افغانستان اور پاکستان میں زلزلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-25

افغانستان اور پاکستان میں زلزلہ

افغانستان کے کئی علاقے آج دوپہر ایک زلزلہ سے دہل کر رہ گئے جس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے نے یہ اطلاع دی اور بتایاکہ شدید مابعد جھٹکے کابل اور پڑوسی ملک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی محسوس کئے گئے۔ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق یہ زلزلہ دوپہر 2:55 پر آیا۔ اس کا مبدا، افغانستان کے شمالی شہر جلال آباد سے 25 کلو میٹر دور شمال مغرب میں، سرحد پاکستان کے قریب تھا۔ جلال آباد میں 17افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ شمالی ہند میں بھی زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ، زمین میں 6.5 کیلو میٹر گہرائی میں آیا۔ افغانستان سے جانی و مالی نقصان کی فوری کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے بتایاکہ نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے حکام، اطلاعات اکٹھا کررہے ہیں۔ جلال آباد کے باہر، ضلع کاما میں لوگ اپنے کچے مکانات سے دہشت زدہ ہوکر باہر دوڑ پڑے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یہ زلزلہ "بہت طاقتور تھا۔ ایک موضع میں مکانات کی دو دیواریں منہدم ہوگئیں"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ افغانستان زلزلوں سے بار بار متاثر ہوا ہے بالخصوص کوہ ہندو کش کا علاقہ جو یوریشیائی اور ہندوستانی علاقوں کے موڑ کے قریب ہے، زلزلوں سے متاثر رہا ہے۔ جون 2012ء میں اس علاقہ میں 2 زلزلوں سے مٹی کے تودے کھسکنے کے باعث کم ازکم 75 دیہی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ آج محسوس کئے گئے جھٹکوں سے ایک ہفتہ قبل یعنی 16اپریل کو ایران میں 7.8 درجہ شدت کے زبردست زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیاتھا۔ پاکستان کے دور دراز شمال مشرقی علاقہ میں اس زلزلہ سے 41 افراد ہلاک اور ہزاروں متاثر ہوگئے تھے۔ اسی دوران سری نگر سے یو این آئی کے بموجب وادی کشمیر بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر کے علاقے آج ایک زلزلہ سے دہل کر رہ گئے جس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایاکہ آج دوپہر 2:27 بجے آئے اس زلزلہ کے جھٹکے کئی سکنڈس تک محسوس کئے گئے۔

Earthquake kills 7 in Afghanistan, tremors felt in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں