بہار کے مسلمان اب دھوکہ نہیں کھائیں گے - لالو پرساد یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-02

بہار کے مسلمان اب دھوکہ نہیں کھائیں گے - لالو پرساد یادو

سابق مرکزی وزیر اور راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ لوک سبھا کے آئندہ انتخابات میں اس بار مسلمانوں کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا اور پوری طرح آر جے ڈی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں آر ایس ایس کی افواہ پھیلاؤ مشنری نے یہ افواہیں پھیلادی تھیں کہ مسلمان کانگریس کی طرف جارہا ہے اور اس افواہ گمراہ ہوکر مسلم ووٹ ادھر ادھر منتشر ہوگیا جس کی وجہہ سے ریاست میں راشٹریہ جنتادل کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ لالو پرساد یادو نے کہاکہ بہار کے عوام کو اب احساس ہوگیا ہے کہ ریاست میں جنتادل (یو) اور بی جے پی کے اتحاد کو ووٹ دے کر انہوں نے غلطی کی تھی۔ مسٹرلالو پرساد یادو شاہی امام مولانا سید احمد بخاری کے بیٹے سید ارحم بخاری کی منگنی کی تقریب کے موقع پر یو این آئی سے بات کررہے تھے۔ اس تقریب میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو، دہلی کی وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت، مرکزی وزیر کپل سبل، درج فہرست طبقات کمیشن کے صدرنشین پی ایل پونیا، ممتا بنرجی کے نمائندہ سابق مرکزی وزیر سلطان احمد، سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر، دہلی کے وزیر ڈاکٹر اشوک سمیت متعدد سفارت کار اور زندگی کے ہر شعبے کی ممتاز شخصیات شریک تھیں۔ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کو مودی نواز بتاتے ہوئے مسٹر لالو پرسادیادو نے کہاکہ جنتادل (یو) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کی بی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سال 2002ء میں جس وقت گجرات میں مسلمانوں کو مارا جارہا تھا، مسٹر نتیش کمار دہلی میں این ڈی اے حکومت کے وزیر تھے۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر نتیش کمار سیکولرازم کی بات کرتے ہیں۔ گجرات فساد کے دوران ان کا سیکولرازم کہاں چلایا گیا تھا۔راشٹریہ جنتادل کے سربراہ نے کہاکہ تمام سیکولر طاقتوں کو متحد ہوکر آر ایس ایس اور بی جے پی کی اس سازش کو ناکام بنانا چاہئے جو وہ ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔

Lalu prasad yadav on muslims concern

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں