دہلی میں ممتا بنرجی کا گھیراؤ - تمام گوشوں سے مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-11

دہلی میں ممتا بنرجی کا گھیراؤ - تمام گوشوں سے مذمت

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اپنے وزیر فینانس امیت مترا کے ساتھ بدسلوکی سے ناراض ہوکر وزیراعظم سے طئے شدہ ملاقات کے بغیر کولکتہ واپس روانہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہاکہ دہلی محفوظ نہیں ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے گھیراؤ اور ان کے رفیق امیت مشرا کے ساتھ دھکم پیل کی آج تمام گوشوں بشمول بائیں بازو کی جانب سے مذمت کی گئی۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے ممتا بنرجی کو فوج کرتے ہوئے کل ان کے خلاف منصوبہ بندی کمیشن کے باہر احتجاج پر افسوس کااظہار کیا۔ ممتا کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ منموہن سنگھ نے ترنمول کانگریس کی سربراہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جنہوں نے کل شام ان سے ملاقات کو منسوخ کردیا ہے۔ مرکزی وزراء منیش تیوار اور کمل ناتھ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی اور تمام سیاسی جماعتوں سے کہاکہ وہ تحمل سے کام لیں۔ وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ نے کہاکہ کل جو کچھ بھی ہوا اس کی مذمت کی جانی چاہئے کیونکہ کسی ریاست کے چیف منسٹر کے ساتھ ایسا رویہ لائق تنقید ہے اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ مغربی بنگال کے انچارج کانگریس لیڈر شکیل احمد نے اس واقعہ اور ریاست میں ترنمول کانگریس کے تشدد کی مذمت کی اور کہاکہ دو غلط مل کر ایک صحیح مثال نہیں بناسکتے۔ سی پی آئی ایم نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی۔ پارٹی پولیٹ بیورو نے کہا کہ اس معاملہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ کل کے احتجاج سے پیدا صورتحال کے جائزہ کیلئے پولیٹ بیورو کا ایک اجلاس ہوگا۔ بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھی ممتا بنرجی سے بات چیت کی۔ اس دوران گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائن نے ممتا بنرجی اور امیت مترا کے گھیراؤ کی مذمت میں شامل ہوتے ہوئے اسے منصوبہ بندی حملہ قراردیا اور کہاکہ سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو کو اس کیلئے معافی مانگنی چاہئے۔ سی پی ایم نے گورنر کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ یہ واقعہ منصوبہ بند تھا۔ پارٹی نے معذرت خواہی کرنے سے انکار کردیا۔ گورنر نارائن نے اس واقعہ کو ملک کے جمہوری اقدار پر دھبہ قرار دیا۔ گورنر نے ایک سخت بیان میں کہاکہ یہ ایک انتہائی بدبختانہ واقعہ ہے اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے۔ اس دوران منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدرنشین مونٹیک سنگھ اہلوالیہ نے ان کے دفتر کے سامنے ہجوم کے ناشائستہ سلوک کیلئے ممتا بنرجی سے معافی مانگی اور کہاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال کے اعادہ کو روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

Ministers condemn attack on Mamata Banerjee, Amit Mitra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں