وہ ایک واضح خطرے کی نشانیاں ہیں۔ شمالی کوریا کی جانب سے یہ تازہ بیان امریکہ کے بحرالکاہل میں اپنے جزیرے گوام میں انتہائی جدید بیلسٹک میزائل نظام نصب کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

North Korea approves 'merciless' attack on US and warns 'war could break out today'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں